- Joined
- May 1, 2017
- Posts
- 276
- Reaction score
- 1,541
- Points
- 93
آج عدالت کی طرف سے ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ دیکھنے کو ملا جب سپریم کورٹ نے ڈاکٹر شاہد مسعود کے پروگرام پر 3 ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی۔
اگر آپ اس پہلو پر شروع سے ایک نظر دوڑائیں تو آپ دیکھیں گے کہ یہ بات شاہد مسعود کے اس پروگرام سے شروع ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ قاتل عمران علی کا تعلق ایک بین الاقوامی گروہ سے ہے اور اس کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔ اس کی دلیل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے جنسی تشدد کی ویڈیوز کا سب سے بڑا اڈہ ڈارک ویب ہے جہاں یہ باقاعدہ ایک بزنس ہے۔
اگر کسی جنسی درندے کو بچی کے ساتھ زیادتی کرنی ہی تھی تو وہ ویسے بھی کر سکتا تھا لیکن بیہیمانہ تشدد کے نشانات یہ بتاتے ہیں کہ یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا نظر آ رہا ہے۔ اور پھر انہوں نے چیف جسٹس سے التجا کی کہ وہ یہ کیس سنیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے ڈاکٹر شاہد مسعود نے کس پر الزام لگایا ؟ کیا چیف جسٹس پر الزام لگایا یا کسی معزز شخصیت پر لگایا ؟ الزام تو ایک قاتل پر لگایا گیا تھا جو کہ اس وقت پولیس کی حراست میں تھا۔ تو پھر چیف جسٹس کا رویہ اور غصہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ دوسری صورت میں کیا شاہد مسعود کا یہ جرم یہ تھا کہ انہوں نے یہ کیوں کہا کہ "اگر میں غلط کہہ رہا ہوں تو مجھے پھانسی پر چڑھا دیا جائے"۔
اگر سزا اس بات پر دی گئی ہے کہ یہ جملہ کیوں کہا تو پھر اچھا ہوتا کہ یہ وضاحت کر دی جاتی کہ یہ کس قانون اور آرٹیکل کے تحت قابلِ گرفت جملہ ہے ؟
اگر خبر غلط ہونے پر سزا دی گئی ہے تو پھر آج تک جنگ اور جیو کی جھوٹی اور غلط خبروں پر اب تک فیصلے کیوں نہیں آئے جب کہ احمد نورانی اپنی جھوٹی خبر پر معافی بھی مانگ چکا ہے اور اس کا کیس ابھی تک عدالت میں چل رہا ہے۔
اگر سنسنی پھیلانے پر سزا دی گئی ہے تو پھر حامد میر کے قاتلانہ حملے کی تحقیقات آج تک کیوں نہیں کی گئیں جس کے بعد حامد میر نے آئی ایس آئی کے چیف جنرل ظہیر السلام پر الزام لگایا تھا اور جیو نیوز نے دس گھنٹے تک مسلسل سرکاری ادارے اور اس کے سربراہ کی کردار کشی کی تھی ؟
اگر جوش خطابت پر سزا دی گئی ہے تو پھر یاد کیجیے کہ اس جوشِ خطابت کا بانی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہے جس نے جوش خطابت نامی جھوٹ کی بنیاد رکھی لیکن آج تک کبھی کسی نے اسے غلط تک نہیں کیا تو پھر شاہد مسعود ہی زیرِ عتاب کیوں ؟
