Advertisement

رفیق اعلیٰ کی جانب ۔۔ پہلا حصہ ۔۔

d9726d6818bd7830b95329da84c01921_M.jpg



بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
​
رسول اللہﷺ کی حیاتِ طیبہ کا آخری باب

رفیق اعلیٰ کی جانب


ماخوذ از: رحیق المختوم للعلامہ صفی الرحمٰن مبارکپوری رحمہ اللہ

توضیح و اضافات: حافظ حماد چاؤلہ (نائب مدیر المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر)

((علامہ صفی الرحمٰن مبارکپوری رحمہ اللہ کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ، آپ کا شمار دورِ حاضر کے معروف سیرت نگاروں میں ہوتا ہے ، سیرتِ رسولِ مصطفی ﷺ پر آپ کی کئیں گراں قدر تصانیف ہیں جن میں سرِ فہرست عالمی مقابلہ سیرت نگاری میں پہلا درجہ حاصل کرنے والی مایہ ناز تصنیف الرحیق المختوم ہے، جو عربی ، انگلش کے علاوہ اردو زبان میں بھی موجود ہے ، اسی مایہ ناز کتاب کا ایک با ب قارئین کی خدمت میں پیشِ نظر ہے جو نبی رحمت جناب محمد رسول اللہ ﷺکی حیاتِ طیبہ کے آخری مبارک ایام کے ذکر پر مشتمل ہے۔ اس باب کا انتخاب بطورِ مضمون کے اس لئے کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو جہاں ایک طرف رسول اللہ ﷺکی زندگی کے آخری ایام کی کیفیت معلوم ہو وہاں دوسری طرف اصحابِ محمد صحابا کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی مبارک شخصیات پر جو اس قسم کے غلیظ اعتراضات کیے جاتے ہیں کہ رسول اللہﷺکی وفات کے بعد آپﷺکی تجہیز و تکفین سے صحابا کرام کا کوئی تعلق نہیں رہا ، یا صحابا نے آپ ﷺکا جنازہ نہیں پڑھا ، یا رات کی تاریکی میں رسول اللہ ﷺکی تدفین کی گئی ، یا رسول اللہ ﷺکی وفات کے بعد معاذ اللہ صحابا کو کئی غم و افسوس نہیں تھا بلکہ انہیں خلافت و حکومت اختیار کرنے کی فکر تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔ وعلیٰ ھذا القیاس ۔ لہٰذااس تحریر میں راقم نے چند واجبی توضیحات کا اضافہ کردیا ہے جسے بین القوسین کرکے سرخ رنگ سے نمایاں کیا گیا ہے تاکہ عوام الناس کو محترم شیخ صفی الرحمٰن رحمہ اللہ کی تحریر کو سمجھنے میں بھی آسانی ہو اور غیر جانبدار ہوکر انصاف کے ساتھ پڑھنے والے کو صحابا کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی شخصیات پر کیے جانے والے مذکورہ اعتراضات کے جوابات بھی حاصل ہوجائیں ۔ ))

الوداعی آثار:

(رسول اللہ ﷺ کی رحلت سے پہلے کی علامات):

جب دعوت دین مکمل ہوگئی اور عرب کی نکیل اسلام کے ہاتھ میں آگئی تو رسول اللہﷺ کے جذبات واحساسات ، احوال وظروف اور گفتارو کردار سے ایسی علامات (نشانیاں)نمودار ہونا شروع ہوئیں جن سے معلوم ہوتا تھا کہ اب آپﷺ اس حیات مستعار(دنیاوی زندگی) کو اور اس جہان فانی کے باشندگان (لوگوں)کو الوداع کہنے والے ہیں۔ مثلا ً:

آپﷺنے رمضان ۱۰ھ میں بیس دن اعتکاف فرمایا جبکہ ہمیشہ دس ہی دن اعتکاف فرمایاکرتے تھے۔
پھر سیدنا جبرئیل علیہ السلام نے آپ کو اس سال دو مرتبہ قرآن کا دَورکرایا جبکہ ہر سال ایک ہی مرتبہ دَور کرایا کرتے تھے۔
آپﷺنے حجۃ الوداع میں فرمایا : مجھے معلوم نہیں غالبا میں اس سال کے بعد اپنے اس مقام پر تم لوگوں سے کبھی نہ مل سکوں گا۔
جمرئہ عقبہ کے پاس فرمایا : مجھ سے اپنے حج کے اعمال سیکھ لو۔ کیونکہ میں اس سال کے بعد غالبا ًحج نہ کرسکوں گا۔

آپﷺپر ایام تشریق (ذو الحجہ کی ۱۳،۱۲،۱۱ تاریخ جو حاجی دورانِ حج منی میں گزارتے ہیں )کے وسط میں سورۂ نصر نازل ہوئی۔ اور اس سے آپﷺ نے سمجھ لیا کہ اب دنیا سے روانگی کا وقت آن پہنچا ہے۔ اور یہ(اللہ تعالیٰ کی طرف سے) موت کی اطلاع ہے۔
اوائل صفر ۱۱ھ میں آپﷺ دامنِ اُحد میں تشریف لے گئے۔ اور شہداء کے لیے اس طرح دعا فرمائی گویا زندوں اور مردوں سے رخصت ہو رہے ہیں۔ پھر واپس آکر منبر پرتشریف فرما ہوئے۔ اور فرمایا : میں تمہارا میر کارواں ہوں۔ اور تم پر گواہ ہوں۔ واللہ! میں اس وقت اپنا حوض ( حوضِ کوثر ) دیکھ رہا ہوں۔

مجھے زمین اور زمین کے خزانوں کی کنجیاں عطا کی گئی ہیں۔ اور واللہ! مجھے یہ خوف نہیں کہ تم میرے بعد شرک کروگے۔ بلکہ اندیشہ اس کا ہے کہ دنیا کے بارے میں تنافس (ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش )کروگے۔ 1
ایک روز نصف رات کو آپﷺ بقیع تشریف لے گئے۔ اور اہلِ بقیع کے لیے دعائے مغفرت کی۔ فرمایا: اےقبر والو! تم پر سلام! لوگ جس حال میں ہیں اس کے مقابل تمہیں وہ حال مبارک ہو جس میں تم ہو۔ فتنے تاریک رات کے ٹکڑوں کی طرح ایک کے پیچھے ایک چلے آرہے ہیں۔ اور بعد والا پہلے سے زیادہ برا ہے۔ اس کے بعد یہ کہہ کر اہل قبور کو بشارت دی کہ ہم بھی تم سے آملنے والے ہیں۔
مرض کا آغاز:

۲۹صفر ۱۱ھ روز دوشنبہ (پیر)کو رسول اللہﷺ ایک جنازے میں بقیع تشریف لے گئے۔ واپسی پر راستے ہی میں درد ِ سر شروع ہوگیا۔ اور حرارت اتنی تیز ہوگئی کہ سر پر بندھی ہوئی پٹی کے اوپر سے محسوس کی جانے لگی۔ یہ آپﷺ کے مرض الموت کا آغاز تھا۔ آپﷺنے اسی حالتِ مرض میں گیارہ دن نماز پڑھائی۔ مرض کی کل مدت ۱۳یا ۱۴دن تھی۔

آخری ہفتہ:

رسول اللہﷺ کی طبیعت روز بروز بوجھل ہوتی جارہی تھی۔ اس دوران آپﷺ ازواج مطہرات سے پوچھتے رہتے تھے کہ میں کل کہاں رہوں گا ؟ میں کل کہاں رہوں گا ؟ (یعنی رسول اللہ ﷺکی خواہش تھی کہ آپ یہ ایام اپنی سب سے محبوب زوجہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا کے پاس گذاریں ، یہی وجہ تھی کہ آپ سیدہ عائشہ کی باری کے منتظر تھے اور بار بار پوچھتے کہ کل کس کی باری ہے؟) اس سوال سے آپﷺ کا جو مقصود تھا ازواجِ مطہرات اسے سمجھ گئیں۔چنانچہ انہوں نے اجازت دے دی کہ آپﷺ جہاں چاہیں رہیں۔ اس کے بعد آپﷺ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا کے مکان میں منتقل ہوگئے۔ منتقلی کے وقت سیدنا فضل بن عباس اور علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہما کے درمیان ٹیک لگا کر چل رہے تھے۔ سر پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ اور پاؤں زمین پر گھسٹ رہے تھے۔ اس کیفیت کے ساتھ آپ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھاکے مکان میں تشریف لائے۔ اور پھر حیات ِمبارکہ کا آخری ہفتہ وہیں گذارا۔

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا معوذات(سورۃ الفلق اور سورۃ الناس) اور رسول اللہﷺ سے حفظ کی ہوئی دعائیں پڑھ کر آپﷺپر دم کرتی رہتی تھیں۔ اور برکت کی امید میں آپﷺ کا ہاتھ آپﷺ کے جسم مبارک پر پھیرتی رہتی تھیں۔
اس وقت آپﷺنے مرض کی شدت میں کچھ کمی محسوس کی۔ اور مسجد میں تشریف لے گئے - سر پر پٹی معیالی بندھی ہوئی تھی - منبر پر فروکش ہوئے اور بیٹھ کر خطبہ دیا۔ یہ آخری بیٹھک تھی جو آپﷺ بیٹھے تھے۔ آپﷺنے اللہ کی حمد و ثنا کی۔ پھر فر مایا: لوگو! میرے پاس آجاؤ۔ لوگ آپﷺ کے قریب آگئے۔ پھر آپﷺ نے جو فرمایا اس میں یہ فرمایا: ''یہود ونصاریٰ پر اللہ کی لعنت کہ انہوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو مساجد بنایا۔'' ایک روایت میں ہے کہ ''یہود ونصاریٰ پر اللہ کی مار کہ انہوں نے اپنے انبیاء علیہم السلام کی قبروں کو مسجد بنایا ۔''2

(یعنی وہاں وہ سب عبادت کے کام ،رکوع ، سجود کرنا، انبیاء کو پکارنا، اُن سے مدد طلب کرنا، اُن کی قبروں پر جھکنا وغیرہ یہ سب کام کرنے لگے جو صرف عبادت گاہ اور مسجد میں کیے جاتے ہیں اور صرف اللہ کے لیے کیے جاتے ہیں اور چونکہ عبادت بشمول اپنی تمام صورتوں و اقسام کے صرف اور صرف اللہ تعالیٰ ہی کے ساتھ خاص ہے اور اللہ ہی کے حکم سے اور اُسی کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کرنا لازم ہے لہٰذا یہود و نصاری اسے غیر اللہ کے لیے انجام دینے لگے جس کی بنا پر رسول اللہ ﷺنے یہود و نصاریٰ کو ملعون(لعنتی) قرار دیا ۔ اور یہاں انتہائی قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ یہود و نصاری نے تو یہ اعمالِ عبادت انبیاء علیہم السلام کے لیے کیے تھے جس پر وہ لسانِ صادق المصدوق ﷺسے ملعون قرار دیے گئے تو جو لوگ یہ اعمالِ عبادت انبیاء علیہم السلام سے نچلے اور کم تر درجہ کے لوگوں کے لیے انجام دیں وہ کیا ملعون نہ ہوں گے؟؟؟ اور جو اعمال رکوع ، سجود، جھکنا، نذرو نیاز، ذبح کرنا،قبروں کا طواف کرنا وغیرہ وغیرہ انبیاء علیہم السلام تک کے لیے انجام نہیں دیے جاسکتے وہ کیسے کسی غیر نبی کے جائز ہوسکتے ہیں؟ اگرچہ وہ کتنے ہی پہنچے ہوئے بزرگ ، ولی اللہ ، پیر ،امام ہی کیوں نہ ہوں، ہیں تو غیر نبی ہی ناں جو انبیاء کے مقام تک ہرگز نہیں پہنچ سکتے۔)

آپﷺ نے یہ بھی فرمایا : ''تم لوگ میری قبر کو بت نہ بنانا کہ اس کی پوجا کی جائے۔''3

پھر آپﷺنے اپنے آپ کو قصاص کے لیے پیش کیا اور فرمایا: ''میں نے کسی کی پیٹھ پر کوڑا مار اہو تو یہ میری پیٹھ حاضر ہے ، وہ بدلہ لے لے۔ اور کسی کی آبرو پر بٹہ لگایا ہوتو یہ میری آبرو حاضر ہے، وہ بدلہ لے لے۔''

اس کے بعد آپﷺمنبر سے نیچے تشریف لے آئے۔ ظہر کی نمازپڑھائی، اور پھر منبر پر تشریف لے گئے۔ اور عدالت وغیرہ سے متعلق اپنی پچھلی باتیں دہرائیں۔ ایک شخص نے کہا : آپ کے ذمہ میرے تین درہم باقی ہیں۔ آپﷺ نے فضل بن عباس رضی اللہ عنھما سے فرمایا :انہیں ادا کردو۔
اس کے بعد انصار (صحابہ)کے بارے میں وصیت فرمائی۔ فرمایا: ''میں تمہیں انصار کے بارے میں وصیت کرتا ہوں۔ کیونکہ وہ میرے قلب و جگر ہیں۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری کردی۔ مگر ان کے حقوق باقی رہ گئے ہیں۔ لہٰذا ان کے نیکوکار سے قبول کرنا۔ اور ان کے خطاکارسےدرگذر کرنا۔'' ایک روایت میں ہے کہ آپﷺ نے فرمایا : '' لوگ بڑھتے جائیں گے اور انصار گھٹتے جائیں گے۔ یہاں تک کہ کھانے میں نمک کی طرح ہوجائیں گے۔ لہٰذا تمہارا جو آدمی کسی نفع اور نقصان پہنچانے والے کام کا والی(ذمہ دار) ہو تو وہ ان کے نیکوکاروں سے قبول کرے اور ان کے خطاکاروں سے درگذر کرے۔''4
اس کے بعد آپﷺنے فرمایا: '' ایک بندے کو اللہ نے اختیار دیا کہ وہ یاتو دنیا کی چمک دمک اور زیب و زینت میں سے جو کچھ چاہے اللہ اسے دے د ے ، یا(وہ) اللہ کے پاس جو کچھ ہے اسے اختیار کرلے تو اس بندے نے اللہ کے پاس والی چیز کو اختیار کرلیا۔''
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کا بیان ہےکہ یہ بات سن کر ابو بکررضی اللہ عنہ رونے لگےاور فرمایا:ہم اپنے ماں باپ سمیت آپ پر قربان۔ اس پر ہمیں تعجب ہوا۔ لوگوں نے کہا : اس بوڑھے کو دیکھو ! رسول اللہﷺ تو ایک بندے کے بارے میں یہ بتارہے ہیں کہ اللہ نے اسے اختیار دیا کہ دنیا کی چمک دمک اور زیب و زینت میں سے جو چاہے اللہ اسے دے دے یا وہ اللہ کے پاس جو کچھ ہے اسے اختیار کرلے۔ اور یہ بوڑھا کہہ رہا ہے کہ ہم اپنے ماں باپ کے ساتھ آپ پر قربان۔ ( لیکن چند دن بعد واضح ہوا کہ) جس بندے کو اختیار دیا گیا تھا وہ خود رسول اللہﷺ تھے۔ اور ابو بکررضی اللہ عنہ ہم میں سب سے زیادہ صاحب علم تھے(کہ اُسی وقت یہ سمجھ گئے تھے رسول اللہﷺ خود اپنی ہی بات کر رہے ہیں)۔ 5
پھر رسول اللہﷺنے فرمایا : مجھ پر اپنی رفاقت اور مال میں سب سے زیادہ صاحبِ احسان ابو بکررضی اللہ عنہ ہیں۔ اور اگر میں اپنے رب کے علاوہ کسی اور کو خلیل بناتا تو ابو بکررضی اللہ عنہ کو خلیل بناتا لیکن (ان کے ساتھ) اسلام کی اخوت و محبت ( کا تعلق ) ہے۔ مسجد میں کوئی دروازہ باقی نہ چھوڑا جائے بلکہ اسے لازما ًبند کردیا جائے، سوائے ابوبکررضی اللہ عنہ کے دروازے کے۔6
چار دن پہلے:

وفات سے چار دن پہلے جمعرات کو جب کہ آپﷺ سخت تکلیف سے دوچار تھے فرمایا : لاؤ میں تمہیں ایک تحریر لکھ دوں جس کے بعد تم لوگ کبھی گمراہ نہ ہوگے۔ اس وقت گھر میں کئی آدمی تھے۔ جن میں سیدنا عمررضی اللہ عنہ بھی تھے۔ انہوں نے کہا : آپﷺپر تکلیف کا غلبہ ہے اور تمہارے پاس قرآن ہے۔ بس اللہ کی یہ کتاب تمہارے لیے کافی ہے۔ اس پر گھر کے اندر موجود لوگوں میں اختلاف پڑگیا اور وہ جھگڑ پڑے۔ کوئی کہہ رہا تھا :لاؤ رسول اللہﷺ لکھ دیں۔ اور کوئی وہی کہہ رہاتھا جو سیدنا عمررضی اللہ عنہ نے کہا تھا۔ اس طرح لوگوں نے جب زیادہ شوروشغب اور اختلاف کیا تو رسول اللہﷺنے فرمایا : میرے پاس سے اٹھ جاؤ۔7

پھر اسی رو ز آپﷺ نے تین باتوں کی وصیت فرمائی۔ ایک اس بات کی وصیت کیکہیہود ونصاریٰ اور مشرکین کو جزیرۃ العرب سے نکال دینا۔ دوسرے اس بات کی وصیت کی کہ وفود کی اسی طرح نوازش کرنا جس طرح آپﷺ کیا کرتے تھے۔ البتہ تیسری بات کو راوی بھول گیا۔ غالباً یہ کتاب وسنت کو مضبوطی سے پکڑے رہنے کی وصیت تھی یا لشکر ِ اسامہ کو نافذ کرنے کی وصیت تھی۔ یا آپﷺ کا یہ ارشاد تھا کہ ''نماز اور تمہارے زیر ِ دست '' یعنی غلاموں اور لونڈیوں کا خیال رکھنا۔

رسول اللہﷺ مرض کی شدت کے باوجود اس دن تک ، یعنی وفات سے چار دن پہلے (جمعرات ) تک تمام نمازیں خود ہی پڑھایا کرتے تھے۔ اس روز بھی مغرب کی نماز آپﷺ ہی نے پڑھائی۔ اور اس میں سورۂ والمرسلات ِ عُرْفا پڑھی۔8
لیکن عشاء کے وقت مرض کا ثقل اتنا بڑھ گیا کہ مسجدمیں جانے کی طاقت نہ رہی۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ نبیﷺنے دریافت فرمایا کہ کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی؟ ہم نے کہا : نہیں ، یا رسول اللہﷺ! اور وہ آپ کا انتظار کررہے ہیں۔ آپﷺنے فرمایا: میرے لیے لگن میں پانی رکھو۔ ہم نے ایسا ہی کیا۔ آپﷺنے غسل فرمایا۔

اور اس کے بعد اٹھنا چاہا لیکن آپﷺپرغشی طاری ہوگئی۔ پھر افاقہ ہوا تو آپﷺنے دریافت کیا : کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی ؟ ہم نے کہا : نہیں، یا رسول اللہﷺ! اور وہ آپﷺ کا انتظار کررہے ہیں۔ اس کے بعد دوبارہ اور پھر سہ بارہ وہی بات پیش آئی جو پہلی بار پیش آچکی تھی کہ آپﷺنے غسل فرمایا ، پھر اٹھنا چاہا تو آپﷺپرغشی طاری ہوگئی۔ بالآخرآپﷺ نے سیدنا ابو بکررضی اللہ عنہ کو کہلوا بھیجا کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ چنانچہ ابو بکررضی اللہ عنہ نے ان ایام میں نماز پڑھائی۔ 9نبیﷺ کی حیات مبارکہ میں ان کی پڑھائی ہوئی نمازوں کی تعداد سترہ ہے۔ جمعرات کی عشاء ، دوشنبہ کی فجر اور بیچ کے تین دنوں کی پندرہ نمازیں۔10
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے نبیﷺسے تین یا چار بار مراجعہ فرمایا کہ امامت کا کا م سیدنا ابو بکررضی اللہ عنہ کےبجائے کسی اور کو سونپ دیں۔ ان کا منشاء یہ تھا کہ لوگ ابو بکررضی اللہ عنہ کے بارے میں بد شگون نہ ہوں۔11لیکن نبیﷺ نے ہر بار انکار فرمادیا۔ اور فرمایا : تم سب یوسف والیاں ہو۔12ابو بکررضی اللہ عنہ کو (میری طرف سے)حکم دو وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔31

تین دن پہلے:

سیدنا جابررضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے رسول اللہﷺکو وفات سے تین دن پہلے سنا آپﷺفرما رہے تھے: ''یاد رکھو تم میں سے کسی کو موت نہیں آنی چاہیے مگر اس حالت میں کہ وہ اللہ کے ساتھ اچھا گمان رکھتا ہو۔''41

ایک دن یا دو دن پہلے:

سنیچر یا اتوار کو نبیﷺنے اپنی طبیعت میں قدرے تخفیف محسوس کی، چنانچہ دوآدمیوں کے درمیان چل کر ظہر کی نماز کے لیے تشریف لائے۔ اس وقت ابو بکررضی اللہ عنہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نماز پڑھا رہے تھے۔ وہ آپﷺکو دیکھ کر پیچھے ہٹنے لگے۔ آپﷺنےاشارہ فرمایا کہ پیچھے نہ ہٹیں۔ اور لانے والوں سے فرمایا کہ مجھے ان کے بازو میں بٹھا دو۔ چنانچہ آپﷺکو ابوبکررضی اللہ عنہ کے دائیں بٹھا دیا گیا۔ اس کے بعد ابو بکررضی اللہ عنہ رسول اللہﷺکی نماز کی اقتدا کرر ہے تھے۔اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تکبیر سنا رہے تھے۔51

ایک دن پہلے:

وفات سے ایک دن پہلے بروز اتوار نبیﷺنے اپنے تمام غلاموں کو آزاد فرمادیا۔ پاس میں چھ یا سات دینار تھے انہیں صدقہ کردیا۔ 61
اپنے ہتھیار مسلمانوں کو ہبہ فرمادیے۔ رات میں چراغ جلانے کے لیے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا نے چراغ پڑوسی کے پاس بھیجا کہ اس میں اپنی کپی سے ذرا سا گھی ٹپکا دیں۔ 71آ پﷺ کی زِ رہ ایک یہودی کے پاس تیس صاع (کوئی ۷۵کلو ) جَو کے عوض
رہن(گروی) رکھی ہوئی تھی۔
81
باقی آیندہ

​
 
Last edited by a moderator:
تاریخ کی واحد مثال ہے
جس میں لوگوں نے اپنی ذات سے زیادہ محبت کرنے کے دعوے کرنے والے
کے جنازے کو صرف اپنے ذاتی مفادات کی خاطر قربان کر دیا

شکر کرو ان لوگوں نے اپنی بعد نیتی چھپانے کے لئے

بعد میں جنازے پڑھنے حرام قرار نہی دے دے