Advertisement

خوف خدا، شرم نبی،یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں

خوف خدا، شرم نبی ، یہ بھی نہیں ، وہ بھی نہیں

سوال کے متعلق کہا گیا آدھا علم ہے، حکم دیا گیاکہ اہل ذکر سے سوال کرو، مگر کیا ہر سوال قابل جواب ہوتا ہے یا ہر سچ قابل بیان ہوتا ہے

بنی اسرائیل ایسی قوم گزری ہے جن کی جہالت سے ان کی طرف بھیجے گئے رسول نے پناہ مانگی، سورت بقرہ، جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بنی اسرائیل کو گائے لانے کا حکم الہیٰ سنایا،انہوں نے آپ سے گائے کے متعلق ایسے سوال کیے کہ اللہ کے رسول نے فرمایا، اعوذ باللہ ان اکون من الجٰھلین

اللہ سے کرے دور تو تعلیم بھی فتنہ
املاک بھی ااولاد بھی جاگیر بھی فتنہ
ناحق کے لیے اٹھے تو شمشیر بھی فتنہ
شمشیر ہی کیا نعرہ تکبیر بھی فتنہ

جس عمل سے اولاد کا ظہور ممکن ہوا سعادت مند اولاد کبھی اپنے والدین سے اس سچ کی تفصیلات جاننے کی سعی نہ کرے کہ ہر سچ قابل بیان نہیں ہوتا

تحریک پاکستان پر نظر ڈالیں تو علما کے دو گروہ آپ کو ملیں گے، ایک وہ جنہوں نے کہا مسلم لیگ کو جس نے ووٹ دیا وہ سور اور سور خور ہیں، ایک وہ علمائے حق تھے جنہوں نے ببانگ دہل مسلم لیگ کی حمایت کی اور اعلان کیا جس نے مسلم لیگ کو ووٹ نہ دیا اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن نہیں کیا جائے گا

اللہ نے عزت اسے بخشی جنہوں نے اللہ و رسول و اولیا کی عزت کو اپنے ماتھے کا جھومر بنایا، بے شک عزت تو اللہ و رسول و مومنین کےلیے ہے

میر عرب کو یہ خطہ اس قدر عزیز ہے کہ اس کی برکت سے ان قائدین کی قسمت چمکی جو میرے آقا صلی اللہ علیہ وسلم ان کے بھاگ جگانے اگائے اور پاکستان میں شمولیت کا حکم دیا، اللہ سے ملاقات تو ان شا اللہ جنت میں رہے گی مگر اس سے قبل قبر میں دیر یا سویر اترنا ہے جہاں میرے آقا صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائیں گے ، اہل وطن کے لیے سوچنے کا مقام ہےکہ ہزار سال بعد بھی جنہیں ہماری اتنی فکر رہی کہ ہمارےوطن کی تعمیر میں شریک ہوں، ہم نےان کی وفا کا کیا صلہ دیا؟

جنہوں نے ان کی مسند پر کسی فاترالعقل کو بٹھایا،جو مقام حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو نہ ملا جن کی اقتدا میں خود آپ نے نماز پڑھی، جو مقام ان کو بھی نہ ملا جن کے متعلق فرمایا کہ میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتا، جو مقام ان کو بھی نہ ملا جن کو فرمایا موسیٰ علیہ السلام کے لیے ہارون تھے تو میرے لیے تم، مگر سرزمین پاکستان کے بعض سورماوں نے وہ مقام ایک خبیث الفطرت کو دے دیا

بعض نے کہا کہ اگر مرزا کو نبی نہ مانا صرف مہدی یا پھر مجدد یا مصلح مانے تو پھر کیا مضائقہ ہے تو عرض ہے پہلے مرزا صاحب کا اپنا ایمان تو ثابت ہو۔ مہدی، مصلح یا مجدد وغیرہ کے لیے پہلے مسلمان ہونا شرط ہے اور مسلمان ہونے کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی ماننا شرط ہے، پہلے مرزا کا مسلمان ہونا تو پایا جائے، مہدی و مجدد و مصلح تو دور کی باتیں ہیں، اب جبکہ کسی کا کفر کھلا واضح ہے ایسے کو مسلمان کہنا کیونکر جائز ہوگا

بعض نے یہ بھی کہا کہ مسلمان خود ایک دوسرے کو کفر کے فتوے صادر کرتے ہیں تو مرزا ئیوں کو کسی نے کافر کہہ دیا تو کونسی بڑی بات ہو گئی، تو عرض یہ ہے جب بات منکرین زکوات سے زکوات وصول کرنے کی تھی، تب حضرت عمر رضی اللہ عنہ ایسے شخص نےبھی نرمی کا تقاضا چاہا مگر تاریخ گواہ ہے جب مسیلمہ کذاب کے خلاف فوجیں بھیجنے کا معاملہ ہوا کسی ایک نے بھی ہلکا سا بھی تعرض نہ کیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں کم و بیش دو سو ساٹھ صحابہ شہید ہوئے مگر اس جنگ میں بارہ سو سے زائد شہید ہوئے، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے خود اصول وضع کیا تھا بدری صحابہ کسی جنگ میں شریک نہ ہونگے مگراس جنگ میں فرمایا جو بدری ہو یا نہ ہو ، سارے پہنچو

بعض نے ون وے ٹریفک پر اعتراض کیا تو عرض ہے کہ اس شہر کے حاکم نے راہ کو ون وے قرار دیا، اب جو اس شہر کا باسی ہو تو اسے تو قانون ماننا پڑے گا، حضرت موسی ٰ علیہ السلام ہوں یا حضرت عیسیٰ علیہ السلام، دونوں اللہ کے رسول ہیں، اللہ ہی نے ان کے ماننے والوں کو بھی خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کا حکم دیا، ان کے ہاں یہ ترغیب کہ وہ رسول اللہ پر ایمان لائیں، ہمارے ہاں سخت تنبیہ رسول اللہ کا دامن نہ چھوڑا جائے، اس فرق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے

حکمت کے شہر کے حاکم نے جنہیں شہر کا باب کہا جب ان کی حاکمیت پر سوال ہوا تو وہ ثالثی پر راضی ہو گئے ، مناظرے کو عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ کو بھی بھیجا مگر تاریخ اس بات پر بھی شاہد کہ مولا علی کرم اللہ وجہ نے بھی نہ منکرین ختم نبوت سے "مناظرے" پر اصرار کیا اور نہ ہی ان کا عذر سنا، فیصلہ تو یمامہ میں ہوا

اللہ کا شکر ہے اگرچہ اتحاد سے یہ امت عاری ہے مگر اس بات پر ہر مسلمان ثابت قدم ہے جو مقام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل ہے ، وہ مرتبہ کسی کو حاصل نہیں ہو سکتا

جنہوں نے رحمت للعالمین سے منہ موڑا ، وہ کس رحم کے متقاضی ہیں؟

جو تیرے در سے یار پھرتے ہیں
دربدر یونہی خوار پھرتے ہیں
پھر کے گلی گلی تمام ٹھوکریں در در کی کھائیں کیوں
دل کو جو عقل دے خدا، تیری گلی سے جائے کیوں
​