- Joined
- Feb 16, 2012
- Posts
- 408
- Reaction score
- 521
- Points
- 93
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی بجٹ دستاویز سے انکشاف ہوا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے بزرگوں کے مزار موسی پاک شہید ملتان کی آرائش اور دیکھ بھال کے لیے قومی بجٹ دو ہزار تیرہ میں ڈیرھ کروڑ روپے کی رقم مختص کرالی ہے ، جس کا اعلان جمعہ کو قومی اسمبلی میں کیا گیا۔ بجٹ دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ جہاں تین سو پچاس ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جارہا ہے وہاں ان دستاویزات میں جو اہم رقومات مختلف پروگرامز کے لیے مختص کی گئی ہیں، ان میں سب سے دلچسپ وزارت فنانس کی طرف سے ڈیرھ کروڑ روپے کی وہ رقم ہے جو کہ دربار موسی پاک شہید ملتان کی آرائش کے لیے رکھی گئی ہے۔
اس سے پہلے وزیراعظم گیلانی کے سپریم کورٹ میں وکیل اعتزاز احسن نے عدالتی کارروائی میں یہ کہا تھا کہ ان کے کلائنٹ یوسف رضا گیلانی ایک پیر اور گدی نشین ہیں لہذا ان کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ دیانتدار اور امین نہیں ہیں بہت سنگین الزام ہے جو کہ عدالت نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کے الزام میں جاری کی گئی چارج شیٹ میں لگایا تھا۔ اعتراز نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ان کے خیال میں پیر دقیانوسی خیالات کے مالک ہوتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا گیلانی دقیانوسی پیر ہیں۔ اس پر اعتزاز نے کہا وہ سب پیروں کے بارے میں یہ نظریہ رکھتے ہیں کہ وہ دقیانوسی ہوتے ہیں اس لئے کسی بے ایمانی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
بعد میں وزیراعظم ہاؤس میں کیے گئے ایک انٹرویو میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا تھا کہ وہ پیر گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن سیاست میں آنے کی وجہ سے وہ عملی پیر نہیں رہے۔ تاہم اب پتہ چلا ہے کہ وزیراعظم گیلانی نے وزارت فنانس کو ہدایات دے کر قومی بجٹ میں ڈیرھ کروڑ روپے اس لیے رکھوائے ہیں کہ اس سے ان کے بزرگوں کے مزار موسی پاک شہید کی تزہین و آرائش ہو سکے۔ دستاویزات کے مطابق اس منصوبے پر کل ڈیرھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ تاہم دو ہزار تیرہ کے مالی سال کے لیے ابتدائی طور پر اٹھارہ لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم اسی مزار کے گدی نشین بھی ہیں اوریہ مزار ان کا آبائی مزار چلا آرہا ہے جہاں انہی کے خاندان کا کوئی فرد گدی نشین ہوتا ہے اور مزار کی تمام آمدن بھی اسی کے پاس جاتی ہے۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں جمعہ کو پیش کی گئی بجٹ دستاویزات میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر زرداری نے حالیہ دورہ بھارت میں اجمیر شریف دربار کے لیے جو ایک ملین ڈالر یا نو کروڑ پاکستانی روپے عطیہ کا اعلان کیا تھا اس کی ادائیگی بعد میں پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک ہنگامی گرانٹ وزارت خزانہ سے لے کر اس دربار کے متولیوں کو کی تھی۔
یوں کافی عرصے بعد آخرکار اس راز سے پردہ اٹھ ہی گیا ہے کہ نو کروڑ روپے کا خطیر عطیہ کس کی جیب سے دیا گیا تھا اور وہ جیب پاکستان کے صدرکی نہیں تھی بلکہ عوام کی تھی جو ہر دفعہ اس طرح کے بوجھ اٹھاتی چلی آئی ہے۔ اب پاکستان کی قومی اسمبلی کو وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وہ صدر زرداری کی طرف سے دیے گئے اس نو کروڑ روپے کے اس عطیے کی منظوری دے کیونکہ یہ خطیر رقم وزارت فنانس نے ہنگامی طور پر ادا تو کر دی تھی لیکن اس کی قانونی حیثیت اس وقت تک نہیں بنے گی جب تک اس کی منظوری قومی اسمبلی میں نہیں دے گی۔
اس سے پہلے یہ تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا گیا تھا جب حال ہی میں صدر زرداری نے بھارت کادورہ کیا تو یہ کہا گیا تھا کہ وہ نجی دورے پر جارہے تھے اور ان کا مقصد وہاں اجمیر شریف درگاہ جا کر بے نظیر بھٹو کی کوئی منت پوری کرنی تھی۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ وہ منت کیا تھی اور کیسے بے نظیر بھٹو کی موت کے پانچ سال بعد پوری ہوئی تھی۔ تاہم ان کے دورے پر اس وقت تنقید ہوئی جب انہوں نے دربار کے متولیوں کے لیے ایک ملین ڈالر کی خطیر رقم کا اعلان کیا، جس پر پاکستان میں بحث چھڑ گئی تھی کہ آیا انہوں نے نو کروڑ بے نظیر بھٹو کی منت پوری کرنے کے لیے اپنی جیب سے ادا کیے تھے یا حکومت پاکستان کے خزانے سے ادائیگی کی گئی تھی۔تاہم اس پر حکومت پاکستان نے چپ سادھ لی تھی اور یہ پرسراریت برقرار رہی کہ وہ خطیر رقم کس نے ادا کی تھی۔
تاہم جمعہ کو اس راز کا بھانڈا پھوٹ گیا جب بجٹ دستاویزات میں وزارت خزانہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ہنگامی طور پر نو کروڑ روپے کی ادائیگی وزارت خارجہ کو کی تھی اور یہ رقم صدر زرداری کے دربار کے لیے اعلان کردہ عطیے کے لیے تھی۔ اب قومی اسمبلی یہ فیصلہ کرے گی کہ وہ اس عطیہ کو پاکستانی جیب سے دینے کی منظوری دیتی ہے کہ نہیں اور زیادہ امکان یہ ہے کہ اس کی نئے بجٹ کے ساتھ منظوری دی جاسکتی ہے۔
Last edited by a moderator:





