پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے ابتدائی 11 ماہ (جولائی 2024 تا مئی 2025) کے دوران ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر 1.21 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی 2025 میں اپریل کے مقابلے میں صنعتی پیداوار میں 7.39 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیاد پر (مئی 2024 کے مقابلے مئی 2025) 2.29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تاہم سال بھر کے دوران متعدد صنعتی شعبے نمایاں تنزلی کا شکار رہے۔ جولائی 2024 سے مئی 2025 تک فرنیچر کی پیداوار میں 58.09 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ شوگر انڈسٹری کی پیداوار 14.30 فیصد گھٹ گئی۔
اسی عرصے میں مشینری اور آلات کی پیداوار میں 35.41 فیصد، فیبریکیٹڈ میٹیریل میں 15.30 فیصد، اور الیکٹریکل آلات کی پیداوار میں 12.74 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
فوڈ سیکٹر کی پیداوار بھی 2.32 فیصد کم ہوئی، جبکہ کیمیکل مصنوعات کی پیداوار میں 4.06 فیصد کی گراوٹ سامنے آئی۔
دوسری جانب بعض شعبوں نے بہتری کا رجحان دکھایا۔ رپورٹ کے مطابق آٹوموبائل کی پیداوار میں 43.94 فیصد، ٹیکسٹائل شعبے میں 2.79 فیصد اور کوک و پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.74 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تمباکو کے شعبے میں بھی 8.85 فیصد نمو ہوئی۔
Advertisement





