Advertisement

شاہد آفریدی سے ایک غیر رسمی ملاقات

17309482_1856670427939767_4259981854656328080_n.jpg


آفس میں کام کی مصروفیت تھی کہ یکدم فون کی گھنٹی بجی، میں نے اسکرین پر دیکھا تو شاہد آفریدی کی کال تھی،
’’ہفتے کو کھانا میرے ساتھ نئے گھر میں کھانا ہے بھائی، میں نے اپنے 20،25 دوستوں کو ہی مدعو کیا ہے، کوئی بہانہ نہیں چلے گا‘‘
اس کے بعد ناں کی تو کوئی گنجائش ہی نہیں تھی۔

جیسا کہ پہلے طے ہوا تھا کہ گھر کے قریب کی ایک مشہور جگہ پہنچ کر میں نے کال کی تو لوکیشن پتا چل گئی۔ بس جیسے ہی گھر پہنچا تو دیکھتے ہی منہ سے ماشاءﷲ کے الفاظ ادا ہوئے۔ شاہد آفریدی نے واقعی بہت خوبصورت گھر بنایا ہے، اندر جاتے ہی آفریدی اپنے روایتی انداز میں بغلگیر ہوئے، پی ایس ایل میچ کے دوران زخمی ہونے کی وجہ سے ان کے ہاتھ پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ جب میں وہاں پہنچا تو اُس وقت اُن کے بھائی مشتاق آفریدی سمیت چار، پانچ لوگ ہی موجود تھے۔ پہنچنے والوں میں سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال، صحافی ماجد بھٹی، شاہد ہاشمی اور ایک کوئی اور صاحب تھے۔

تمام مہمان حضرات کو آفریدی گھر کے بیسمنٹ میں لے گئے، وہاں داخل ہوتے ہی ایک طرف یونس خان، سچن ٹنڈولکر، اے بی ڈی ویلئرز اور شین وارن کی دستخط شدہ فریم شرٹس نظر آئیں تو دوسری جانب ویرات کوہلی کی دستخط شدہ شرٹ فریم میں نصب تھی۔ بائیں جانب کی دیوار پر آفریدی کے وکٹ لینے کے بعد والے مشہور پوز کی بڑی پینٹنگ اور چند اہم مین آف دی میچ و دیگر ٹرافیز رکھی ہوئی تھیں۔ یہیں انہوں نے اپنی 10 نمبر والی پاکستانی شرٹ بھی فریم کراکر لگائی ہوئی تھی، ساتھ ایک کمرے میں اسنوکر ٹیبل رکھی تھی۔ جب ہم بیسمنٹ پہنچے تو وہاں چند بزرگ و دیگر مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔

17309078_1856670544606422_3833089134442002026_n.jpg


17342644_1856670641273079_8357889633059291852_n.jpg


17309610_1856670731273070_8083102617863631207_n.jpg


17265041_1856670827939727_6423468063999341077_n.jpg


17309762_1856670977939712_5301803361268809858_n.jpg


17201269_1218194624902869_8138630903248091901_n.jpg


17103827_1218194811569517_3214781675215531688_n.jpg


17264725_1218194954902836_8499444816968031086_n.jpg



وہاں سب کی باتوں کا سلسلہ جاری رہا اور مہمان بھی آتے رہے۔ دیگر آنے والے مہمانوں میں سابق اسکواش اسٹار جہانگیر خان، سابق کپتان معین خان، صلاح الدین صلو، عبدالرقیب، ڈاکٹر جنید علی شاہ، گلوکار شہزاد رائے سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شامل تھیں، وہاں آفریدی نے سب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ
’’آپ سب میرے اچھے دوست ہیں، اِس لیے نئے گھر کی خوشی میں مدعو کرنا ضروری سمجھا۔ سب سے پہلے کچھ دین کی باتیں ہوں گی اُس کے بعد کھانا کھائیں گے‘‘
پھر ایک باریش صاحب نے بہت اچھی دینی باتیں کیں، مجھے صحافی مرزا اقبال بیگ نے بتایا کہ وہ کسٹمز کے سابق ہاکی کھلاڑی جمشید سلطان ہیں جو اب تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اِس گفتگو کے بعد باجماعت نماز ادا کی گئی اور پھر کچھ دیر بعد اوپر صحن میں کھانا شروع ہوا۔


کھانے میں باربی کیو سمیت مختلف ڈشز کا اہتمام کیا گیا تھا، اِس دوران بات چیت کا سلسلہ بھی چلتا رہا، شاہد آفریدی اور اُن کے بھائی مشتاق آفریدی سب کا بھرپور خیال رکھتے رہے، جس ٹیبل پر میں بیٹھا تھا وہاں معین خان اپنے مخصوص انداز میں لطائف سنا کر سب کے قہقہے لگوا رہے تھے۔ کھانے کے بعد میں نے گھڑی دیکھی تو اندازہ ہوا کہ کافی دیر ہوچکی ہے اور دوبارہ دفتر جا کر کام بھی کرنا تھا، میں نے شاہد آفریدی سے اجازت مانگی تو انہوں نے روک لیا کہ ابھی نہیں جانا گپ شپ لگاتے ہیں، میں نے انہیں آفس جانے کا بتا کر رخصت لی۔
وہاں سے جاتے ہوئے میں یہی سوچ رہا تھا کہ شاہد آفریدی کو اتنی عزت ملنے میں اہم کردار اُن کی منکسرالمزاجی کا بھی ہے۔ اُن سے مل کر کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ اتنا بڑا اسٹار ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اُن کے مداحوں کی تعداد اب بھی برقرار ہے۔


نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لئے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔

Source link: https://www.express.pk/story/764641/

​
 
Last edited:
Advertisement
سلیم خالق اچھے سپورٹس جرنلسٹ ہیں