- Joined
- Feb 19, 2014
- Posts
- 36,293
- Reaction score
- 42,080
- Points
- 218
السلام علیکم! اکتوبر 2019 میں نواز شریف نیب کی حراست میں تھے۔ 21 تاریخ کی رات کو ان کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہاں معلوم ہوا کہ ان کے خون میں پلیٹلیٹس کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ ان کی طبی حالت کی خبر اس وقت کے وزیراعظم عمران خان تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو فون کیا اور انہیں نواز شریف کے پاس جانے کے لیے کہا۔
عمران خان نے نواز شریف کے لیے پیغام دیا کہ ان کی صحت کے معاملے میں حکومت سے جو کچھ بن پڑا وہ کیا جائے گا۔ اگر انہیں کسی ایسے ڈاکٹر کی ضرورت ہے جو ملک سے باہر ہے تو اسے بھی خصوصی طور پر بلایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد جب یہ پیغام لے کر محترم نواز شریف سے ملیں تو وہاں پر آج کے وزیراعظم شہباز شریف صاحب بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر صاحبہ نے عمران خان کی تشویش نواز شریف صاحب تک پہنچائی۔ اس پر مسلم لیگ نون کے قائد نے علاج پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور ڈاکٹر صاحبہ کا شکریہ ادا کیا۔
محترم نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ کو بھی ان کے ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے تو اس وقت شاید ایک کمرے میں ایک دن کے لیے محترمہ مریم نواز کی رہائش کا بندوبست بھی کر دیا گیا۔ ان کی بیماری کا حال جان کر عدالتوں نے انہیں ایک مقدمے میں ضمانت دے دی اور جس مقدمے میں وہ سزا یافتہ تھے اس میں ان کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کر دی گئی۔
6 نومبر 2019 تک محترم نواز شریف ہسپتال میں رہے۔ پھر وہ لاہور میں اپنے گھر منتقل ہو گئے جہاں انتہائی نگہداشت کے وارڈ کی سہولت کا بندوبست موجود تھا۔ اس کے بعد 19 نومبر کو آپ بغرضِ علاج لندن تشریف لے گئے۔ سروسز ہسپتال، گھر اور لندن میں بھی ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان مسلسل ان کے ساتھ رہے۔ ان کے علاوہ جسے وہ چاہتے وہ اپنے پاس بلا لیتے۔ ان کی صحت کے بارے میں روزانہ سرکاری طور پر خبریں دی جاتیں۔ یاسمین راشد نے وفاقی کابینہ میں انہیں لندن بھیجنے کی پوری وکالت کی۔ آخر کار جناب نواز شریف کو 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر ضمانت دینے کے بعد پاکستان سے جانے کی اجازت مل گئی۔ آپ نے لندن میں تقریبا چار سال گزارے اور 2022 میں وطن واپس تشریف لائے۔
اس دوران زمانہ بدل چکا تھا۔ وہ صحت یاب ہو چکے تھے اور عمران خان کا دور لد چکا تھا۔ اس کے بعد عدالتوں میں ان کے مقدمات برق رفتاری سے چلے اور ان کی بریت پر منتج ہوئے۔
آج محترم نواز شریف کے برادرِ خورد جناب شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہیں، ان کی دخترِ نیک اختر محترمہ مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں جن کے احاطۂ اختیار میں اڈیالہ جیل اور کوٹ لکھپت جیل بھی ہیں۔ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کو قید میں رکھا گیا ہے اور ڈاکٹر یاسمین راشد کوٹ لکھپت میں جیل کاٹ رہی ہیں۔ یہ وہی ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں جن کے پاس موجود فارم 45 کے مطابق 2024 کے انتخابات میں جناب نواز شریف کو لاہور کے حلقہ انتخاب سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عمران خان بھی اس ملک کے وزیراعظم رہے ہیں۔ ان کی قید کو چوتھا سال شروع ہو چکا ہے۔ جیل میں رہتے ہوئے انہوں نے 2024 کے الیکشن کے فارم 45 کے مطابق فتح اپنے نام کی ہے۔ پچھلے آٹھ مہینے سے ان سے ملاقاتوں پر عملاً پابندی ہے۔ اخبار، ٹی وی اور کتابیں انہیں یوں فراہم کی جاتی ہیں جیسے احسان چڑھایا جائے۔ 73 سال کی عمر میں بھی ان کی صحت قابلِ رشک ہے، لیکن اس عمر کے الگ عوارض ہوتے ہیں جو ان پر اپنا اثر دکھاتے رہتے ہیں۔
عدالتوں میں ان کے مقدموں کی جو بھی کیفیت ہو، انہیں پہلی بار سپریم کورٹ کے ذریعے موقع ملا کہ وہ اپنی مرضی کے ہسپتال اور اپنے قابلِ اعتماد ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرا سکیں۔ عدالت کے حکم کے مطابق 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی رات انہیں اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں لے جایا جانا تھا۔ دنیا کو دکھانے کے لیے سارے انتظامات کیے گئے۔ پولیس نے ہسپتال کے گرد سیکیورٹی حصار قائم کیا۔ آنے جانے والوں پر نظر رکھنے کا بندوبست کیا گیا۔ بعض صحافیوں نے تو یہ خبر بھی دی کہ ہسپتال کا ایک فلور عمران خان کو رکھنے کے لیے خالی کرا لیا گیا ہے۔
