Advertisement

مافیا کی چیخیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی پیش گوئی

تحریر : نوراللہ صدیقی
مافیا کی چیخیں اور ڈاکٹر
طاہرالقادری کی پیش گوئی

اور جماعتوں کے بہت لوگ پکڑے گئے ہیں مگر چیخیں صرف ن لیگ والوں کی نکل رہی ہیں اور اب وہ ”شیر“ بننے کی بجائے گیدڑوں کو شرمندہ کررہے ہیں،صوبائی وزیر سبطین خان بھی گرفتار ہیں، ان پر بھی سنگین الزام ہے، حالانکہ کوئی صوبائی وزیر اپنے دستخطوں سے کوئی ٹھیکہ لے سکتا ہے نہ دے سکتا ہے،

صوبائی وزیر تو اپنے دستخطوں سے اپنے ہی محکمے میں کسی ہیلپر سطح کے ملازم کو نوکری دے سکتا ہے نہ نوکری سے نکال سکتا ہے، کسی بھی محکمہ کا سیکرٹری جملہ اختیارات کا حامل ہوتا ہے، حکومتی نقطہ نظر سے سبطین خان کی گرفتاری اہم ترین ایشو ہے مگر اس پر بطورسیاسی جماعت تحریک انصاف نے کوئی شور نہیں مچایا،نہ نیب کو دھمکیاں دیں،نہ جلاؤ گھیراؤ کی بات ہوئی، سبطین خان اپنے اوپر عائد الزامات کا سامنا کررہے ہیں، عدالتیں اور قانون موجود ہیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

اسی طرح تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی اور عمران خان کو اپوزیشن لیڈر بنانے اور پھر وزیراعظم کی کرسی تک بٹھانے میں عبدالعلیم خان، ان کے مالی وسائل اور افرادی قوت نے مرکزی کردار ادا کیا، عبدالعلیم خان بھی گرفتار ہوئے اس کے باوجود تحریک انصاف نے آسمان سر پر اٹھایا اور نہ چیخ و پکار کی، عمران خان کا ایک بیان بھی عبدالعلیم خان کے حق میں نہیں آیا،

عبدالعلیم خان نے قانونی پراسیس کو فالو کیا اور پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار وزراء نے الزامات عائد ہونے پر وزارتوں سے استعفے دئیے اور خود کو قانون کے حوالے کیا حالانکہ زیادہ دیر اور دور کی بات نہیں ن لیگ کے دور حکومت میں وزراء پر سنگین الزامات لگے مگر جواب دینے کی بجائے اداروں کو دھمکیاں دی گئیں اور وزراء کو حکومت نے تحفظ دیا، اس کی ایک بڑی مثال رانا مشہود صاحب ہیں،

رانا مشہود پر پنجاب یوتھ فیسٹیول کے نام پر قومی خزانے کے کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کا کیس بنا مگر شہباز شریف نے اسے کسی انکوائری ٹیم کے حوالے کرنے کی بجائے اس کا تحفظ کیا، رانا مشہود آج بھی یوتھ فیسٹیول کے غبن میں نیب کو مطلوب ہیں اور کسی بھی وقت ان کی گرفتاری عمل میں آسکتی ہے، اسی طرح رانا مشہود کی ایک فوٹیج منظر عام پر آئی جس میں وہ فیوچر کنسرن کمپنی کے مالک عاصم سے ان کے دفتر میں بیٹھ کر بھاری رقم وصول کررہے ہیں۔

اس واقعہ کی فوٹیج تمام ٹی وی چینل پر چلی اور سب ن لیگ کے اپنے دور حکومت کی بات ہے مگر میاں شہباز شریف نے اپنے وزیر سے کوئی سوال نہیں کیا بلکہ سوال اٹھانے والوں کو شٹ اپ کال دی، ایک موقع پر میاں شہباز شریف بطور وزیراعلیٰ فیصل آباد گئے تو وہاں ایک خاندان کے چند افراد وزیراعلیٰ کی گاڑی کے سامنے لیٹ گئے ان کا موقف تھا کہ رانا ثناء اللہ اور ان کے داماد نے ان پر تشدد کروا کر اور مختلف مقدمات میں پھنسا کر ان کی جائیداد ہتھیا لی ہے، وزیراعلیٰ نے انکوائری کروانے کا لالی پاپ دے کر جان چھڑائی مگر آج کے دن تک اس انکوائری کی رپورٹ نہیں آئی،

ن لیگ فیصل آباد کے مرکزی رہنما اور میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے قریبی عزیز چودھری شیر علی نے پریس کانفرنس کر کے الزام لگایا رانا ثناء اللہ نے درجنوں شہریوں کو قتل کروایا مگر میاں شہباز شریف نے اس پر رانا ثناء اللہ کو انکوائری کروانے کی تکلیف بھی دینا گوارہ نہ کیا، 2010 ء میں جب شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب بنے لاہور میں ن لیگ چھوڑ جانے والے تاجروں کے پلازے گرانے کی مہم شروع کی گئی اور لاہور بھر میں پلازے گرانے شروع کر دئیے گئے، شہباز شریف کسی نہ کسی شکل میں ق لیگ کو سپورٹ کرنے والے تاجروں کو سبق سکھانا چاہتے تھے، لوہاری، مین مارکیٹ، مون مارکیٹ، شاہ عالمی مارکیٹ، لبرٹی مارکیٹ، انارکلی مارکیٹ اور معروف مارکیٹوں کے پلازے اس طرح گرائے گئے جیسے زلزلہ سے تباہی ہوتی ہے،

یہ ”لاہور ڈھاؤ“ مہم اس وقت رکی جب رانا ثناء اللہ کا پلازہ بھی تجاوزات کی زد میں آگیا اور وہ اس کی تعمیر کا قانونی جواز فراہم نہ کر سکے، رانا ثناء اللہ کے مزنگ اڈا لاہور کے قریب واقع پلازے کو بچانے کیلئے پلازہ گراؤ مہم روک دی گئی، اسی طرح ن لیگ کے درجنوں اراکین اسمبلی پر 2008 ء سے لیکر 2018 ء تک سنگین الزامات لگے مگر حکومت نے ہر مجرم ایم پی اے کو اپنے حصار میں لے لیا، یعنی جرم اور مجرم کو تحفظ دینا ن لیگ کی اعلانیہ پالیسی رہی ہے، اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ن لیگ کی مرکزی قیادت خود جرائم میں ملوث تھی،

اس لیے اچھائی اور برائی کا ن لیگ کے سیاسی تنظیمی کلچر میں کوئی فرق نہیں تھا، قاتل اور ظالم بزدل ہوتا ہے اس کی عملی تصویر ہم نواز شریف،شہباز شریف، مریم نواز کے معاملات میں دیکھ سکتے ہیں، یہ جیسے ہی گرفتار ہوتے ہیں چیخیں مارنا شروع کر دیتے ہیں کبھی دوائی کے نام پر، کبھی روٹی کے نام پر،کبھی بیماری کے نام پر،کبھی علاج کے نام پر باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف نے ایک ماہ بھی ”ٹک“ کر جیل میں نہیں گزارا، حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ اس بار این آر او نہیں ہے اس کے باوجود وہ روز ماتم کرتے ہیں کہ ”مجھے باہر نکالو“ رانا ثناء اللہ کے جرائم کی ایک لمبی فہرست ہے۔


وہ منشیات کیس میں پکڑے گئے ہیں تو یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں ہے،جو شخص درجنوں افراد کو قتل کروا سکتا ہے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے، ویسے بھی اینٹی نارکوٹکس فورس ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ قومی ادارہ ہے، یہ آزادانہ کام کرتا ہے اور آج کے دن تک اس ادارے کی کسی کارروائی پر انگلی نہیں اٹھی، رانا ثناء اللہ کو 15کلو ہیروئن سمیت گرفتار کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے، یہ نارکوٹکس فورس کیلئے بذات خود ایک بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان میں عدالتیں آئین و قانون کے تحت کام کررہی ہیں، آخر کار یہ کیس کسی نہ کسی سٹیج پر اعلیٰ عدلیہ کے سامنے آناہے، ٹرائل کورٹ سے لے کر ایپلٹ کورٹ تک رانا ثناء اللہ کو پسند کے وکلاء کی مدد حاصل ہو گی اور انہیں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا پورا موقع حاصل ہو گا مگر عدالتی فیصلوں سے قبل اپوزیشن کو اپنی عدالتیں لگانے کی ہر گز اجازت نہیں ہے،

اب رانا ثناء اللہ پکڑے گئے ہیں تو ان کی 36سو بیماریاں بھی سامنے آجائیں گی، کوئی کہے گا وہ دل کے مریض ہیں،کوئی کہے گا وہ شوگر کے مریض ہیں، کوئی کہے گا انہیں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی جارہی، یہ بزدل اب چیخیں گے اور ایک ایک کر کے بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کرینگے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ شریف برادران اور ان کے حواریوں کے عبرتناک انجام کی نشاندہی کر چکے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ ان کی چیخیں آسمان تک جائیں گی، سو پیاز اور سو جوتوں والا وہ منظر ہم دیکھ رہے ہیں۔بہرحال ریاست کو اب اپنی رٹ یقینی بنانا ہو گی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں، منشیات فروشوں،رسہ گیروں اور قبضہ مافیا کو ان کے انجام تک پہنچانا ہو گا۔
​
 
Last edited by a moderator:
Jab say Ghar ka khana band howa hai ..... Sab choroN ko Naani yaad aa gayee hai .... in ka sara Zor khanay per hai ...chaihay for Khana ho ya quom ka paisa ... ?