Advertisement

عمر ایوب سمیت اڈیالہ جیل سے گرفتار رہنماؤں کی گرفتاری ڈال دی گئی

05192607eafab2c.webp


راولپنڈی کی دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو ساڑھے سات بجے تک عدالت میں پیش نہ کرنے پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ اسی دوران، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ضلع اٹک میں درج مقدمات میں گرفتاری بھی عمل میں آئی۔

جمعرات کو اے ٹی سی راولپنڈی نے نو مئی کو جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، شیخ رشید احمد، شیخ اشد شفیق، راجہ بشارت اور زرتاج گل سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ اس کے بعد راجہ بشارت اور عمر ایوب کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ زرتاج گل اور فواد چوہدری اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔ اس کے علاوہ عمران خان کے اسٹاف میں شامل عظیم الدین عرف بلا اور پی ٹی آئی کے کارکن احمد چھٹہ بھی گرفتار ہو گئے۔


بعد ازاں، ایڈووکیٹ غلام حسین مرتضیٰ سنبل کی درخواست پر عدالت نے ایس پی صدر نبیل کھوکھر کو ہدایت دی کہ وہ راجہ بشارت، عمر ایوب، احمد چٹھہ، راجہ ماجد اور عظیم الدین کو ساڑھے سات بجے تک عدالت میں پیش کریں۔ تاہم ایس پی صدر ان رہنماؤں کو بروقت پیش کرنے میں ناکام رہے، جس پر عدالت نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا اور ایس پی صدر کو صبح نو بجے ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا۔


اس کے بعد اطلاع آئی کہ عمر ایوب، راجہ بشارت اور احمد چٹھہ کو ضلع اٹک میں درج مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ راجہ ماجد اور ملک عظیم کو تھانہ دھمیال کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کی گرفتاری رپورٹ اے ٹی سی راولپنڈی میں جمع کرائی جا چکی ہے، اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پانچوں رہنماؤں کو اڈیالہ جیل سے پولیس لائنز راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔


دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے عمر ایوب کی گرفتاری کے خلاف کل پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمر ایوب کو فوراً رہا کیا جائے، کیونکہ ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور پنجاب پولیس غیر قانونی گرفتاریاں کر رہی ہے۔
​