اس کے بعد جو ہوا، یہ تھا کہ عمران خان کو رات کے اندھیرے میں ان کی مرضی کے ہسپتال کی بجائے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔ ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان ان کے ساتھ تھیں۔ ان کے مطابق ہسپتال کے کئی حصوں میں اندھیرا تھا۔ وہاں عمران خان کی آنکھ میں ایک ٹیکہ لگایا گیا اور ان کا بلڈ پریشر دیکھا گیا۔ اس کے بعد عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل میں بند کر دیا گیا۔
کچھ دیر بعد وفاقی وزیرِ اطلاعات جناب عطا تارڑ صاحب نے ایکس (X) پر ایک پوسٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ عدالت کے حکم پر عمل درآمد ہو چکا، عمران خان کو معائنے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح طور پر لکھا تھا کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک بورڈ بنے اور طبی معاملات میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی شامل رہیں۔ اس میں سرکاری ہسپتال کا ذکر تک نہیں تھا لیکن حکومت انہیں وہاں لے گئی اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو اس کا علم تک نہیں ہوا۔ حکومت کا موقف کچھ بھی ہو، عملی طور پر سپریم کورٹ کے حکم کے صرف ایک معمولی جز پر عمل ہوا کہ طبی معائنے کے نام پر عمران خان کا بلڈ پریشر چیک کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمیٰ موجود تھیں۔
محترم نواز شریف اور عمران خان کے طبی معاملات اور علاج کا فرق ہی یہ ظاہر کرنے کے لیے کافی ہے کہ پاکستان میں معاملات کس نہج پر جا رہے ہیں۔ سیاسی مسائل جو بھی ہوں، لیکن بہت سوں کو خیال تھا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے میں مسلم لیگ نون کی حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کوئی رخنہ نہیں ڈالے گی۔ کسی کے ذہن میں یہ خیال تک نہیں تھا کہ محترم نواز شریف کی جماعت کی حکومت اپنے مخالف کے ساتھ یہ سلوک کرے گی جو روا رکھا گیا۔ لیکن یہ سب کچھ پاکستان کی آنکھوں کے سامنے ہوا۔
اس واقعے نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سیاست میں اب صرف دو ہی فریق بچے ہیں۔ مسلم لیگ نون اب فریق، حریف یا حلیف ہونے کے مقام سے گزر چکی۔ اس نے آسمان سے ایسی لو لگا لی ہے کہ خود کو فنا کر دیا ہے۔ یہ صرف عمران خان ہیں جو اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہ کر بھی وہ کچھ ماننے کو تیار نہیں جسے تسلیم کر کے مسلم لیگ نون حکومت میں ہے۔ ان کے سامنے بھی راستہ آسان ہے: خاموشی، تھوڑی سی آہ و زاری اور ذرا سا سرِ نگوں؛ ان کی ہر مشکل کا مداوا ہے۔ مگر وہ صنم پرستی کے ایسے لاعلاج مرض میں گرفتار ہو چکے کہ جس کی پہلی علامتیں ہی کج کلاہی اور آشفتہ سری ہیں۔
نواز شریف اور عمران خان کے درمیان ایک فرق اور بھی ہے۔ جب محترم نواز شریف سروسز ہسپتال میں تھے تو بہت کم لوگ ان کی حمایت کے لیے وہاں جاتے تھے۔ اس کا شکوہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے محترم خواجہ محمد آصف صاحب نے بھی ایک بار کیا تھا۔ ان کا فرمانا تھا کہ جب نواز شریف ہسپتال میں تھے تو بہت کم لوگ وہاں آتے تھے۔ اس کے برعکس عمران خان کے ہسپتال منتقل ہونے کا سن کر کچھ لوگوں نے سڑکوں پر پھول ڈالنے کی کوشش کی۔ لوگ اس امید میں حفاظتی قافلوں کو دیکھتے رہے کہ شاید ان کی ایک جھلک دکھائی دے جائے۔ غالباً یہی عمران خان کا سب سے بڑا جرم ہے۔
کسی بھی سیاست دان کا سب سے بڑا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ حاضر و موجود سے بیزار کر کے لوگوں کو نئے مستقبل کی راہ دکھلا دے۔ عمران خان یہ کام جیل جانے سے پہلے کر چکے تھے۔ 2024 کے الیکشن میں اس کی تصدیق ہو گئی۔ اس تبدیلی میں جو تھوڑی بہت کسر باقی تھی، ان کے طبی مسائل کے حوالے سے حکومتی رویے نے پوری کر دی۔ اب شاید ہی ملک میں کوئی ہو جسے یقین نہ آئے کہ ملک میں تبدیلی آ نہیں رہی، آ چکی ہے۔ یہی عمران خان کی سیاست کا ثمر ہے۔ اور لوگوں کی بھی ہمت ہے کہ امید کی ٹمٹماتی لو سے کسی سورج کے طلوع ہونے کا یقین باندھے ہوئے ہیں۔
Loading X post…
Open original post on X
Last edited by a moderator:





