حضرتانس بن نضرؓایک صحابی تھے جوبدر کی لڑائی میں شریک نہیں ہو سکے تھے ۔ ان کو اس چیزکاصدمہ تھا اس پر اپنے نفس کو ملامت کرتے تھے کہ اسلام کی پہلی عظیم الشان لڑائی اور تو اس میں شریک نہ ہوسکا۔ اس کی تمنا تھی کہ کوئی دوسری لڑائی ہو تو حوصلے پورے کروں ۔ اتفاق سے احد کی لڑائی پیش آگئی جس میں یہ بڑی بہادری اور دلیری سے شریک ہوئے ۔ احد کی لڑائی میں اول اول تو مسلمانوں کو فتح ہوئی تو کافروں کو بھاگتا ہوا دیکھ کر یہ لوگ بھی اپنی جگہ سے یہ سمجھ کر ہٹ گئے کہ اب جنگ ختم ہوچکی اسلئےبھاگتے ہوئے کافروں کاپیچھا کیا جائے اور غنیمت کا مال حاصل کیا جائے۔
اس جماعت کےسردارنے منع بھی کیا کہ حضورﷺکی ممانعت تھی ۔تم یہاں سے نہ ہٹو ۔مگر ان لوگوں نے یہ سمجھ کر کہ حضورﷺکاارشاد صرف لڑائی کے وقت کے واسطے تھا ۔ وہاں سے ہٹ کر میدان میں پہنچ گئے۔بھاگتےہوئے کافروں نے اس جگہ کو خالی دیکھ کر اس طرف سے آکر حملہ کر دیا۔ مسلمان بےفکرتھے اس اچانک بے خبری کے حملہ سے مغلوب ہوگئے اور دونوں طرف سے کافروں کے بیچ میں آگئےجس کی وجہ سے اِدھر اُدھر پریشان بھاگ رہے تھے۔
حضرت انسؓ نے دیکھا کہ سامنےسےایکدوسرے صحابی حضرت سعد بن معاذؓآرہے ہیں ۔ ان سے کہا کہ اے سعد کہاں جارہے ہو، خدا کی قسم جنت کی خوشبو احد کے پہاڑ سے آرہی ہے ۔ یہ کہہ کر تلوارتو ہاتھ میں تھی ہی کافروں کی ہجوم میں گھس گئے اور اتنے شہید نہیں ہو گئے واپس نہیں ہوئے شہادت کے بعد ان کے بدن کو دیکھا گیا تو چھلنی ہو گیاتھا۔ اسی سے زیادہ زخم تیر اور تلوار کے بدن پر تھے ،اُن کی بہن نے اُنگلیوں کےپوروں سے اُن کو پہچانا۔
جو لوگ اخلاص اور سچی طلب کےساتھ اللہ کے کام میں لگ جاتےہیں اُن کو دنیا ہی میں جنت کا مزہ آنے لگتا ہے ۔ یہ حضرت انسؓزندگی ہی میں جنت کی خوشبو سونگھ رہے تھے۔ اگراخلاص آدمی میں ہو تو دنیا میں بھی جنت کا مزہ آنے لگتاہے۔
غزوہ احد سے کچھ عرصہ پہلے کا ذکر ہے کہ ایک دن بارگاہ رسالت میں ایک مقدمہ پیش ہوا ، ایک انصاری خاتون رُبیع کے ہاتھ سے انصارہی کی ایک لڑکی کا دانت ٹوٹ گیا تھا ، اس لڑکی کے ورثاء قصاص کا مطالبہ لے کر بارگاہ نبوی ؐ میں پیش ہوئے تھے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے سارے حالات سن کر فیصلہ صادر فرمایا کہ ’’دانت کے بدلے دانت، رُبیع کا دانت توڑا جائے گا‘‘ ۔
اس خاتون کے بھائی بھی وہاں موجود تھے ان کو اپنی بہن سے بے پناہ محبت تھی ، اگرچہ وہ ایک سچے مسلمان اور سرور عالم کے عاشق صادق تھے لیکن بہن کی محبت کے جذبہ سے مغلوب ہوکر بے اختیار ان کی زبان سے نکل گیا : ’’یا رسول اللہ، خدا کی قسم رُبیع کا دانت نہ توڑا جائے گا‘‘ ۔
حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : ’’بھائی اللہ کا یہی حکم ہے، ہاں لڑکی کے ورثاء دیت لے کر اپنے مطالبے سے دست بردار ہوجائیں تو دوسری بات ہے ‘‘۔ اس وقت رحمت خداوندی جوش میں آئی اور لڑکی کے ورثاء دیت لینے پر راضی ہوگئے ، اس طرح ان صاحبِ رسولصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکی پیاری بہن کا دانت بچ گیا ، رحمت دوعالمصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمنے فرمایا ِ ’’ اللہ کے بعض بندے ایسے ہیں کہ جب قسم کھا بیٹھتے ہیں تو اللہ ان کی قسم پوری کردیتا ہے‘‘ یہ صاحبِ رسول ؐ جن کی قسم کی لاج رب ذوالجلال و الاکرام نے رکھی اور محبوب رب العالمین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جن کے خاصان خدا میں سے ہونے کی تصدیق فرمائی ، سیدنا حضرت انس بن نضر انصاریؓ تھے ۔
حضرت انس بن نضرؓ خزرج کے خاندان نجار سے تھے سلسلہ نسب یہ ہے : انس بن نضر بن ضمضم بن زید بن حرام بن جندب بن عامر بن غنم بن عدی بن نجار۔
سرور عالمصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکی پردادی سلمیٰ بنت عمر و (حضرت عبدالمطلب کی والدہ) بھی اسی خاندان سے تھیں اور رشتہ میں حضرت انس بن نضرؓ کی پھوپھی ہوتی تھیں، اس نسبت سے حضرت انس کا خاندان رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے بھی تعلق تھا ، جلیل القدر صحابیہ حضرت ام سُلیمؓ حضرت انس بن نضرؓ کی بھاوج اور خادم رسول حضرت انس بن مالکؓ ان کے حقیقی بھتیجے تھے حضرت انس بن نضر رضی اللہ عنہ کا شمار بنو نجار کے رؤساء میں ہوتا تھا ، دولت دنیوی کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے انہیں فطرت سلیم سے بھی نوازہ تھا، سرورعالمصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکے مدینہ منورہ میں نزول اجلال فرمانے سے پہلے ہی دولت ایمان سے بہرہ ور ہوگئے، غزوہ بدر ۲ھ میں کسی وجہ سے شریک نہ ہوسکے، کفر و حق کے اس معرکہ اول میں اپنی شرکت سے محرومی کا انہیں بے حد قلق تھا، رحمت عالمؐ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوکر عرض کی
۔’’یا رسول اللہ مجھے بہت دکھ اور افسوس ہے کہ میں آپ کے پہلے غزوہ میں آپ کی ہمرکابی کا شرف حاصل نہ کرسکا لیکن زندہ رہا تو دنیا دیکھے گی کہ آئندہ میں کیا کرتا ہوں‘‘ ۔
شوال ۳ ہجری میں غزوہ احد پیش آیا تو حضرت انس بن نضرؓ اس میں بڑے جوش اور جزبے کے ساتھ شریک ہوئے ، جب ایک اتفاقی غلطی سے لڑائی کا پانسہ پلٹ گیا اور صرف چند آدمی سرور عالمصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکے ساتھ میدان میں باقی رہ گئے تو حضرت انس بن نضرؓ سخت بیتاب ہوکر کفار کی طرف بڑھے ، راستے میں حضرت سعد بن معاذ ملے ، ان سے مخاطب ہوکر فرمایا ، سعد کہاں جاتے ہو، جنت اِدھر ہے، خدا کی قسم مجھے احد کی طرف سے جنت کی خوشبو آرہی ہے ۔
ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اکرمصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکی شہادت کی خبر سن کر چند صحابہ بیدلی کے عالم میں لڑائی چھوڑ کر الگ جابیٹھے تھے ، حضرت انس بن نضرؓ ان کے پاس سے گزرے تو پوچھا کہتم لوگ لڑائی چھوڑ کر یہاں کیوں بیٹھے ہو؟انہوں نے کہا ، افسوس کہ رسول اللہصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمشہید ہوگئے ، حضرت انسؓ بولے توپھر تم لوگ زندہ رہ کرکیا کروگے؟ اٹھو اور کافروں سے لڑکر مرجاؤ جس طرح حق کی خاطر رسول اللہصلی اللہ علیہ و آلہ وسلمنے جان دی، یہ کہہ کر بڑے جوش سے تلوار چلاتے ہوئے کفار کے ہجوم میں گھس گئے اور دیر تک داد شجاعت دیتے رہے، بالآخر مشرکین نے نرغہ کر کے ان پر تیروں، تلواروں اور برچھیوں کا مینہ برسادیا، یہاں تک ہ وہ خالق حقیقی سے جاملے اگر چہ ان کا جسم زخموں سے چھلنی ہوگیا تھا لیکن کفار کی آتش غضب اس سے بھی نہ بجھی اور انہوں نے لاش کا مثلہ کیا، لڑائی ختم ہونے پر شہداء اور زخمیوں کی تلاش شروع ہوئی تو حضرت انس ؓ کی لاش پہنچانی نہ جاتی تھی، بڑی مشکل سے ان کی بہن رُبیع بنت نضرؓ نے ان کی ایک انگلی سے لاش شناخت کی، کہا جاتا ہے کہ حضرت انس کی انگلی پر ایک تل تھا جسے دیکھ کر حضرت ربیعؓ نے پہنچانا، بعض روایتوں میں یہ بھی آیا ہے کہ انہوں نے حضرت انس ؓ کے خوبصورت دانتوں یا انگلیوں کی پوروں سے لاش شناخت کی، بہر صورت اس بات پر سب کا اتفاق ہے کہ حضرت انس بن نضرؓ نے راہ حق میں اس شان سے جان دی کہ جسم کا کوئی حصہ زخموں سے خالی نہ تھا، خالق کون و مکان کو ان کی یہ ادا ایسی بھائی کہ بروایت حضرت انسؓ بن مالک خادم رسول اللہ یہ آیت ان کے بارے میں نازل ہوئی : من المومنین رجال و صدقوا ماعاھدو اللہ علیہ فمن ھم من قضی نحبہ، (ایمان والوں میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے ہوئے وعدے کو سچا کر دکھایا ہے ان میں سے کوئی اپنی نذر پوری کرچکا ہے اور کوئی وقت آنے کا منتظر ہے)۔