کوچ نے عمدہ پرفارم کرنیوالوں کو 500 کا نوٹ تھما دیا
پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے رواں ماہ ملائیشیا میں شیڈول ایشیا کپ کی تیاریوں میں مصروف کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضا لانے کے لیے انعام دینے کا سلسلہ شروع کردیا۔
کیمپ کے اختتام تک چیف کوچ کی جانب سے ٹریننگ کے دوران غیر معمولی پرفارم کرنے والے ہر کھلاڑی کو نقد انعام دیا جائے گا،گزشتہ دنوں اختر رسول نے سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقاص شریف اور محمد دلبر کو500روپے کے نوٹ تھما دیے۔ فزیکل فٹنس سیشن کے بعد کیمپ میں موجود پلیئرزکی ٹیمیں بنا کر پریکٹس میچ کا آغاز کیا گیا، محمد عمران کی زیرقیادت کھیلنے والی سائیڈکے وقاص شریف نے 3حریف کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر گیند کو اس مہارت سے ڈی تک پہنچایا کہ ہیڈ کوچ اختر رسول داد دیے بغیر نہ رہ سکے، انھوں نے تالیاں بجا کر وقاص کو شاباشی دی اور کیمپ کے اختتام پر 500روپے انعام کا اعلان کیا۔
بعد ازاں اسی طرح کی کارکردگی دلبر نے بھی دکھائی۔یاد رہے کہ ایشیا کپ 24 اگست سے یکم ستمبر تک ملائیشیا کے شہر
ایپوہ میں کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے گرین شرٹس کو یہ ایونٹ جیتنا ضروری ہے۔ دریں اثنا اختر رسول نے کہاکہ کیمپ میں شریک تمام کھلاڑی میرے بچوں کی طرح ہیں،گھر میں موجود کوئی فرد اچھا کام کرے تو سربراہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس کی تعریف کرے، میں بھی یہی کر رہا ہوں۔ نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں انھوں نے مزید کہا کہ جب کھلاڑی غلطی کریں تو میں انھیں سمجھاتا اور اچھے کام کی صورت میں شاباشی دیتا ہوں، ہماری تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، امید ہے کہ ایشیا کپ جیت کر ہی وطن واپس لوٹیں گے