Advertisement

مارننگ شوز نفسیاتی امراض کا شکار

وینا ملک کی شادی کی مختلف ممالک میں مختلف تقریبات ہو چکی ہیں،ایک تقریب میں تبلیغی جماعت کے مولانا نے بنفس نفیس شرکت فرمائی اس کے باوجود ریٹنگ شادی کا توہین آمیز پہلو پیش کرکے لوگوں کی دل آزاری کی گئی۔ اس سے پہلے ایک اور نجی چینل کی اینکر بھی اپنے مارننگ شو میں محترم قوالی کو توہین آمیز طریقے سے پیش کرنے کی گستاخی دہرا چکی ہے۔ امریکہ میں بسنے والے پاکستانی بھی مذہبی و سماجی اقدار کی دھجیاں بکھرتے دیکھ کر کڑھتے رہتے ہیں۔ بعض میڈیا ادارے مافیا کی صورت اختیار کر چکے ہیں اور آج یہاں تک نوبت پہنچ گئی ہے کہ ایک دوسرے کے بخیئے ادھیڑ نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے۔ خود ہی مدعی ہیں خود ہی عدالت اور خود ہی منصف بنے ہوئے ہیں۔ عدلیہ ان کی خواہش کے مطابق فیصلے نہ کر سکے تو ہین عدالت کے مرتکب ہو جاتے ہیں۔

وینا ملک کی شادی کا ڈرامہ پیش کرنے والی اینکر کی ذاتی زندگی پہلے ہی اس کے مارننگ شوز کی نذر ہو چکی ہے، عوام نے سوشل میڈیا پر اسے خوب بدنام بھی کیا اور اب آبیل مجھے مار کے مصداق اس خاتون نے ایک اور مشکل کھڑی کر لی ہے۔ مارننگ شوز کے حوالے سے سنجیدہ لوگوں کی مختلف آراء اور تشویش سامنے آتی رہتی ہیں جو غور طلب ہے، ملبوسات کا انتخاب گفتگو کا انداز مردوں و خواتین کی افسوسناک جملے بازیاں ،مذہبی و سماجی اقدار کا جنازہ مردوں خواتین میں احساس کمتری اور نفسیاتی مسائل میں اضافہ وغیرہ اور پھر سب سے دلچسپ پہلو کہ مارننگ شوز کی اکثر میزبان طلاق یافتہ یا علیحدگی پسند ہیں۔ جو خود بیوی بہو اور ماں کا کردار نبھانے میں ناکام رہیں وہ پورے پاکستان کے مرد و خواتین کوکامیاب ازواجی زندگی کے ٹوٹکے سمجھا رہی ہوتی ہیں۔

مدر ڈے پر جذباتی پروگرام پیش کرتی ہیں مگر فادر ڈے گول کر جاتی ہیں، سنگل پیرنٹ کے مغربی کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ خواتین کے حقوق کی آڑ میں مردوں سے نفرت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ ہم ان موضوعات پر بار بار لکھ چکے ہیں اور آج پھر ایک اینکر خاتون کی کہانی کا حوالہ یاد کراتے ہیں کہ کچھ عرصہ قبل مارننگ شو کی اینکر ناشائستہ ڈیل نے عوام کے سامنے باقاعدہ ہاتھ جوڑ کر کہا تھاکہ عوام اسے سوشل میڈیا پر ذلیل کرنے سے باز آئیں اور اس کی نجی زندگی پر رحم کریں۔ شائقین کو ہنسانے اور لبھانے والی ہوسٹ اپنے شوز میں شادیاں دکھانے کی بہت شوقین ہیں جبکہ اس کی موجودہ شادی بھی ناکام ہو چکی ہے۔

اس کے سکینڈلز کی وجہ سے اس کے بچے اس سے بدظن ہیں۔ دیگر طلاق یافتہ اینکرز کی طرح یہ خاتون بھی کچھ عرصہ کے لئے ٹی وی سکرین سے غائب رہی، بعد میں علم ہوا کہ اسی چینل کے معروف اینکر عالم نے اسے عدت کا مشورہ دیا ورنہ شہرت اور دولت کا نشہ ایک بار منہ کو لگ جائے، جان لے کر چھوڑتا ہے۔ مگر مسئلہ بیہودہ شو نہیں بلکہ اصل مسئلہ پاکستان کے ٹی وی چینلز پر ایسے تمام بیہودہ شوز ہیں جو مختلف طریقوں سے پاکستان کی گھریلو خواتین کی زندگی کو جہنم بنا رہے ہیں۔ الا ماشاء اللہ عوام بھی ایسے منافق پائے گئے ہیں کہ شوز کی مخا لفت بھی کرتے ہیں اور ان کو دیکھے بغیر ان کا ناشتہ بھی ہضم نہیں ہوتا۔ مارننگ شوز معاشرے میں ڈیپریشن اور احساس کمتری کا باعث بن رہے ہیں۔ بیش بہا ملبوسات، زیورات، قیمتی جوتے، بالوں کے سٹائل اور دبلے پتلے بدن دیکھ کر گھریلو خواتین کا دل کڑھتا ہے۔ غریب لڑکیاں امیر شوہر وں کے خواب دیکھنے لگی ہیں اوروہ تمام خواہشات پوری کر نا چاہتی ہیں جو انہیں ٹی وی شوز اور ڈراموں میں دکھائی جاتی ہیں۔ گھر کی ملازمہ بھی مارننگ شو والی دلہن بننے کا خواب رکھتی ہے اور ہر وہ شے حاصل کرنا چاہتی ہیں جو مارننگ شوز والیوں کے پاس ہے مگر انہیں علم نہیں کہ شوز والیاں خود تماشہ بنی ہوئی ہیں۔

