- Joined
- May 1, 2017
- Posts
- 276
- Reaction score
- 1,541
- Points
- 93
کیا ڈاکٹر بننا آسان ہے ؟
میٹرک میں سخت محنت کرنے کے بعد آپ میرٹ پر آتے ہیں اور پھر ایف ایس سی (پری میڈیکل) میں داخلہ ملتا ہے۔ پھر دو سال شدید ترین محنت کرنے کے بعد آپ میڈیکل کالج میں داخلہ لیتے ہیں اور وہاں بھی مقابلے کا ایک امتحان "انٹری ٹیسٹ" آپ کا منتظر ہوتا ہے۔ جب آپ کو میڈیکل کالج میں داخلہ مل جاتا ہے تو پھر ایک محنت کی ایک نئی دوڑ شروع ہو جاتی ہے اور پانچ سال مسلسل پڑھائی کرنے کے بعد آپ ایم بی بی ایس کرتے ہیں۔ پھر ایک سال ہاؤس جاب کرتے ہیں جس میں آپ کو چوبیس چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دینی پڑتی ہے
دس سال کی مسلسل محنت اور ذہنی مشقت کے بعد آپ ایک جنرل پریکٹیشنر بن جاتے ہیں لیکن سپیشلسٹ بننے کے لیے آپ کو پھر مزید کئی سال تک ایف سی پی ایس اور دیگر کورسز اور ڈپلومے کرنے پڑتے ہیں اور پھر کہیں جا کر آپ کو آپ کی سالوں کی محنت کا صلہ ملنا شروع ہوتا ہے اور آپ کا شمار شہر کے اچھے ڈاکٹرز میں ہونا شروع ہوتا ہے لیکن ابھی بھی ایک طویل محنت اور مشقت تجربے کی دنیا میں آپ کی منتظر ہوتی ہے
اگر کوئی آپ سے یہ کہے کہ ڈاکٹر بننے کا یہ تمام تر عمل بہت ہی مشکل اور کٹھن ہے اس لیے کوئی بھی شخص جو عام سا آئی کیو رکھتا ہو، وہ تو کبھی بھی ڈاکٹر نہیں بن سکتا اس لیے اس کا میرٹ گرا دیں ؟ کیا آپ نے کبھی ایسا سنا ہے کہ کوئی کہے کہ ڈاکٹر بننے کے لیے ایم بی بی ایس کو ختم کر دیا جائے تا کہ کوئی بھی شخص ڈاکٹر بننے کے اہل ہو سکے، اس طویل شبانہ روز محنت اور جدوجہد کی وجہ سے ایک لاکھ میں سے صرف ایک ہی طالب علم ڈاکٹر بنتا ہے جو کہ باقی لاکھوں طالب علموں کے ساتھ زیادتی ہے ؟
نہیں ۔۔۔ کیونکہ سب لوگ جانتے ہیں کہ جو مقام جتنا بھی بلند ہو گا، اس کا راستہ اتنا ہی مشکل ہو گا۔ چاہے وہ کوئی بھی پرفیشن ہو، آپ کو اس کی پڑھائی کے لیے کئی سال تک محنت کرنا ہوتی ہے پھر کہیں جا کر آپ اس اہل ہو سکتے ہیں کہ آپ اس پروفیشن اور جنون کو اپنا سکیں
پاکستان میں ایک خاص سوچی سمجھی سازش کے تحت بار بار کہا جاتا ہے کہ آئین کی شق باسٹھ اور ترسیٹھ پر تو چونکہ کوئی پورا اترتا ہی نہیں تو اس کو ختم کر دینا چاہیے اور یہ بیانیہ پیش کرنے میں لبرلز، سیکولرز، نامور صحافی، اینکر، ادیب، انگریزی اخبارات اور منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولنے والے پڑھے لکھے دانشور آگے آگے ہیں لیکن کسی نے ابھی تک یہ نہیں کہا کہ جناب اگر آپ اس معیار پر پورے نہیں اترتے تو آپ کو کس حکیم نے کہا ہے کہ آپ سیاست کریں ؟ جائے پہلے اپنے معاملات ٹھیک کریں، اپنا کردار اس سطح پر لائیں جہاں آپ ایوان میں بیٹھ کر کروڑوں لوگوں کی قسمتوں کا فیصلہ کر سکیں بصورتِ دیگر آپ سیاست میں حصہ ہی نہ لیں۔
علمائے کرام کے فتاویٰ بھی صرف عام آدمی کے لیے رہ گئے ہیں، کوئی بھی جید عالم یا مفتیانِ کرام میں سے کوئی حکمرانوں کو تبلیغ و نصیحت نہیں کرتا اور اس حوالے سے آواز نہیں اٹھاتا کہ آئین کی شق باسٹھ تریسٹھ تو وہ کردار ہے جو حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا کردار تھا اور کیا آپ اپنے اقتدار کے نشے میں اس قدر بدمست ہو چکے ہیں کہ آپ حضور کے اس عظیم کردار کی پرچھائی کو ہی ختم کر دینا چاہتے ہیں ؟ اگر آپ غور کریں تو پیارے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات مبارک بھی تریسٹھ برس تھی اور آئینِ پاکستان میں یہی شِق صادق اور امین بن گئی۔ کیا یہ محض اتفاق ہے یا اللہ کی قدرت ؟
میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام، علماء، ادیب، صحافی، قلمکار اپنی ذہنی پسماندگی کی انتہا پر پہنچ چکے ہیں، کم علمی اور کردار کی گراوٹ کے پاتال میں جا پہنچے ہیں ورنہ کوئی تو اٹھ کر یہ نعرہ مستانہ بلند کرتا جو میں کر رہا ہوں
جس طرح دوسروں شعبوں کے میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ویسے ہی آئین کی شق باسٹھ تریسٹھ پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ میرٹ ختم کرنے کی بجائے بہتر ہے کہ اپ وہ نسل پیدا کریں جو صادق اور امین ہو، جو باکردار ہوں، جو جھوٹ نہ بولتے ہیں، جو خائن نہ ہوں لیکن یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ چونکہ یہاں سب برے ، جھوٹے اور کرپٹ ہیں اس لیے اس شق کو ختم کر دیا جائے
خدا ہم کو ایسی خدائی نہ دے
اپنے سوا کچھ دکھائی نہ دے
تحریر و تجزیہ : عاشور بابا
- Featured Thumbs
- http://i.imgur.com/YAEqu2l.jpg





