- Joined
- Jan 7, 2017
- Posts
- 1,738
- Reaction score
- 532
- Points
- 113
ماری چھوریاں چھوروں سے کم ہیں کے؟؟؟؟؟
گرسلورجیتی تو آج نہیں تو کل لوگ تنے بھول جاویںگے، جے گولڈجیتی مثال بنڑھ جاوے گی۔ اورمثالیں دی جاتی ہیں بیٹا، بھولی نہیں جاتیں۔
عامرخان حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم دنگل میں یہ نصیحت اپنی بیٹی کوکرتاہے۔ فلم میں گیتا اور ببیتا دوبہنیں ہیں۔ عامرخان کے گھرلڑکا نہ ہونے کی وجہ سے کافی مایوسی چھائی ہوتی ہے کیوںکہ عامرخان اپنے بیٹے کوریسلنگ کاعالمی چیمپیئن بناناچاہتاتھا مگرلڑکااس کے نصیب میں نہیں تھا۔ پھرایک دن اس کی بیٹیاں گیتااوربابیتامحلے کے لڑکوں کودھو آتی ہیں جس کے بعدعامرخان کے دماغ میں یہ فطورآتاہے کہ رے جے بات تو مارے دماغ میں آئی ہی نہیں کہ میڈل تو میڈل ہوتا ہے، چاہے چھوری لاوے جے چھورا۔ اسی دن سے عامرخان اپنی بیٹیوں کوپہلوان بنانے کی تیاریاں شروع کردیتاہے۔ شروع شروع میں لڑکیاں اپنی فطرت کی وجہ سے شرماتی ہیں مگرجلد ہی باپ کے زیرسایہ پرورش پانے کی وجہ سے بیٹیاں بھی باپ جیسی ہوجاتی ہیں۔ اسی طرح فلم آگے بڑھتی ہے فلم نے اب تک تقریبا تمام سابقہ ریکارڈتوڑدیئے ہیں، کھڑکی توڑنمائش جاری ہے۔
دلچسپ باتیں اس وقت سامنے آتی ہیں جب انٹرنیٹ پرآپ فلم کے ایکسٹرا شارٹ دیکھیں، ان میں فلم میں کام کرنے والی اداکاراؤں نے بتایاہے کہ ہم نے اس فلم کے لیے 6 مہینے کشتی کی تربیت حاصل کی اورہم ہفتے میں 6 دن تربیت حاصل کرتی تھیں۔ ایک اداکارہ نے بتایاکہ شروع شروع میں تربیت اتنی سخت تھی کہ ہم صبح اٹھ کرکہتے تھے کہ ہم جاگ کیوں گئے، ہم مرکیوں نہیں گئے؟
مگرسخت دردتکلیف کے باوجود ہم نے صبرکیااورکسی کواپنے دردکانہیں بتایاکہ کہیں ایسانہ ہوکہ ہمیں فلم دنگل سے نکال دیاجائے۔ لڑکیوں نے یہ درد کیوں برداشت کیا اس پر آگے چل کر بات کریں گے۔
اسی طرح ایک کم عمر اداکارہ نے دوران انٹرویو بتایاکہ میں گھر میں کوئی کام نہیں کرتی تھی بس بیٹھی رہتی تھی مگرمجھے فلم کے لیے سخت محنت کرنی پڑی ہے۔ ایک اداکارہ نے توبہت عجیب بات کہی، اس نے کہا کہ میں اسکول پڑھنے گئی ہوئی تھی واپس آئی تومجھے میری ماں نے کہا کہ تمہارے لیے فون تھاتمہیں اداکاری کاامتحان دینے بلایاہے۔ماں نے انگریزی میں کہا کہ کیا تم اس قابلیت کی حامل ہوکہ تم عامرخان جیسے عظیم فنکار کے ساتھ کام کرو؟
اب کچھ بنیادی سوالات کی طرف آجاتے ہیں۔یہ اداکار،فنکار،موسیقار،ماڈل کون ہوتے ہیں؟ یہ پیشے کب عزت کے قابل سمجھے جانے لگے؟ ان پیشوں میں کب پڑھے لکھے اورشریف گھروں کے بچے بچیاں شامل ہوئے؟ یہ سوالات اہمیت کے حامل ہیں.
