سوڈان میں اقتدار پر قبضہ کرنے والی فوجی قیادت کے لیے نئی مشکل کھڑی ہو گئی، افریقی یونین نے سوڈان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سوڈان کے فوجی جنرل عبدالفتاح برہان نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے بعد افریقی یونین نے سوڈان میں سویلین حکومت کی بحالی تک ہر قسم کے رابطے منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں افریقن یونین نے بیان بھی جاری کر دیا ہے۔
افریقی یونین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقتدار پر فوجی قبضے تک کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جائے گا اور تجارت، دو طرفہ تعلقات، ایوی ایشن سمیت پابندیاں برقرار رہیں گی۔
افریقی یونین نے سول حکومت کے خاتمے کی شدید مذمت کی ہے، یونین کا کہنا تھا کہ فوجی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور اقتدار چھوڑ کر جمہوریت بحال کرے اور فیصلوں کا اختیار عوامی نمائندوں کو دے۔
اقتدار پر قبضہ کرنے والے جنرل برہان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی 2023 تک ایک سویلین حکومت کا انتخاب کرانے کے بعد ملک کا اقتدار پوری طرح اسے سونپ دیں گے۔
سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد عالمی برادری نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، امریکا نے سخت مذمت کرتے ہوئے سوڈان کے 70 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو معطل کردیا۔
ادھر عالمی بینک نے سوڈان کے لیے مختص امداد کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امداد کی اچانک معطلی کے باعث سوڈان کی پہلے سے ہی کمزور معیشت کو مزید سختیاں برداشت کرنا پڑے گی۔
اقوام متحدہ نے سوڈانی وزیر اعظم کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے ایک بیان میں فوجی بغاوت کی مذمت کی اور سویلین رہنماؤں کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا۔
یورپین یونین نے بھی سوڈان کے وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک، وزرا کی گرفتاری اور حکومت کے خاتمے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/sudan-sanctions211.jpg
Advertisement





