- Joined
- Oct 16, 2012
- Posts
- 660
- Reaction score
- 797
- Points
- 0
مریم جمیلہ عظیم خاتون تھیں جنہوں نے اپنی جستجو سے حق کو تلاش کیا اور پھر پوری زندگی نہ صرف اسلام کے مطابق بسر کی بلکہ اشاعت اسلام کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنی تصانیف میں اسلام کو صرف علمی کے بجائے عملی دین کے طور پر پیش کیا ہے اور وہ ہمیشہ اسلام کو عمل کے سانچے میں ڈھالنے اور پھر کردار کے ذریعے اس کو انسانیت تک پہنچانے اور لوگوں کو اس کا قائل کرنے کی آرزومند رہیں۔مریم جمیلہ تصانیف ،انٹرویوزاورتحاریر سے یہ بات الم نشرح ہوجاتی ہے کہ سچائی تک پہنچنے کے لئے انہیں بڑی جستجوکرناپڑی ۔
انکاپیدائشی نام مارگریٹ مارکس تھا وہ معروف اسلامی اسکالراورمصنفہ تھیں جو 23 مئی 1934 کو نیو یارک کے ایک یہودی خاندان میں تولدہوئیں۔ جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن سے شائع ہونے والے مسلم ڈائجسٹ کے لیے تحاریر لکھنے کے بعد انہوں نے 24 مئی 1961 کو اسلام قبول کر لیا اور مریم جمیلہ کا نام پایا ۔مریم جمیلہ نے اسلام کی حقانیت ثابت کرنے کے حوالے سے دو درجن سے زائد کتب تصنیف کیں۔ وہ مفکر اسلام، مفسر قرآن سید ابو الاعلیٰ مودودی کی کتب وتحریرسے بے حد متاثر تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ حلقہ بگوش اسلام ہونے کے بعد انہوں نے پاکستان میں سکونت اختیار کی۔ان کے اسلام قبول کرنے کی وجہ مسلم ڈائجسٹ میں سید ابو الاعلیٰ مودودی کا چھپنے والا مضمون حیات بعد الموت تھا جس کے بعد انہوں نے 5 دسمبر 1960 کو سید ابو الاعلیٰ مودودی سے بذریعہ خط پہلا رابطہ کیا۔ سید ابو الاعلیٰ مودودی اورمریم جمیلہ کے درمیان خط و کتابت کا یہ سلسلہ 1962 تک جاری رہا۔ ان خطوط کا موضوع اسلام اور مغرب ہوتا تھا۔ دونوں کے خطوط بعد ازاں مولانا مودودی اور مریم جمیلہ کی خط و کتابت نامی ایک کتاب کے ذریعے شائع کیے گئے۔1962 وہ لاہور پہنچیں جہاں انہوں نے سید ابو الاعلیٰ مودودی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں وہ پاکستان میں ہی جماعت اسلامی کے ایک رکن محمد یوسف خان کی زوجیت میں آگئیں۔مریم جمیلہ محمد پکتھال کے ترجمہ قرآن اور محمد اسد کی یہودیت چھوڑ کر اسلام کی کہانی سے بے حد متاثر تھیں۔وفات تک وہ لاہور میں ہی رہائش پذیر رہیں۔
مریم جمیلہ کی اسلام کے بارے میں دلچسپی کا آغاز دس سال کی عمر سے ہوتا ہے جب وہ یہودیوں کے سنڈے اسکول میں پڑھ رہی تھیں۔ انہیں یہودیوں اور عربو ں کے مابین تاریخی روابط سے بے انتہا دلچسپی پیدا ہوگئی۔ انہیں اپنی نصابی کتب کے ذریعے معلوم ہوا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام عربوں اور یہودیوں کے جدِامجد ہیں، انہوں نے یہ بھی پڑھا کہ کس طرح قرونِ وسطیٰ کے یورپ میں عیسائیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی زندگی عذاب بنادی گئی، جب کہ مسلم اسپین میںیہودیوں کو خوش آمدید کہا گیا۔
