Advertisement

ضمنی انتخابات اور سیاسی گراف

nadeem-sayed.jpg


اگر پاکستان مسلم لیگ( نواز) کے کیمپ سے اس وقت سب اچھے کی بازگشت سنائی دی جارہی ہے تو دوسری طرف حکمران اتحاد بالخصوص (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کے کیمپ میں سے سنائی دینے والی بازگشت سب کچھ اچھا نہیں ہے کا پیغام لاتی ہے۔ ہمارے مبصررین( ن) لیگ کی ضمنی انتخابات میں جیت کا تو بہت ذکر کر رہے ہیں لیکن دوسری طرف یعنی پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کی کار کردگی کا تنقیدی جائزہ لینے سے گریزاں یاقاصر نظر آتے ہیں۔ ہمیں آج کی سیاست آنیوالے انتخابات پر کس طرح اثرانداز ہوگی اس کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔
پہلی بات جو ہمارے ذہن میں ہے وہ ضمنی انتخابات کے نتائج ہیں جس میں پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے اتحاد کے لئے سوائے ندامت کے کچھ نہ تھا، جسے دیکھ کر زیادہ تعجب نہیں ہوا۔ پیپلز پارٹی کیونکہ ایک بڑی جماعت ہے لہٰذاضمنی انتخابات میں شکست کچھ زیادہ ندامت اور شرمندگی لائی ہو گی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج پر تعجب اس لئے نہیں کہ ہمیں ایسا لگ رہا تھا کہ حکمران اتحاد اس الیکشن کو کچھ زیادہ ہی آسان لے رہا تھا۔ ہمیں یہ بھی محسوس ہو رہا تھا کہ یہ انتخابات عام انتخابات سے پہلے آخری معرکہ تھے۔ لہٰذا اس میں ہار جیت کا خاص چرچا ہوگا لیکن الیکشن کی اس اہمیت کے برعکس پیپلز پارٹی اور ق لیگ میں وہ سنجیدگی ہمیں دکھائی نہیں دی جسکا کوئی بھی انتخابات تقاضا کرتے ہیں۔ ہمیں ایسا بھی محسوس ہوا کہ دونوں حلیفوں نے مل بیٹھ کر انتخابات کے لئے کوئی مشترکہ منصوبہ بندی نہیں کی ۔
دونوں پارٹیوں کا کوئی ایسا مشترکہ اجلاس نظر سے نہیں گزرا جہاں دونوں پارٹیوں کی قیادتوں نے شرکت کی ہو۔ ہمیں کوئی اجلاس ایسا بھی نظر نہیں آیا جس میں دونوں پارٹیوں کی قیادتیں اور مقامی سیاسی کار کن جن کا تعلق انتخابی حلقوں سے ہو نظرآئے یا کسی انتخابی حلقے میں قدم کے ساتھ قدم ملا کر چل رہے ہوں۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ مقامی کارکنوں کی بھرپور شمولیت کے بغیر انتخابات جیتنے کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں کوئی ایسا سیاسی جلسہ دیکھنے کو نہیں ملا جس میں ق لیگ اور پیپلز پارٹی کے ورکرز شانہ بشانہ جھنڈے لہراتے ہوئے نظر آئے۔ اسی طرح ہم نے ضمنی انتخابات کے حلقوں میں دونوں طرف کے لیڈر ان کو حالت جنگ میں بھی نہیں دیکھا لہٰذا نتائج کچھ توقعات کے اتنے برعکس نہیں ہیں۔ اس لحاظ سے ق لیگ کا گلہ کہ پیپلز پارٹی کے ورکروں اور کارکنوں نے ہمارا ساتھ نہیں دیا اتنا غلط بھی نہیں ہے۔ مثال وہ یہ دیتے ہیں کہ گجرات میں پچھلے انتخابات میں بھی انکی پارٹی نے اتنے ہی ووٹ لئے تھے جتنے اب ضمنی انتخابات میں ان کی جماعت کے حصے میں آئے۔ جس کی تعبیر ان کے نزدیک یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان انتخابی عمل سے دور رہے ۔
پیپلز پارٹی کا ساتھ نہ دینے کا گلہ ق لیگ کی قیادت نے کتنادل کو لگایا ہے آنیوالے دنوں میں اسکا بھی پتہ چل جائے گا۔ ہمیں جو دونوں طرف سے جو چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ق لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد آنیوالے دونوں میں مشکلات سے دوچار ہوگا اور دونوں جماعتوں کی قیادتوں کو کسی کڑے امتحان میں ڈالا جاسکتا ہے۔ اور اگر پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کی پرواز انتخابی مہم کے دوران اور اس کے بعداتنی ہموار نہیں ہوگی تو اس کے آنیوالے انتخابات میں نتائج حکمران اتحاد بالخصوص پیپلزپارٹی کے لئے پنجاب کی حد تک اچھے نہ ہوں گے۔ ویسے بھی ق لیگ کی قیادت پیپلز پارٹی کے بعض فیصلوں پرحیرت زدہ ہے۔ اصغرخان کیس کے فیصلے کے بعدسیاسی حلقوں میںیہ بات گردش کررہی تھی کہ اس فیصلے کی ذد سب سے زیادہ نواز شریف پر پڑے گی اور پی پی پی نواز شریف کے ساتھ حساب برابر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ لیکن ان تمام تو قعات کے باوجود پی پی پی کا نواز شریف کو ہاتھ لگانے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آ رہا۔ چند روز پہلے وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے اس باب کو ہی بند کر دیاہے یہ کہہ کرکہ ہم نہیں چاہتے کہ نوازشریف کو ایف آئی اے گھسیٹے۔ منسٹر موصوف کے نوازشریف کے لئے جذبات کافی قابل ستائش ہیں لیکن ان کا بیان نواز مخالف قوتوں پر بجلی کی طرح گرا ہوگا۔ ق لیگ کی قیادت کے لئے بھی پی پی پی کا کبھی گرم اور کبھی نرم رویہ شکوک وشہبات پیدا کرنے کے لئے کافی ہے۔ عمران خان تو ویسے ہی کہہ رہے ہیں کہ دونوں پارٹیاں نور اکشتی لڑرہی ہیں اصل میں یہ دونوں ایک ہیں۔