17ویں صدی میں جب برطانوی فلسفی اورماڈرن ازم کے بانیوں میں شمارکیاجانے والا جان لاک نے ٰیہ خیال دنیاکے سامنے پیش کیاکہ میراجسم میری ملکیت ہے۔ توفلسفے کی دنیامیں ایک ہنگامہ برپاہوگیاتھا۔اس جان لاک نے خیال پیش کیاکہ کیونکہ خداکااب (نعوذبااللہ)وجود نہیں رہا اس لیے میں خود اپنا خدا ہوں کیونکہ میں سوچتا ہوں میرے پاس عقل ہے لہٰذا میں اپنا اچھا برا خود تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں ۔
اسی علمیت کی بنیاد پر آج امریکا اور یورپ میں طوائف کو جنسی کارکن
کانام ملا ہے۔ جب جسم میری ملکیت ہے تو میں اپنا جسم کسی کو بھی بیچ دوں،کسی کو تحفے کے طور پر دوں ،یا کسی کو کرائے پر دوں ،کوئی کون ہوتا ہے مجھے بتانے سمجھانے اور روکنے والا ؟
یہیں سے جو سلسلہ چلا تو اس کی انتہاءکے قریب قریب زمانے میں ہم اور آپ زندہ ہیں۔ آج اسی فلسفے اور عقیدے کے نتیجے میں برطانیہ میں ماں کا دودھ ایک اونس، ایک پاؤنڈ میں بک رہا ہے۔ ماں کے دودھ کی پنیربن رہی ہے۔ یہ مائیں جو اپنا دودھ مارکیٹ کو بیج رہی ہیں یہ کون ہیں ؟ یہ غریب فقیر نہیں ہیں بلکہ یہ خواتین زیادہ پیسہ کمانے زیادہ دنیا کا مزہ لینے زیادہ سہولتیں لینے کے لیے اپنا جسم نہیں ،بلکہ اس سے بڑھ کر اپنا دودھ تک فروخت کررہی ہیں۔
ہر وہ چیز جو بک سکتی ہے، وہ فروخت ہوگی۔ یہ اس تہذیب اس تاریخ، اس معاشرت ، اسی علمیت کا نقطہء عروج ہے کہ ریاستیں طوائفوں سے ٹیکس لیتی ہیں، طوائفوں کی کمائی کھاتی ہیں،
مائیں کرائے پر اپنی کوکھ دیتی ہیں دواجنبیوں کا بچہ کوئی تیسری عورت اپنے پیٹ میں لیے گھومتی ہے،
مائیں بڑے بڑے اسٹوروں پر اپنا دودھ فروخت کررہی ہیں۔یہ ہے ترقی یافتہ دنیا، یہ ہے آزادی، یہ ہے مساوات، یہ ہے پڑھے لکھوں کی دنیا۔ یہ طنز نہیں ہے یہ ایک پوری علمیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دنیا سے آپ کو متعارف کروارہا ہوں، اس علمیت کے ماننے والوں کو ہمارے یہاں اب تک لوگ ہندو، عیسائی ، یہودی، کے ناموں سے پکارتے ہیں حضرت یہ سرمایہ دار ہیں عیسائی یہودی اور کچھ کچھ مسلمان بھی کب کے مرگئے سترھویں صدی میں۔ اب صرف پیسہ، مال دولت اور سرمایہ ،زندگی میں آپ کی عزت کا تعین کرتے ہیں۔
میرا سوال ان دو نمبر لبرل اور سیکولر آنٹیوں سے ہے کہ وہ دنگل میں کام کرنے والی گیتا ، بابیتا کے اس اعترافی بیان کے بعد کہ ہمیں کشتی سیکھنے کے دوران اتنا درد ہوتا تھا کہ ہم کہتی تھیں ہم مر کیوں نہیں جاتیں ۔۔۔۔۔۔اس پر کوئی احتجاج کیوں نہیں کررہی ہیں ؟
اس پر میڈیا بھی خاموش ہے، کیوں؟ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اس پر احتجاج نہیں کررہی ہیں ؟ان کی خاموشی کس وجہ سے ہے ؟
دراصل ان سوالات کے جواب میں سترھویں صدی کے بعد کا عقیدہ آزادی چھپاہوا ہے ۔ یہ سب اس لیے احتجاج نہیں کررہے ہیں کیونکہ گیتا اور بابیتا درد پیسوں کے لیے برداشت کرتی رہی ہیں اور پیسے کے لیے درد برداشت کرنا آج کی دنیا میں جائز ہے۔ یہ گیتا اور بابیتا کا خود انتخاب کیا ہوا خیر ہے یہ ان کا اپنی مرضی سے کیا جانے والا فیصلہ ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس کے عوض ان کو بہت سارے پیسے ملے ہیں، اس لیے یہ ظلم ناانصافی اور جبر کے زمرے میں نہیں آئےگا۔
