خیر پور کے سیلاب سے متاثرہ ایک خاندان کا کہنا ہے کہ خیمہ بستی میں بھوک اور پیاس کے باعث ان کی 2 سالہ بچی آسیہ جاں بحق ہوگئی ہے۔
خبررساں ادارے ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ خیر پور کی تحصیل کوٹ دیجی میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے لوگوں کیلئے بسائی گئی خیمہ بستی میں پیش آیا، متاثرہ بچی کے والد ممتاز گوپنگ نے خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی چند روز سے بیمار تھی،وہ بھوکی بھی تھی مگر ہماری مدد کیلئےکوئی نہیں آیا۔
ممتاز گوپنگ کے مطابق ہماری بچی ہماری آنکھوں کے سامنے بھوک اور پیاس کے باعث تڑ پ تڑپ کردم توڑ گئی، یہاں خیمہ بستی میں پینے کے صاف پانی، کھانے ، مچھر دانیوں اور ٹینٹ کی شدید قلت ہے۔
بچی کی ہلاکت کے بعد خیمہ بستی میں مقیم اس کے لواحقین اور دیگر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ڈپٹی کمشنر خیر پور ، سیاسی نمائندوں اور حکمرانوں کے خلاف نعرے بازی کی اور سنوائی نا ہونے پر بچی کی لاش سڑک پر رکھ کر سڑک بلاک کردی، علاقہ مکینوں نے کہا کہ یہاں لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں مگر انتظامیہ یا سیاسی رہنماؤں میں سے کوئی بھی مدد کیلئے نہیں آرہا۔
مظاہرین نے وزیراعظم، وزیراعلی سے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے آنے والی امداد متاثرین تک نہیں پہنچ رہی، یہاں لوگوں کے پاس نا چھت ہےاور نا ہی کھانے پینے کیلئے کوئی وسائل،لہذا امداد کی فراہمی میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ڈیجی نے واقعہ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آسیہ چند روز سے بیمار تھی جسے ہم نے ہسپتال منتقل کیا تھا، مگر اس بچی کے والدین ہسپتال میں رہنے کےبجائے فورا واپس خیمہ بستی میں آگئے، میں نے خود صبح خیمہ بستی کا دورہ کیا مگر آسیہ کے ورثاء وہاں موجود نہیں تھے، سیلاب متاثرین کو خوراک کی عدم فراہمی کےالزامات بے بنیاد ہیں، متاثرین کو راشن کی ترسیل بلاتعطل جاری ہے۔
Last edited by a moderator:
Advertisement





