- Joined
- Feb 10, 2020
- Posts
- 6,444
- Reaction score
- 5,189
- Points
- 178
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی منتظم ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست ایڈووکیٹ جبران ناصر کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے 23 فروری کو ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی۔ یہ مقدمہ کوئٹہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ تھانے میں درج ایف آئی آر سے متعلق ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 6 جنوری کو درج مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، جن کا نام 23 اکتوبر 2024 کے سرکاری نوٹیفکیشن کے تحت انسداد دہشت گردی ایکٹ کی فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا، مطلوبہ پیشیوں سے غیر حاضر رہیں اور عوامی احتجاج اور دھرنوں میں شرکت جاری رکھی۔
مزید یہ بھی الزام لگایا گیا کہ وہ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کی سہولت کاری میں ملوث تھیں۔ ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 11-ای ای اور 11-F کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو ابتدائی طور پر 22 مارچ کو گرفتار کر کے مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لیا گیا تھا، جس میں بعد ازاں مزید دو بار توسیع کی گئی۔ تیسری مدت ختم ہونے سے قبل انہیں ایک اور مقدمے میں حراست میں لے لیا گیا۔
موجودہ کیس میں انہیں 21 اگست 2025 کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا، حالانکہ وہ پہلے ہی مسلسل حراست میں تھیں۔ اس سے قبل 12 جون کو انہوں نے اپنی نظر بندی اور اس سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ کے 22 مئی کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل دائر کی تھی۔
درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے





