ضمانت بعداز گرفتاری اور قبل از گرفتاری کے مقدمات کی سماعت بھی ترجیحی بنیادوں پر کرنیکا فیصلہ: ذرائع
سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے ترجیحی مقدمات کے حوالے سے 7 نکاتی پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی کی طرف سے ترجیحی مقدمات کے حوالے سے 7 نکاتی پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی طرف سے ترجیحات طے کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ مقدمات جن پر جلد فیصلہ کرنا قانونی تقاضا ہے انہیں سماعت کیلئے جلد مقرر کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرسربراہی 3 رکنی کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ انتخابی تنازع کے حوالے سے مقدمات کی سماعت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ ضمانت بعداز گرفتاری اور ضمانت قبل از گرفتاری کے مقدمات کی سماعت بھی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 3 رکنی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 سال تک کی سزا والے فوجداری مقدمات بھی ترجیحی بنیادوں پر سنے جائیں گے جبکہ عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے ایک ہی فیصلہ جس کے خلاف متعدد درخواستیں دائر کی گئی ہوں ایسے مقدمات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کر لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرسربراہی 5 رکنی سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو مس کنڈکٹ کی شکایت پر اکثریتی بنیاد پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 14 دنوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ رجسٹرار کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا آخری اجلاس 2021ء میں ہوا تھا جس کے بعد مزید شکایات درج کروائی گئی تھیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10کجھسجھسج جسججسگجسگ.png
Advertisement