البتہ عورت کا اپنے شوہر کے ساتھ کھیتوں میں کام کرنا یا کسی بھٹہ مزدور کی بیوی کا شوہر کے ساتھ بھٹے پر کام کرنا آج کی جدید دنیا کی نظر میں اور انسانی حقوق کے عالمی منشور کی روشنی میں جبر ہے اور زبردستی ہے۔ اگر متعلقہ خواتین کہہ بھی دیں کہ ہم رضامندی کے ساتھ اپنے شوہروں کا ہاتھ بٹاتی ہیں تو انسانی حقوق کا عالمی منشور اور NGOs کہیں گی کہ یہ عورت دراصل شعور نہیں رکھتی کہ اس کے ساتھ کیسا ظلم کیا جارہا ہے ، کیونکہ یہ پڑھی لکھی نہیں ہے یہ اپنے حقوق جانتی نہیں ہیں اس لیے ایسی خواتین کی تعلیم کا بندوبست کیا جائےگا۔ شائستہ واحدی جو کہ مشہور صبح کا شو کرنے والی اداکارہ ہے وہ اپنے انٹرویو میں کہتی ہیں کہ میں روزانہ 2 گھنٹے میک اپ کرواتی ہوں اور پھر 2 گھنٹے لگتے ہیں اس میک کو اتارنے میں، کیا یہ آزادی ہے؟ اس کو عورت کی آزادی کہتے ہیں ؟ اگر یہ کام شائستہ واحدی سے اس کا شوہر کرنے کو کہتا کہ تم روز میرے لیے 2 گھنٹے تیار ہونے میں لگایا کرو تو یہ ظلم ہوتا، اس کا شوہر نفسیاتی اور وحشی درندہ کہلاتا، لیکن سرمائے کی خدمت کے لیے کیا جانے والا عمل پروفیشنل ازم کہلائے گا؟؟؟؟
گیتا اور بابیتا سے دنگل فلم کے لیے جتنی محنت کروائی گئی وہ جدید علمیت کی روشنی میں جائز ہے، لیکن کراچی یونیورسٹی کی کسی ایم اے پاس لڑکی کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاؤں میں فصل کاٹنا ظلم وزیادتی جبر اور سسرال والوں اور شوہر کا تشدد ہوگا۔۔ آج کی جدید دنیا میں یہ ظلم وجبر اور درندگی کہلائے گا۔
مگر اسلامی علمیت اسلامی تہذیب میں یہ قربانی کہلائے گا، کیونکہ ہماری علمیت میں عورت اور مرد دونوں قربانیاں دیتے ہیں، دونوں گاڑی کے دو پہیے ہیں جس کے نتیجے میں معاشرے میں ان کے حقوق پیدا ہوتے ہیں۔ جس معاشرے میں قربانی نہ ہو وہاں صرف حقوق ہی حقوق رہ جاتے ہیں اور ایسے معاشرے میں مسائل کے انبار لگ جاتے ہیں۔
آج چین اور بھارت میں قانون سازی ہورہی کہ اولاد بوڑھے ماں باپ کو نہ سنبھالے تو ان کو سزا ملے گی۔ سوال یہ ہے کہ جس ماں اور باپ نے بچپن میں اولاد کو صرف پیسہ کمانے کا فن سکھایا اور ان کو صرف مال کمانے کو خیر کے طور پر پیش کیا ان کی اولادیں ایسے ماں باپ کو بڑھاپے میں کس علمیت اورعقیدے کی روشنی میں اپنے ہاں رکھیں ؟
ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم مغرب کے سترھویں صدی کے بعد پیدا ہونے والے بنیادی عقائد کو آج تک نہیں سمجھ سکے آزادی، مساوات اور ترقی اہل مغرب کے لیے آج انجیل مقدس کا مقام رکھتی ہے اور ہر وہ عمل جو مزید آزادی دلائے وہ جائز ہے، اور ہر وہ عمل جو آزادی کے عقیدے کے راستے میں رکاوٹ بنے وہ حرام ، ناجائز اور جرم کہلائے گا ۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے لوگ آج کے مسائل کو مذہبی سوچ کی روشنی میں دیکھتے ہیں جبکہ اہل مغرب کے ہاں سے مذہب کو رخصت ہوئے تین صدیاں گزر گئی ہیں۔
کم ازکم جو لوگ اسلامی انقلاب کے داعی ہیں ان کو جدید علمیت اور اس کے مسائل کو اصل حالت میں سمجھنا چاہیے اسلامی انقلاب سے پہلے اسلامی علمیت ، اسلامی تاریخ ، اپنے انبیاء، اپنے صحابہؓ اپنے اکابرین اور ان کے افعال واعمال کو قبول کرنا ہوگا۔ قومیں شکست نہیں کھاتی ہیں بلکہ ایک علمیت ہارتی ہے تو دوسری علمیت غلبہ پاتی ہے۔
علمیت پر کسی قوم کا ایمان قائم رہے تو موسی ؑ دربار میں رہ کر غلبہ حاصل کرلیتے ہیں، یوسف ؑ قید خانے سے تخت تک پہنچ جاتے ہیں اور رسولﷺ ہجرت کرکے مکہ فتح کرلیتے ہیں ۔
اگرکسی کو گیتا اور بابیتا جیسی بیٹیاں پسندنہیں ہیں اور وہ اپنی بیٹیوں کا اسکول، کالج اور یونیورسٹی بھیج کر بھی ایسا مستقبل دینا نہیں چاہتا تو وہ اپنی علمیت پر فخر کرنا سیکھے۔
اگر ہم اسلامی علمیت پر ایمان لائے بغیر جدید علمیت پر تنقید کرینگے ،تویقین کریں کہ ہم خود نقصان اٹھائینگے اور جدید علمیت کے زیرسایہ پروان چڑھے باپ کہتے رہیںگے
ماری چھوریاں چھوروںسے کم ہیں کے۔؟
احمد اعوان.
Last edited by a moderator:





