Advertisement

سوشل ویب سائیٹس کے مالکان کے لیے

شہرت یا رسوائی

سوشل ویب سائیٹس کے مالکان کے لیے



social-media-300x113.png


کسی شاعر نے کبھی کہا تھا کہ بدنام ہونگے تو کیا نام نہ ہوگا۔ آج عرصے بعد سوشل میڈیا کے آنے سے یہ مصرعہ سچائی کی نئی منزلوں کو چھونے لگا ہے۔ اب صحیح یا غلط کا تصور نہیں رہا، جو بھی نظروں میں آگیا اسکی قسمت بن گئی۔ پہلے چینلوں کے کھل جانے سے ریٹنگ کی دوڑ نے سب کو یہ سکھا دیا کہ ریٹنگ اچھی یا بری نہیں ہوتی بس ریٹنگ ہوتی ہے اور آمدنی لاتی ہے۔ اب سوشل میڈیا پر آئے روز کھل جانے والی نئی نئی ویب سائیٹس نے بھی اس دوڑ میں اپنے گھوڑے دوڑانا شروع کر دیے ہیں۔ ویب سائیٹ میں رینکنگ ہوتی ہے، جو یہ بتاتی ہے کہ کوئی ویب سائیٹ کتنی مقبول ہے۔ رینکنگ کی اس دوڑ نے سوشل میڈیا میں بھی وہی رویے متعارف کروا دیے ہیں جس میں ہر کوئی یہ محسوس کر رہا ہے کہ رینکنگ رینکنگ ہوتی ہے اور وہ مقبولیت لاتی ہے۔ اس سے کوئی غرض نہیں کہ یہ رینکنگ کس طرح کے کونٹینٹ سے حاصل کی جاتی ہے۔

حالیہ ایک ویب سائیٹ پر چھپنے والی ایک تحریر سے یہ بحث ایک دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ مجھے اتفاق سے ایسے کئی سوشل گروپس میں بات کرنے کا اتفاق ہوا جہاں لوگ اس پر بات کر رہے تھے۔ ان میں سوشل میڈیا کی ویب سائیٹس کے مدیران و مالکان بھی شامل تھے۔

ان بحثوں میں ایک نکتہ نظر تو یہ تھا کہ نظریاتی ویب سائیٹس کو اپنے مضامین میں ایک معیار کو برقرار رکھنا چاہیے۔ اظہار رائے کی آزادی اپنی جگہ مگر اخلاقی اقدار اور زبان و بیان کی شائستگی کو ملحوظ رکھا جائے تو بہتر ہے۔ اس سے ویب سائیٹ کی توقیر میں اضافہ ہوگا، اور وقت کے ساتھ ساتھ اسکی ریڈرشپ بڑھ جائے گی ۔ جس کے ساتھ ہی رینکنگ میں بھی اضافہ ہو جائگا۔

دوسرا نکتہ نظر بھی اپنی جگہ کم اہم نہیں تھا۔ ایسے بہت سے لوگ تھے جو اس نکتہ نظر کے حامی تھے کہ ویب سائیٹ پر ریڈرز کو آنا چاہیے، چاہے وہ کسی بھی طرح سے آئیں۔ اگر صرف سنجیدہ مضامین پیش کیے جائیں گے تو ریڈرز نہیں آئیں گے۔ اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ایسے مصالحہ دار مضامین شامل رکھے جائیں جن سے رینکنگ بڑھتی رہے ۔ کیونکہ اگر رینکنگ بڑھے گی تو ریڈرز خود بخود سنجیدہ مضامین کو بھی پڑھ لیں گے۔ اگر رینکنگ نہ بڑھی تو ہماری ویب سائیٹ کون دیکھے گا۔

پہلے نکتہ نظر سے تو کوئی زی ہوش انکار نہیں کرے گا کہ اعلیٰ اخلاقی اقدار کا حصول ایک بہتر انسانی معاشرے کے آئیڈیل کی حیثیت رکھتا ہے۔ البتہ دوسرے نکتہ نظر کا تنقیدی جائزہ لیتے ہیں کہ آیا کیا واقعی سوشل میڈیا پر اچھائی برائی کے پیمانوں سے بے نیاز صرف رینکنگ ہی کامیابی کی سیڑھی ہے؟

اپنے پاکستان سے ہی مثال لیتے ہیں اور حالیہ دور ہی کی مثال لیتے ہیں۔ آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلے دور حکومت میں ہمارے سارے کے سارے دانشور ایک زرداری سب پہ بھاری کے قائل ہو چکے تھے اور قوم کو بھی قائل کرنے کی کوشش میں تھے۔ زرداری صاحب نے جس طرح اپنے پینتیروں سے سارے اداروں اور عدلیہ کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا، سارے دانشور واہ واہ کر اٹھے کہ اصل سیاست تو یہی ہے، کتنے پرانے اور گھاگ سیاستدانوں کو دھوکہ دے دیا یا دوسرے لفظوں میں چالاکی سے مات دے دی آصف زرداری نے۔ مگر آج ان دانشوروں سے آصف زرداری کا مقام و مرتبہ دوبارہ پوچھا جائے تو وہ کہیں گے کہ آصف زرداری نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں اس پارٹی کو مار دیا جو کئی لیڈرز کے مرنے کے باوجود چالیس سال سے زندہ تھی۔

تنیجہ اس مثال سے یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ کاٹھ کی ہنڈیا ہر بار نہیں پکائی جا سکتی۔ یا ایک اور سیانے کے قول کے مطابق آپ کسی کو ہر بار، یا ہر کسی کو ایک بار بیوقوف بنا سکتے ہیں، مگر آپ ہر کسی کو بار بار بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے معاشرے کی گری پڑی حالت کے باوجود عوام نے آصف زرداری کی گھٹیا سیاست کو رد کر دیا۔ اور وعدے قران و حدیث نہیں ہوتے، کہنے والے سیاستدان کو تاریخ کا بھگوڑا بنا دیا۔

اب آپ الیکٹرانک میڈیا کی مثال لے لیں۔ جن چینلز نے سنسنی خیزی، اور منفی خبریت کو اپنی رینکنگ کا زریعہ بنایا ، شروع میں تو یونہی لگا کہ ایک زرداری سب پہ بھاری، کہ ریٹنگ کا جن آسمان کو چھونے لگا، مگر رفتہ رفتہ لوگ اس کو سمجھنے لگے، اور آج ایسے چینلز کی لوگوں کے زہنوں میں ایک مستقل تصویر بن چکی ہے۔ اور اکثر لوگوں نے ایک گھٹیا پروگرام کی وجہ سے پورا چینل ہی دیکھنا چھوڑ دیا ہے۔

میرا خیال ہے اگر ہم اپنے ارد گرد دیکھیں تو ہمیں طرح طرح کی ایسی مثالیں ملیں گی، جس میں وقتی فائدہ کچھ کم زہنوں کو اس حد تک متاثر کرتا ہے کہ وہ اسی کو آفاقی سچ سمجھنے لگ جاتے ہیں۔ اور ان میں سے جو بزعم خؤد دانشور ہوتے ہیں وہ دوسروں کو بھی سمجھانا شروع کر دیتے ہیں کہ بھائی جی اب یہی چلن ہے۔ اب یہی رستہ ہے۔

مگر جو نظر رکھتے ہیں، وہ سمجھ جاتے ہیں کہ آفاقی سچ بدلا نہیں کرتے۔ اصلی کامیابی فوراً نہیں ملا کرتی ،اور اکثر مسلسل محنت اور لگن سے ملا کرتی ہے۔ اور وہی مستقل ہوتی ہے۔ عارضی فائدے والے عارضی فائدہ ہی لے پاتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے ویب مالکان سے درخواست ہے کہ ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کی جائے جو آپ کو وقتی رینکنگ تو دے دیں مگر اصل میں آپکی شناخت ایک نظریاتی پلیٹ فارم سے نفسانی تسکین کے کونے میں تبدیل کر دیں۔
محمود فیاض نےانگلستان سے ماس کمیونیکیشنز میں ماسٹرز کیا اور بین الاقوامی اداروں سے وابستہ رہے۔ آج کل وہ ایک عدد ناول اور ایک کتاب پر کام کر رہے ہیں۔ اساتذہ، کتابوں اور دوستوں کی رہنمائی سے وہ نوجوانوں کے لیے محبت، کامیابی اور خوشی پر لکھتے ہیں۔
امید ہے میرے اس تجزیے سے وہ لوگ متفق ہونگے جو ایسے سوشل پلیٹ فارم کا آغاز کرتے ہوئے قومی خدمت اور محنت کے جذبے سے سرشار تھے اور مسلسل مسابقت جن کو ایسی وقتی بوسٹر ڈوز کی طرف مائل کر چکی ہے اور وہ کنفیوز ہیں کہ ہماری عوام تو جنسیات پر پڑھنا چاہتی ہے تو ہم وہی کیوں نہ چھاپیں۔

میرا مشاہدہ ہے کہ جو رسالے، میگزین، یا ویب سائیٹس اپنے آغاز میں جنسیت اور سنسنی خیزی کے دلدادہ کو بحیثیت ریڈر قبول کر لیتے ہیں، بالاخر وہی انکی پہچان بن کر انکی رسوائی کا باعث بن جاتے ہیں۔ اب فیصلہ انہوں نے خؤد کرنا ہے کہ انکو محنت والی شہرت چاہیے، یا راتوں رات مل جانے والی رسوائی۔
؎ فیصلہ تیرا تیرے ہاتھوں میں ہے، دل یا شکم

MF-Restt-Small-profile-150x150.jpg

محمود فیاض

​
 
Last edited by a moderator: