Advertisement

مجرموں کے خلاف آپریشن کی حقیقت-مسعود انور

مجرموں کے خلاف آپریشن کی حقیقت
مسعود انور

http://www.masoodanwar.com

[email protected]

کراچی سمیت پورا ملک اس وقت بدامنی کی شدید لپیٹ میں ہے۔ روز ٹرینوں پر حملے ہورہے ہیں، پولیس و رینجرز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، دن دہاڑے قتل کیا جارہا ہے، اغوا کیا جارہا ہے، بھتہ وتاوان اب روز مرہ کے معمولات میں شامل ہوچکا ہے۔ پیر کو ہی کراچی میں دس افراد کو قتل کردیا گیا جس میں ممتاز ڈاکٹر جاوید قاضی بھی شامل ہیں۔ کراچی کے لوگ بالخصوص اور پورے ملک کے لوگ بالعموم ایک خوف کی چادر میں سانس لے رہے ہیں۔

روز حکومت مجرموں کی سرکوبی کا اعلان کرتی ہے اور روز ہی یہ مجرم حکومت کو منہ چڑاتے ہوئے اپنی کارروائی کرگذرتے ہیں۔ آخر یہ
مجرم ہیں کون کہ کسی طرح قابو ہی نہیں آرہے۔ کیا انہوں نے سلیمانی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔

کراچی میں قاتلوں کے یہ گروہ مختلف سیاسی جماعتوں، لسانی جتھوں یا جہادی تنظیموں کی پناہ لیے ہوئے ہیں ۔ ان ہی سیاسی جماعتوں، لسانی جتھوں یا جہادی تنظیموں کے نام پر ہی لوگوں کو دن دہاڑے اغوا کرکے لاکھوں سے کروڑوں کے درمیان تاوان وصول کیا جارہا ہے، ماہانہ بھتے کی وصولی بھی جاری ہے اور قتل کا میدان بھی گرم ہے۔یوں تو رینجرز اور پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن بھی جاری ہے مگر اس کا نتیجہ روز صبح کے اخبارات میں دیکھا جاسکتا ہے۔

ساری پولیس فورس اور رینجرز کا ایک ہی محبوب مشغلہ ہے اور وہ ہے روز لیاری میں چھاپے مارنا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ لیاری گینگ وار کے لوگ تاوان و بھتے کی وصول شدہ رقم کسی بینک میں نہیں رکھتے۔ چھاپوں اور سرچ آپریشن کے دوران قانون کے ان اہلکاروں کو موٹی رقم ملتی ہے جو خاموشی سے آپس میں تقسیم کرلی جاتی ہے۔ اس کے بعد سارے کام ویسے کے ویسے ہی جاری رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ روز کراچی کی سڑکوں پر اسنیپ چیکنگ کے نام پر اہل کراچی کو سرعام لوٹا جاتا ہے۔ اس ٹارگیٹیڈ آپریشن کا اس کے علاوہ کچھ اور فائدہ ہوا ہو تو کوئی بتائے۔

ایک طرف تو کراچی میں آپریشن ہورہا ہے تو دوسری جانب ریاست ہی ان مجرموں کی سرپرستی کررہی ہے۔ اگر ریاست ان مجرموں کی سرکوبی میں اتنی ہی دلچسپی رکھتی ہے تو اسے عمران فاروق کے قتل میں نامزد دو ملزمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کو دینے سے انکار کیوں ہے، اگر یہ ریاست ان قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہتی ہے تو کراچی میں انہیں محفوظ پناہ گاہیں کیوں فراہم کی ہوئی ہیں۔ سیدھی سی بات یہ ہے کہ کراچی کیا پورے پاکستان میں تمام دہشت گرد تنظیموں کی یا تو پاکستان ہی کوئی ایجنسی پرورش و پرداخت کررہی ہے یا پھر اس کی سرپرستی سی آئی اے یا پھر اس کی کوئی سسٹر تنظیم کررہی ہے۔


چلیں ایک منٹ کو تسلیم کرلیتے ہیں کہ یہ ساری تنظیمیں را، موساد ، سی آئی اے ، کے جی بی یا پھر ایران سے آپریٹ ہورہی ہیں۔ مگر وہ انہیں کس طرح کنٹرول کررہی ہیں۔ اس کے لیے ان تمام ایجنسیوں کے ہینڈلر یا تو مختلف این جی اوز کے روپ میں پاکستان میں موجود ہیں یا پھر امریکا یا کسی یوروپی ملک سے بزنس کے نام پر لامتناہی ویزے پر پاکستان میں مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ بلیک واٹر جس کا نام بدل کر اب اکیڈمی رکھ دیا گیا ہے، کے ہزاروں ریمنڈ ڈیوس بھی براہ راست پورے پاکستان میں مقیم بھی ہیں اور بھرپور طریقے سے فعال بھی۔ یہ سب کے سب اپنے آلہ کاروں کا بلا روک ٹوک لامتناہی فنڈز بھی فراہم کررہے ہیں اور اسلحہ بھی۔

