نگراں حکومت پنجاب نے لاہور میں خواجہ سراؤں کے لیے بنایا گیا واحد اسکول بند کردیا، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول برکت مارکیٹ میں قائم یہ اسکول فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے بند کیا گیا، پڑھائی سے محروم ہونے پر خواجہ مایوسی کا شکار ہونے لگے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ سال دسمبر میں لاہور میں خواجہ سراؤں کے لیے پہلے اسکول قائم کیا تھا،جس کا مقصد خواجہ سرا کمیونٹی کو روایتی تعلیم کے ساتھ مختلف ہنرسکھانا تھا۔ اسکول میں صبح 10 سے 12 بجے تک کلاسیں ہوتی تھیں۔
خواجہ سراؤں کو تعلیم اور ہنر سیکھنے کی طرف راغب کرنے کے لیے لاہور کے دو معروف خواجہ سراؤں گرو عاشی بٹ اور نیلی رانا کی خدمات حاصل کی گئی تھیں،اسکول ایجوکیشن حکام نے دونوں خواجہ سراکوآرڈینیٹرز سے انہیں ماہانہ وظیفہ دینے کا معاہدہ کیا تھا تین ماہ کے بعد اس معاہدے میں توسیع نہیں کی گئی،خواجہ سرا کوآرڈینیٹرز نے بھی کام کرنا چھوڑدیا ہے۔
اس منفرد اسکول میں خواجہ سراؤں کو روایتی تعلیم کے علاوہ کھانا پکانا، میک اپ اور کپڑوں کی سلائی کا ہنر سکھایا جارہا تھا یہ کمیونٹی اچھے طریقے سے روزگار کماسکے۔ خواجہ سراؤں کو پڑھانے والے اساتذہ نا صرف تربیت یافتہ ہیں، ان کی نفسیاتی تربیت بھی کی گئی ہے تاکہ وہ اس کمیونٹی کے لوگوں کو بہتر سمجھ سکیں۔
پروگرام کی سابق معاون اور اسکول ایجوکیشن کی ترجمان سارہ رحمن کے مطابق یہ اسکول اس لیے شروع کیا گیا تھا کیونکہ خواجہ سرا ہمارے معاشرے کا وہ حصہ ہیں جنہیں دیوار کے ساتھ لگایا ہوا ، انہیں نہ پڑھائی کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں نہ روزگار کے۔ ان کے بارے میں ہم ہر قسم کا تبصرہ کرنے کو تو تیار ہوتے ہیں مگر ان کی بہتری کے لیے کچھ کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔
پنجاب میں سب سے پہلے ملتان اس کے بعد ڈی جی خان اور پھر بہاولپورمیں خواجہ سراؤں کے لیے اسکول کھولے گئے تھے،سارہ رحمان نے بتایا ورلڈ بینک کے تعاون سے اس منصوبے کے لیے 150 ملین روپے مختص کیے گئے تھے لیکن افسوس کہ نگران حکومت نے ناصرف اس پراجیکٹ کے فنڈز میں کمی کردی ہے بلکہ لاہور کا خواجہ سراؤں کے لیے قائم کیا گیا اسکول ہی بند کر دیا ہے۔
لاہورمیں قائم اسکول میں چالیس کے قریب خواجہ سرا طالب علم تھے،خواجہ سراؤں کو پک اینڈ ڈراپ کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دیا جارہا تھا لیکن اب گزشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے اسکول میں کلاسیں بند ہوگئی ہیں۔
پروگرام کی کوآرڈینیٹر نیلی رانا کا کہنا ہے خواجہ سرا اب بھی تعلیم حاصل کرنے اور ہنر سیکھنے کے لیے آنے کو تیار ہیں لیکن حکومت نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے جارہے،ایجوکیشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے اسکول میں داخل خواجہ سراؤں نے تین ماہ کا شارٹ کورس مکمل کرلیا تھا، اب جیسے ہی فنڈز مہیا ہوں گے اور نئے خواجہ سرا طلبا کی رجسٹریشن ہوگی تو نئی کلاسیں شروع کر دی جائیں گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1transgenderschool.jpg
Advertisement