ضمنی انتخابات سے ہم مثبت پہلو بھی اخذ کرسکتے ہیں۔ ان انتخابات نے یہ ثابت کر دیاہے کہ پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے اتحاد کو اپنی ہار کو جیت میں بدلنے کے لئے ایک لمبا فاصلہ طے کرناہے۔ امکان یہی ہے کہ دونوں جماعتیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گی اور آنیوالے عام انتخابات میں ایک ٹھوس اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ اُتریں گی اور دونوں جماعتوں کی قیادتیں اور کارکنان انتخابات میں مزید بڑھ چڑھ کرحصہ لیں گے۔ دونوں جماعتوں کی قیادتوں کو ایک دوسرے کے کارکنان کے درمیان دوریاں بھی ختم کروانی ہوں گی۔میرا ذاتی خیال ہے کہ زرداری صاحب کی وطن واپسی پر دونوں جماعتوں میں ماحول گرم ہو گااور دونوں جانب سے کھل کر بات ہو گی۔
سیاسی حلقوں میں عمومی تاثر یہی ہے کہ ابھی تک جیالوں نے (ن) لیگ کو صحیح طرح سے للکارا نہیں۔ لہٰذا دونوں پارٹیوں کی قیادتوں کو سر جوڑ کر مستقبل کی فکر کرنا ہوگی۔ اگر یہ دونوں پارٹیاں ایسا کرنے میں ناکام رہیں اور انہوں نے وہی کچھ کیا جو ہم نے ضمنی انتخابات میں دیکھا تو پھر پنجاب میں طاقت کا توازن نوازشریف کی طرف جھک جائے گا۔ اسی اثنا میں رائیونڈ کو لیجیے یا چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو ہرطرف مسکراہٹیں ہی مسکراہٹیں ہیں۔ رائیونڈ میں انتخابی معرکے کے ایک دن بعد جشن کا سماں تھا۔ ضمنی انتخابات کی جیت نے مسلم ن کی مقبولیت کا گراف پھر سے انتہائی درجے پر پہنچا دیا ہے۔ ظاہر ہے انتخابات کے قریب پارٹی کے حصے میں آنے والی جیت نے نفسیاتی طور پر ن لیگ کو ابھارنے میں کافی مدد دی ہے اور ن لیگ کا چرچا ہر طرف ہونے لگاہے ۔ ن لیگ کو بھی اپنے انتخابی اہداف حاصل کرنے میں اب آسانی ہوگی۔ جو لوگ پہلے عمران خان سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے تھے اب رائیونڈکارُخ کرتے نظر آرہے ہیں۔ لیکن بات وہی ہےُ ہزاروں لرزشیں حائل ہیں لب تک جام آنے میں۔ ہمارے ملک میں سیاسی پارٹیوں اور ان کی قیادتوں کی تقدیر میں اتار چڑھاؤ روز مرہ کا معمول بن کر رہ گیاہے ۔ جتنی تیزی کے ساتھ مقبولیت کا گراف اوپر جاتا ہے اتنی تیزی سے واپس بھی آتا ہے۔ ہماری سیاست بھی بالکل سٹاک ایکسچینج کی مانند ہے جس میں تیزی مندی معمول کا حصہ ہے۔ ابھی عمران خان کو ہی دیکھیے لاہور کے شہر ہ آفاق جلسے کے بعد ہر طرف ان کی طوطی بولتی تھی لیکن اب ان کاگراف بہت نیچے آ گیا ہے۔ زرداری صاحب کی بھی پنجاب میںآمدآمدہے۔ ہمیں معلوم ہواہے کہ ایک پراپرٹی ٹائیکون ان کے لئے بحریہ ٹاؤن میں ایک وسیع وعریض محل تعمیر کروا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں زرداری صاحب کا یہ ڈیرہ رائیونڈ کے مقابلے میں ایک متبادل طاقت کا مرکز ہو گا۔ لگتاہے کہ ابھی ملکی سیاست میںیاشایدپنجاب کی سیاست میں چھوٹے بڑے کئی بھونچال آنے والے ہیں
۔



​
 
Advertisement
pmln zindabad.. nxt elections me pmln hi win kray gi inshAllah.. ppp+pmlq or pti me 2nd position k liye zabardast muqabla expected he...
 
I don't really know how ppl say kay Imran ka graph neechay aa gaya hay...Do they measure this by the electronic media coverage a politician gets or is there any other yardstick to gauge his popularity....Are these writers 'blind' or they wearing 'Sethi Glasses' as they can't see throngs of people coming to IK jalsas.
 
I don't really know how ppl say kay Imran ka graph neechay aa gaya hay...Do they measure this by the electronic media coverage a politician gets or is there any other yardstick to gauge his popularity....Are these writers 'blind' or they wearing 'Sethi Glasses' as they can't see throngs of people coming to IK jalsas.

Media Propaganda, Joining of so called electables and Lifafa by PMLN......... Whereas PTI is lacking in all these things.