اگر جے آئی ٹی میں اپنی صفائی نہ دینے کی وجہ سے سزا دی گئی ہے تو پھر ذرا یاد کر لیجیے کہ آج تک پاکستان میں کتنی جے آئی ٹیز بنی اور کتنے لوگوں کو جے آئی ٹی کی تحقیات کی بنیاد پر سزا دی گئی ہے ؟ ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی بنی ، وہ آج بھی آزاد ہیں بلکہ اب تو پھر منسٹر بن چکے ہیں۔ عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی بنی لیکن کچھ پیش رفت نہیں ہوئی۔ سانحہ بدلیہ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤں اور ایسی بے شمار جے آئی ٹیز آج ردی کی ٹوکری میں موجود ہیں۔ مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن صفدر کے اثاثوں پر پانامہ کی جے آئی ٹی بنی لیکن وہ سب لوگ ہر روز توہینِ عدالت کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
کیا صرف ڈاکٹر شاہد مسعود کو سزا کچھ لوگوں کو خوش کرنے کے لیے دی گئی ہے ؟ جب کہ اطلاعات یہ ہیں کہ از خود نوٹس کے بعد ڈاکٹر شاہد مسعود کے خلاف ایک زبردست میڈیا کیمپئن چلائی گئی اور اسی دوران بااثر شخصیات کے ذریعے سپریم کورٹ آفس سے ایک سجیشن ان پٹ کی گئی کہ اگلی سماعت پر تمام میڈیا مالکان، صحافیوں اور اینکرز کو بلایا جائے۔ وہاں جب سب لوگ آ گئے تو شاہد مسعود کے خلاف اس قدر زیادہ ری ایکشن دیا کہ چیف جسٹس میڈیا کے لوگوں کی بات سننے پر مجبور ہو گئے اور دوسری طرف ایک زبردست میڈیا کیمپئن بھی کی گئی جس نے چیزوں کو ایک عجیب رخ کی طرف موڑ دیا اور میڈیا مافیا چیف جسٹس کا شاہد مسعود کے خلاف ذہن بنانے میں کامیاب رہا۔
جب سے نوازشریف نااہل ہوا ہے اور نون لیگ نے پورے میڈیا میں توہینِ عدالت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، اس دن سے ڈاکٹر شاہد مسعود عدلیہ کے سپوکس پرسن کی طرح اس کا دفاع کر رہا تھا اور جن صحافی و اینکر حضرات کو آج چیف جسٹس ثاقب نثار صاحب خوش کرنے میں مصروف تھے یہ پچھلے چھ مہینے سے ہر روز اسی ثاقب نثار پر تبرہ بھیج رہے تھے۔
ثاقب نثار صاحب جب نون لیگ کی طرف سے آپ کی کردار کشی اور مسلسل توہینِ عدالت کی گئی تو آپ نے خود فرمایا تھا کہ "ہم برداشت اور تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے" ۔۔۔ تو جنابِ اعلیٰ سوال یہ ہے کہ یہ برداشت اور تحمل صرف طاقتور کے لیے ہے ؟ کوئی کمزور شکنجے میں آ گیا تو آپ نے بھی اسے ایک شکاری باز کی طرح بھنبھوڑ کے رکھ دیا۔ برداشت اور تحمل کے اس فلسفے پر صرف اتنا کہوں گا کہ ۔۔۔۔ افسوس صد افسوس
ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ سزا بالکل بھی جسٹی فائی ایبل نہیں ہے۔ یہ کوئی کیس ہی نہیں تھا۔ لیکن افسوس اس بات پر ہو رہا ہے کہ شاہد مسعود نے تو زینب کے قاتل اور اس کے پیچھے موجود گروہ کی نشاندہی کی تھی اور اس کا انجام یہ ہوا کہ نشاندہی کرنے والے کو ہی سزا دے دی گئی۔
آج کے بعد اس ملک میں کوئی بھی شخص حق اور انصاف کے لیے کھڑا نہیں ہو گا اور اس ملک کی زینبیں لٹتی رہیں گی کیونکہ سب نے آواز اٹھانے والے کا انجام دیکھ لیا۔
ثاقب نثار صاحب آج آپ نے بہت مایوس کیا۔
تحریر و تجزیہ: عاشور بابا
Facebook page - AashoorBaba
Twitter Handle - Aashoor
Facebook page - AashoorBaba
Twitter Handle - Aashoor
Last edited:





