Advertisement

شیخ الاسلام : ایجنڈا کیا ہے؟

اعلی حضرت صرف شیخ الاسلام ہی نہیں،علامہ، ڈاکٹر،پروفیسر، مدبر ، مفکراور فقیہ بھی ہیں۔ایسے صاحبِ کشف و کرامات کو تو معلوم ہونا چاہیے کہ اصلاح کا عمل ارتقائی ہوتا ہے اور گاہے بوجھل اور طویل بھی۔انہوں نے مگر تین ہفتوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔تین ہفتوں میں تو کمر کا درد ٹھیک نہیں ہوتا،امورِ ریاست میں کامل اصلاح کیسے ہو سکتی ہے؟اس ساری واردات کا حاصل اب ایک ہی سوال ہے : شیخ الاسلام کا اصل ایجنڈا کیا ہے؟
شیخ الاسلام نے دھمکی دی ہے کہ تین ہفتوں میں اصلاحات نہیں ہوتیں تو چار ملین لوگ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور وہاں عوامی پارلیمنٹ بنا کر فیصلے کیے جائیں گے۔علامہ صاحب کے پاس اگر چار ملین لوگ ہیں تو انہیں اسلام آباد لانے کی کوئی ضرورت نہیں،شیخ الاسلام انہیں انتخابات کے ہنگام پولنگ سٹیشن لے جائیں ، ملک میں اسی روز انقلاب آ جائے گا۔لیکن شیخ الاسلام کی بدن بولی بتاتی ہے وہ بہت جلدی میں ہیں۔کیا وہ کسی خاص مشن پر ہیں؟
شیخ الاسلام کا جلسہ بلاشبہ غیر معمولی تھا لیکن کیا جلسوں کی بنیاد پر امور ریاست طے پاتے ہیں؟اگر معاملات الیکشن کی بجائے محض ایک عدد جلسے سے طے ہونا ہیں تو پھرکیوں نہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے بھی کہہ دیا جائے کہ وہ ایک ایک جلسہ کر لیں،الیکشن کمیشن کا نام جلسہ کمیشن رکھ دیا جائے ور اسے کہا جائے کہ وہ بتائے کس کا جلسہ بڑا تھا۔وہ جس کے حق میں فیصلہ دے اسے حکومت سونپ دی جائے۔ایک کامیاب جلسے کے بعد اگر عوامی پارلیمنٹ بنا کر اس میں فیصلوں کی بات ہو رہی ہے تو معاف کیجئے کیاا سے فسطائیت کی دستک سمجھا جائےْ ؟۔بچہ کتنا ہی لاڈلا کیوں نہ ہو اسے کھیلنے کے لئے چاند نہیں مل سکتا، اسے کھلونوں پر ہی گزارا کرنا پڑتا ہے۔اسی طرح جلسہ کتنا ہی کامیاب کیوں نہ ہو جائے وہ انتخابات کا متبادل نہیں بن سکتا۔نہ ہی مریدین اور وابستگان کے ہجوم کو پارلیمنٹ کا نام دیاجا سکتا ہے۔رولز آف گیم موجود ہیں۔اگر مقبولیت کا اتنا ہی زعم ہے تو انتخابات میں آئیے اور چالیس لاکھ لوگوں کے ووٹ لے کر نظام بدل دیجئے۔لیکن ایک جلسے کی بنیاد پر ملک کا نظام تہہ و بالا کر دینے کی خواہش بہر حال اتنی پر اسرار تو ہے کہ شیخ الاسلام جیسی معتبر ہستی کو بھی پہلے ہی جلسے میں خدا کی قسم اٹھا نا پڑ جاتی ہے کہ ان کے پیچھے کوئی ایجنسی نہیں ہے۔
گاہے معلوم ہوتا ہے شیخ الاسلام بہت جلدی میں ہیں اور کسی شارٹ کٹ کے متلاشی بھی۔لیکن معاملہ یہ ہے کہ قوموں کی زندگی میں کسی معنوی تبدیلی کے لئے کوئی شارٹ کٹ کامیاب نہیں ہو سکتا۔اس کے لئے ایک طویل ریاضت کی ضرورت ہوتی ہے۔ہمارا المیہ ہی یہی رہا ہے کہ ہم اپنی تعمیر کی بجائے ہر وقت شارٹ کٹ کی تلاش میں ہو تے ہیں کہ ہم رات کوسرسوں کا ساگ کھا کر سوئیں، آدھی رات کو ایک عدد مسیحا تشریف لائے اور صبح دم جب ہم اٹھیں تو ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہوں۔تین ہفتوں کی مہلت بھی ایک ایسی ہی افیون ہے۔اور اس افیون سے الیکشن توملتوی ہو سکتے ہیں حالات نہیں سدھر سکتے۔تو جناب ، کہیں یہی تو اصل ایجنڈا نہیں؟
گزشتہ پانچ سالوں سے اہلِ وطن ایک عذاب سے دوچار ہیں۔شیخ الاسلام نے جن مسائل کا ذکر کیا ہے ان مسائل کو جاننے کے لئے آدمی کا شیخ الاسلام ہونا ضروری نہیں ہے۔ہر آدمی کو ان کا علم ہے،سوال یہ ہے کہ شیخ الاسلام نے علاج کیاتجویز کیا ہے؟شیخ الاسلام ایک طویل عرصے سے ملک سے باہر تشریف فرما تھے،یہ سوال بھی خاصا اہم ہے کہ ان کے اخراجات کہاں سے پورے ہوتے رہے لیکن اس سے بھی اہم پہلو یہ ہے کہ شیخ الاسلام نے ملک پر کڑا وقت آیا تو ملک میں رہ کر اصلاح احوال کے لئے کوئی کوشش نہ کی۔کینیڈا چلے گئے۔نہ صرف چلے گئے بلکہ وہاں کی شہریت بھی لے لی۔ملکہ برطانیہ سے وفاداری کا حلف بھی اٹھا لیا۔اب جب الیکشن سر پر کھڑے ہیں تو شیخ الاسلام کو اچانک وطن کی یاد ستائی،تشریف لائے اور حکم دیا ناہنجارو تین ہفتوں میں سب ٹھیک کر دو ورنہ میں اپنے لشکریوں کے ساتھ آ رہا ہوں۔ہماری بد بختی دیکھئے کینیڈا کا ایک شہری ہمیں تین ہفتوں کا الٹی میٹم دے رہا ہے کہ انسان بن جاؤ ورنہ میں اپنی ایک عدد بچہ بغل مجلس مشاورت کو پارلیمنٹ کا نام دے کر تمہاری تقدیر کے فیصلے کروں گا۔
ہمارا موجودہ نظام بے شک عوم کو کچھ نہیں دے سکا لیکن اس کا یہ مطلب کیسے ہو گیا کہ ایک جلسے کے خراج میں اب زمامِ کار شیخ الاسلام کو سونپ دی جائے اور وہ اپنی عوامی پارلیمنٹ کے ذریعے حکومت چلائیں۔ان کے کریڈٹ پر آ خر ایسا کیا غیر معمولی کام ہے کہ حکومت ان کے قدموں میں نچھاور کر دی جائے؟منہاج القرآن کا ادارہ؟ جس کا مبلغ علمی ورثہ یہ ہے کہ یا تو وہ شیخ الاسلام کی لکھی کتابیں چھاپتا ہے یا شیخ الاسلام پر لکھی گئی کتابیں۔بس۔۔۔۔۔کیا اس علمی کام کا خراج تختِ ریاست ہے؟یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ ایک آدمی اتنی کتابیں کیسے لکھ سکتا ہے؟لکھتا ہے یا لکھواتا ہے؟
شیخ الاسلام نے بار بار آئین کا حوالہ دیا کہ انتخابات کچھ دیر کو موخر ہو جائیں تو کوئی مضائقہ نہیں۔وہ کہنا یہ چاہ رہے تھے کہ دستور کے دیگر آرٹیکلز یعنی 62,63کو بھی ذہن میں رکھا جائے اور انتخابات سے پہلے اصلاحات لائی جائیں۔اب سوال یہ ہے کہ ان کے اپنے بارے میں عدالت عالیہ کا جو فیصلہ موجود ہے جس میں انہیں جھوٹا اور نہ جانے کیا کچھ کہا گیا ہے کیا اس کے بعد وہ خود ان آرٹیکلز میں دی گئی شرائط پر پورا اترتے ہیں؟کیا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جب وہ اسلام آباد کا رخ کریں گے تو حکومت ان کے قدموں میں ڈال دی جائے گی؟ظاہر ہے یہ تونہیں ہو سکتا۔تو پھر شیخ الاسلام کا اصل ایجنڈا کیا ہے؟انتخابات کا التواء؟یاد رہے کہ انتخابات کے التوا کا تعلق محض مقامی سازشوں سے نہیں ہوتا۔تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ پاکستان میں جب جب غیر منتخب حکومتیں آئیں کوئی بڑی واردات ہوئی۔امورِخارجہ سے متعلق تمام بڑے فیصلے اس وقت ہوئے جب ملک میں غیر جمہوری حکومتیں تھیں۔65 کی جنگ ایک جنرل نے لڑی،سانحہ مشرقی پاکستان ایک جرنیل کے دور میں ہوا،جہاد، افغانستان کا آغاز اس وقت ہوا جب امیر المومنین کی آمریت مسلط ہو چکی تھی،پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے سے پہلے جمہوری حکومت کو گھر بھیج کر مشرف کو لایا گیا۔۔۔۔۔اب اگر ایک بار پھر کسی مقدس نعرے کی آڑ میں جمہوری عمل میں تعطل لایا جاتا ہے جو جان لیجئے کوئی نئی واردات دستک دے رہی ہے۔امورِ خارجہ کے باب میں کوئی نئی نان سنس ہونے والی ہے۔کوئی نیا ایڈ ونچر ہونے کو ہے۔اللہ خیر کرے۔



​
 
۔ہماری بد بختی دیکھئے کینیڈا کا ایک شہری ہمیں تین ہفتوں کا الٹی میٹم دے رہا ہے کہ انسان بن جاؤ ورنہ میں اپنی ایک عدد بچہ بغل"
"مجلس مشاورت کو پارلیمنٹ کا نام دے کر تمہاری تقدیر کے فیصلے کروں گا

یہ ایک بات ہی ہماری قوم کو جگانے کے لیے کافی ہے اگر کوئی سمجھے تو
​
​
 
اگر کسی کو یاد ہو تو یوسف رضا گیلانی نے میمو گیٹ کے دنوں میں بیان دیا تھا کہ

"کینیڈا سے کوئی آکر اس ملک کو نہیں بچائے گا"۔
​