یہ اسلامی ثقافت کی برتر سخاوت تھی جس کی بدولت عبرانی زبان و ثقافت اپنے اعلیٰ ترین معیار تک جاپہنچی۔ صہیونیت کی اصل فطرت سے ناواقف ہونے کی بناپر ان کے ذہن میںیہ معصومانہ خیال آیا تھا کہ یہودی فلسطین واپس پلٹ کر اپنے سامی بھائیوں(عربوں)سے اپنے ان تعلقات کو مضبوط کریں گے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کے توسط سے دونوں کے درمیان موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہیں اس بات کا بھی یقین تھا کہ یہودی اور عرب ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں ثقافت کے ایک نئے عہد کا آغاز کریں گے۔ اس تاریخی مطالعہ کے دوران ان کی تمام تر ہمدردیاں یورپی یہودیوں کے ساتھ رہیں جنہیں نازی دور میں شدید مصائب سے گزرنا پڑا، مگر یہ دیکھ کر انہیں شدید ذہنی دھچکا پہنچا کہ ان کے نہ صرف ہم جماعت بلکہ ان کے والدین بھی اپنے مذہب کے بارے میں سنجیدہ نہیں۔ یہودی عبادت گاہوں میں بچے اپنی مذہبی کتابوں میں مزاحیہ کہانیاں پڑھتے رہتے اور اپنی مذہبی رسوم پر ہنستے تھے ۔اٹھارہ برس کی عمرمیں انہوں نے صہیونی نوجوانوں کی مقامی تنظیم میزراکی ہزائر میں شمولیت اختیار کرلی، مگر جب انہیں احساس ہوا کہ صہیونیت کی فطرت ہی وہ چیز ہے جس نے یہودیوں اور عربوں کے درمیان حائل خلیج کو ناقابل عبور بنادیا ہے تو یہ تنظیم انہوں نے ازخود بے اطمینانی کے ساتھ چھوڑ دی۔ بیس برس کی عمر میں، انہوں نے نیویارک یونیورسٹی میں دورانِ تعلیم اسلام میںیہودیت کو اختیاری مضمون کے طور پر لیا۔پروفیسرابراہیم کاش اس شعبے کے سربراہ تھے۔ پروفیسر کاش کا حقیقی مقصد اسلام پر یہودیت کی برتری ثابت کرنا ہوتا تھا۔ مگر ہوا یوں کہ ان کی اس کوشش کے نتیجے میں، مریم قرآن کی حقانیت کی قائل ہوتی چلی گئی۔ جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ صہیونیت، یہودیت کا صرف اور صرف ایک نسلی اور قبائلی پہلو ہے۔
اسلام اور اسلامی نظریات کے لیے بڑھتی ہوئی ہمدردی نے مریم کے اردگرد موجود یہودیوں کو مشتعل کردیا۔ ان کا خیال تھا کہ وہ انہیں گمراہ کررہی ہیں۔ وہ انہیں کہا کرتے تھے کہ تمہاری یہ شہرت تمہارے آباء و اجداد کے لیے شرم کا باعث اور تمہارے خاندان کے لیے نفرت کا سبب بنے گی۔ انہوں نے انہیں کہا کہ اگر تم نے اسلام قبول کرنے کی کوشش کی تو تمہیں مسلمانوں کے ہاں کبھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہ خدشات مریم کے قبولِ اسلام کے بعد یکسر بے بنیاد ثابت ہوئے ۔کیونکہ کسی مسلمان کی طرف سے انہیں ان کی یہودی وراثت سے کبھی وابستہ نہیں کیا گیا۔ قبولیتِ اسلام کے بعد انہیں اسلامی برادری نے انتہائی والہانہ اندازاور جوش و خروش سے خوش آمدید کہا ۔
قرآن مجیدکے لیے وہ اس قدر بے چین تھیں کہ اپنی والدہ کے ذریعے سے لیبریری سے منگوایا گیا نسخہ قرآن ان کے ہاتھ سے جھپٹ لیا اور اس پر تدبر وتفکرشروع کرلیا۔ قرآن میں انہیں وہ قصص بھی ملے جو بچپن سے بائبل میں وہ پڑھ چکی تھی۔ اپنی آٹھ سالہ ابتدائی مدرسے اور چار سالہ ثانوی مدرسے کی تعلیم اور ایک سالہ کالج کے زمانہ طالب علمی کے دوران انہوں نے انگریزی قواعد و انشاء، فرانسیسی، ہسپانوی، لاطینی، یونانی، حساب، جیومیٹری، الجبرا، یورپی و امریکی تاریخ، ابتدائی سائنس، حیاتیات، موسیقی اور فنون لطیفہ غرض کیا کیا نہیں پڑھا. مگر نہیں پڑھا تو خدا کے متعلق کچھ نہ پڑھا۔ جیسے جیسے انہوں نے قرآن کا مطالعہ کیا یہ بات عیاں ہوتی گئی کہ اسلام ہی انسانیت کی اصل راہنما کتاب ہے ۔ جب انہوں نے قرآن پڑھا اوروہ بھی تدبروتفکرکے ساتھ توسب سے پہلے انکے ذہن میں یہ بات رچ بس گئی قرآن والا دین ہی سچا. مکمل طور پر خالص. اورگھٹیا مصلحتوں اور منافقت سے بالاتر ہے۔مریم جمیلہ نے اسلام قبول کیا تو انکے والدین، رشتے داروں اور دوستوں نے اسے مجنون سمجھا، کیوں کہ اب وہ اسلام کے علاوہ کسی بھی موضوع پر بات کرنے اور سوچنے کو تیار نہ تھی۔
زندگی کے تلخ تجربات کے ذریعے مریم جمیلہ کومعلوم ہوا کہ عیش و عشرت کا طرزعمل درماندگی اور خستہ حالی کی طرف لے جاتا ہے۔ اس کے بجائے تکمیل ذات کا مقصد بغیر جدوجہد اور قربانی کے ناقابلِ حصول ہے۔ بچپن ہی سے مریم جمیلہ اہم اور نمایاں ترین اہداف کو سامنے رکھتی تھیں اور اپنی موت سے قبل وہ اپنے نفس مطمئنہ سے صرف یہ اطمینان اور ضمانت چاہتی تھیں کہ وہ کبھی ا پنی زندگی گناہوں اور فضول مقاصد کے حصول میں ضائع نہیں کریں گی۔ اس لئے حلقہ بگوش اسلام ہونے کے بعد انہوں نے اپنی پوری زندگی انتہائی سنجیدگی سے بسر کی ہے۔ غیرسنجیدگی اور سطحیت جو جدید دور کی ثقافت کا خاصہ ہے، قبول اسلام کے بعدمریم جمیلہ کے لیے ہمیشہ ناپسندیدہ اور قابلِ نفرت رہی ہے۔ مریم جمیلہ قولی وفعلی دونوں صورتوں میں اس امر پر ایمان رکھتی تھیں کہ ہر وہ صالح عمل جو رب کی خوشنودی کے لیے کیا جائے کبھی ضائع نہیں ہوسکتا۔ ایسا شخص جو دکھاوے کا طلب گار نہ ہو، اس کا صلہ آخرت میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ اس کے برعکس قرآن بتاتا ہے کہ جو لوگ محض دنیاوی فائدے کے حصول، نمود و نمائش اور آزادی کی خواہش سے ہٹ کر کوئی اخلاقی مقصد سامنے نہیں رکھتے وہ روزِ جزا خسارہ پانے والوں میں سے ہوں گے خواہ انہوں نے اپنی دنیاوی زندگی میں کتنی ہی کامیابیاں کیوں نہ حاصل کرلی ہوں۔
31اکتوبر2012 بدھ کومعروف مذہبی اسکالراورمصنفہ وفات پا گئیں۔ ان کی نمازجنازہ لاہور میں اداکی گئی اورانہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مریم جمیلہ نے ساری زندگی دین کی اشاعت میں گزاری۔ انہوں نے اسلام کے مختلف موضوعات پر34 کتابیں تصنیف کیں۔ ان کی تصنیف کردہ کتب میں اسلام ان تھیوری اینڈ پریکٹس اور اسلام اینڈ ا ورینٹل ازم بہت معروف ہیں۔ ان کی تمام کتب انگریزی زبان میں ہیں۔
بہرکیف !مریم جمیلہ عظیم خاتون تھیں جنہوں نے اپنی جستجو سے حق کو تلاش کیا اور پھر پوری زندگی نہ صرف اسلام کے مطابق بسر کی بلکہ اشاعت اسلام کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنی تصانیف میں اسلام کو صرف علمی کے بجائے عملی دین کے طور پر پیش کیا ہے اور وہ ہمیشہ اسلام کو عمل کے سانچے میں ڈھالنے اور پھر کردار کے ذریعے اس کو انسانیت تک پہنچانے اور لوگوں کو اس کا قائل کرنے کی آرزومند رہیں۔خدارحمت کندایں پاک طینت را