اب تو یہ بات راز میں نہیں رہی کہ پاکستان سے افغانستان جانے والا ناٹو کا اسلحہ ہی ان تمام دہشت گردوں کو اسلحہ کی فراہمی کا ذریعہ رہا ہے۔ منگل کے روزنامہ جنگ کے صفحہ اول کی ہی ایک خبر کے مطابق لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ میں کی جانے والی پولیس و رینجرز کی ایک مشترکہ کارروائی میں ناٹو فورسز کا اسلحہ بھاری تعداد میں برامد کیا گیا ہے۔

اب دیکھئے کہ پاکستانی حکومت نے ناٹو کی اسلحہ سپلائی کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے، بلیک واٹر کے مجرموں کی گرفتاری کے لیے کتنے پاپڑ بیلے یا پھر این جی اوز کی سرگرمیوں کو کتنا روکا گیا۔ اگر ہم ان تینوں سوالات کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی حکومت نے تو الٹا ان سرگرمیوں میں تعاون کا مظاہرہ ہی کیا ہے۔ ناٹو سپلائی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی اور وہ بھی مفت ۔ بلیک واٹر کے مجرموں کو پاکستان میں داخلے ، غیر قانونی رہائش اور بلاروک ٹوک ہر طرح کی سرگرمیوں میں مصروف رہنے میں ہر طرح سے سہولت فراہم کی۔ یہی صورت حال این جی اوز کے ساتھ رہی۔ ان این جی اوز کو پورے پاکستان میں بلا روک ٹوک ہر طرح کی سرگرمیوں کی بھرپور اجازت دی گئی اور پھر کہا گیا کہ یہ ملک کی خدمت کررہے ہیں۔

اب جب مجرموں کو ہر طرح سے سہولت فراہم کی جائے، اول تو انہیں گرفتار ہی نہ کیا جائے اور اگر کسی طرح گرفتاری عمل میں آجائے تو ان مجرموں کی سرپرست تنظیموں کواس امر کی بھرپور آزادی جائے اور تحفظ فراہم کیا جائے کہ وہ گواہوں کو ڈرا دھمکا کر منحرف کردیں یا پھر مار ہی دیں۔ اگر کسی طرح چند مجرموں کو کسی نہ کسی طرح سزا ہو بھی جائے تو انہیں جیل میں شاہانہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور انہیں انٹرنیٹ اور موبائل فون کے ذریعے اپنا نیٹ ورک پوری طرح سے چلانے کی آزادی و سہولت فراہم کی جائے۔جیل میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی زندگی گذارنے والے سزایافتہ مجرموں کو موقع ملتے ہی پیرول پر رہا کردیا جائے۔

اب بتائیے کہ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے ہر طرح سے ملکی و غیر ملکی مجرموں کی بھرپور سرپرستی کررہے ہوں، ہر طرح کی ہر ممکن و ناممکن مدد فراہم کررہے ہوں اور پھر اس کے بعد کہا جائے کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ نواز شریف و چودھری نثار خم ٹھونک کر اعلان کریں کہ مجرموں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا تو اس کا مطلب کیا لیا جائے۔ اس کا ایک آسان سا مطلب یہی ہے کہ یہ سارے کردار غیرملکی آقاوٴں کی کٹھ پتلی ہیں اور ان ہی کے اشارے پر ناچ رہے ہیں۔ انہیں پاکستان یا پھر پاکستانی عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہیں دلچسپی ہے تو اس امر سے کہ وہ اسکرپٹ میں اپنا دیا گیا کردار کتنے خوبصورت اور بھرپور طریقے سے ادا کرتے ہیں تاکہ ان کا محنتانہ انہیں مل سکے۔

جرم ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مجرموں کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، ان کو فنڈز اور اسلحہ کی فراہمی روکی جائے ۔ مگر ایسا ہونا ناممکن ہے کیوں کہ عالمی سازش کاراس خطہ میں امن نہیں چاہتے۔ جو ان سیاستدانوں اور بیوروکریسی کے آقا ہیں وہی ان مجرموں کے بھی آقا ہیں۔ یہ سب آپس میں پیر بھائی ہیں۔ اس دنیا پر ایک شیطانی عالمگیر حکومت کے قیام کی سازشوں سے خود بھی ہشیار رہئے اور اپنے آس پاس والوں کو بھی
خبردار رکھئے۔ ہشیار باش۔

http://masoodanwar.wordpress.com/2014/02/18/the-real-face-behind-the-crackdown-in-karachi/
​
 
Last edited by a moderator:
Advertisement