Advertisement

حکومت نے ایک ماہ میں کمرشل بینکوں سے قرض حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا

4qrzarecordfgh.png

حکومت نےنومبر کے مہینے میں کمرشل بینکوں سے قرض لینے کا تاریخی ریکارڈ قائم کردیا ہے، مجموعی ذخائر کا 92 فیصد حصہ حکومت نے قرض لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کے ذخائر اور حکومتی قرضوں سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جن کے مطابق ایک ماہ میں کمرشل بینکوں کی جانب سے حکومت کو قرض فراہم کرنے کی شرح92 فیصد ہوگئی ہے تو کہ تاریخ کی بلند ترین شرح ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں نےنومبر کے مہینے میں اپنے مجموعی ذخائر26 اعشاریہ 79 ہزار ارب روپے میں سے حکومت کو 24اعشاریہ58 ہزار ارب روپے کا قرض حکومت کو فراہم کردیا ہے۔

کمرشل بینکوں نے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز اور ٹی بلز کی صورت میں حکومت کو قرضہ جات فراہم کیے،کمرشل بینکوں کی ایک سال کے دوان ڈیبٹ سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کی شرح بھی بڑھ کر 33 فیصد (18اعشاریہ48 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 24اعشاریہ58 ہزار ارب روپے) تک پہنچ گئی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے خبررساں ادارے ایکسپریس ٹریبیون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود میں اضافے کے باعث سرمایہ کاروں کو کاروبار کیلئے بینکوں سے قرضہ لینے میں دلچسپی نہیں رہی،اسی وجہ سے کمرشل بینکوں کا سارا بہاؤ حکومت کی طرف ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگی کیلئے سب سے زیادہ قرضہ لینا پڑرہا ہے،اسٹیٹ بینک کی جانب سے 2024 تک شرح سود کو کم کرکے15 فیصد تک لانے کے بعد اگلے سال میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بینکوں سے قرضوں کے حصول کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں ۔