اندر سے کھوکھلی اور بے سکون ہیں۔ پاکستان کی نوجوان نسل شو بز کی دنیا تک پہنچنے کے لئے شارٹ کٹ تلاش کرتی ہے لیکن سکرین کی دنیا کا دوسرا رخ دیکھنے کی کوشش نہیں کرتی۔ دور کے ڈھول سہانے ہیں۔ شہرت کا نشہ جب زہر بنتا ہے تو وہ لوگ جو سکرین کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں، منہ چھپانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ نیک شہرت کے لئے سکرین پر آنے کی ضرورت نہیں البتہ سکرین کے ذریعہ ملنے والی شہرت عذاب ہے۔ ہالی ووڈ ،بالی ووڈ ، لالی ووڈ اور ٹیلی ویژن سکرین کی دنیا کے فنکاروں اور اداکاروں کی نجی زندگیوں پرنگاہ دوڑائی جائے تو ان پر رحم آتا ہے۔ سکرین پر قہقہے لگانے والے چہروں کے پیچھے ان گنت پریشانیاں ،خوف اور دکھ پوشیدہ ہیں ۔ ٹی وی ہوسٹس اور اینکرز کو دولت اور شہرت تو مل گئی مگر الا ما شا ء اللہ ان کی ذاتی زندگیاں مسائل کا شکار ہیں۔جب سے نجی ٹی وی چینلز کا آغاز ہواہے ،مارننگ شوز تفریحی پروگراموں کا لازمی جزو بن گیا ہے ۔

دولت،شہرت اوراقتدار کا نشہ انسان کو ایسی دنیا میں پہنچا دیتاہے جہاں اسے اپنے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا لیکن وقت بڑا بے رحم ہے ،ایک دن یہ نشہ میٹھا زہر بن جاتا ہے جس کو نہ اُگل سکتے ہیں اور نہ ہی نگل سکتے ہیں ۔ ٹی وی اینکرز بھی چونکہ شو بز میں شامل ہوتے ہیں، الا ما شا ء اللہ ان کے چہرے بھی بے نقاب ہو رہے ہیں۔جس طرح جرنیل ایک دوسرے کی پردہ پوشی کرتے ہیں،صحافی بھی ایک دوسرے کی کرپشن پر پردہ ڈالتے ہیں ۔ ایک اینکرنے کہا کہ ہم جتنے مضبوط نظر آتے ہیں ،اتنے ہی کمزور ہیں۔شو بز کے دو چہرے ہیں،کاش پاکستان کی نئی نسل دوسرا چہرہ پہچان سکے اور شہرت کے سہراب کو خواب بنانا چھوڑ دے۔مارننگ شوز کا ہلا گلا خوشیاں بکھیرنے کے نت نئے انداز معاشرے میں محرومی کا باعث بن رہے ہیں۔پاکستان غریب ملک ہے،یہاں کے عوام کو سادگی ،قناعت اور توکل اللہ کا راستہ دکھایا جائے ورنہ یہ معاشرہ تباہ ہو جائے گا۔پاکستان میں طلاق اور علیحدگی کی شرح تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے۔​


http://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/Lahore/2014-05-17/page-2/detail-0
 
Advertisement
اب کوئی اس منافق عورت سے پوچھےکہ جس نواز شریف کے تو گن گاتی ہے وہ کہاں مر گیا ہےحکومت نے پیمرا کے ہاتھ کیوں باندھے ہوۓ ہیں
 
مادر پدر آزاد میڈیا كو كسی دائرہ ،كسی ضابطہ اور قائدے قانون كے تابع كرنا بہت ضروری ہے ۔ یہ صحافت نہیں تجارت كر رہے ہیں اور اپنے مالی فوائد كے لئے ملكی سلامتی ، معاشرتی اخلاقیات اور معیشت كی تباہی تك كی ان كو پرواہ نہیں ہے ۔
 
سب سے دلچسپ پہلو کہ مارننگ شوز کی اکثر میزبان طلاق یافتہ یا ’’علیحدگی پسند‘‘ ہیں۔ جو خود بیوی‘ بہو اور ماں کا کردار نبھانے میں ناکام رہیں وہ پورے پاکستان کے مرد و خواتین کوکامیاب ازواجی زندگی کے ٹوٹکے سمجھا رہی ہوتی ہیں۔
 
Where is Govt. and responsibles of running the state.............busy in securing vested and promised interests while leaving the society, state and institutions fight each other.............the resultant mess is to hide their criminal activities................fed up of this DEMOCRACY.................