سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آج گجر نالہ اور اورنگی متاثرین کی عدم آبادکاری کے معاملے پر توہین عدالت کی سماعت ہوئی۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری، کمشنر اوردیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
دورن سماعت متبادل گھر دینے کے حکم پر عمل درآمد نا ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ یہاں تو گوٹھ بنا دیے جاتے ہیں، آدھا کراچی تو گوٹھ بنا دیا ہے، پولیس اگر تجاوزات ختم نہیں کرسکتی تو پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ لے آئیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ متبادل گھروں کا معاملہ کہاں پہنچا؟ آپ لوگ بتائیں کیا ہوا؟ جس پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ کابینہ کی منظوری باقی ہے تھوڑی مہلت دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ کابینہ کے چکر میں پڑیں یا کچھ اور کریں، عمل درآمدکرناہوگا۔
مئیر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ پلاٹ یا تعمیر کیلئے نقد رقم، دونوں آپشنزپر غور کیا جارہا ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا، کہیں زمین کی نشاندہی کی گئی ہے اور وہاں کیا ہے؟
جس پر مئیر کراچی نے جواب دیا کہ زمین مختص کردی گئی ہے، وہاں کوئی تجاوزات ہیں اور انہیں ختم کرنےکیلئے وقت دیا جائے۔
عدالت نے مئیر کراچی کو کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے زمین خالی کروا کے دیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ زمین دستیاب ہے، مکان تعمیر کا معاملہ زیرغورہے۔
دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ 600سے زائد متاثرین کو چیکس نہیں دیے جاسکے، کچھ نے رابطہ نہیں کیا، کچھ کے شناختی کارڈز بلاک ہیں، کچھ متاثرین انتقال کرگئے۔
عدالت نے فہرست متاثرین کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ امید ہے معاملہ اب مزید آگے بڑھے گا
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/supremech1i11h2.jpg
Advertisement





