- Joined
- Apr 4, 2011
- Posts
- 17,933
- Reaction score
- 31,143
- Points
- 113
بادشاہوں کی نیلامی
مملوک (عربی: مملوک برائے واحد، ممالیک برائے جمع) قرون وسطی میں مسلم خلفاء اور ایوبی سلاطین کے لئے خدمات انجام دینے والے مسلم سپاہی تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ وہ زبردست عسکری قوت بن گئے اور ایک سے زیادہ مرتبہ حکومت بھی حاصل کی جن میں طاقتور ترین مصر میں 1250ء سے 1517ء تک قائم مملوک سلطنت تھی۔
وکی پیڈیا (http://ur.wikipedia.org/wiki/%D9%85%D9%85%D9%84%D9%88
%DA%A9)
ممالیک غلاموں کو کہا جاتا ہے۔ بہت سے ممالیک مصر میں اونچے اونچے عہدوں پہ فائز تھے جبکہ ان میں سے اکثر کی بابت یہ تک پتہ نہ تھا کہ ان کا مالک ہے کون۔ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے دور تک آتے آتے یہ اقتدار میں بہت اوپر تک پہنچ چکے تھے بلکہ حقیقی اقتدار تو تھا ہی ممالیک کے پاس۔ خود نائب سلطان ایک مملوک تھا۔ ملٹری کمانڈر سب کے سب مملوک تھے۔ بیورو کریسی مملوکوں سے بھری ہوئی تھی کچھ تو ایسے تھے جنہیں ان کے اصل مالکوں نے کسی نہ کسی مرحلے پر آزاد کر دیا تھا مگر کئی ایک ایسے تھے جن کا آزاد ہونا پایہء ثبوت ہی کو نہ پہنچتا تھا۔
عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ مصر کے قاضی القضاۃ تھے۔ غیر آزاد شدہ ممالیک افسروں کی جانب سے کوئی پروانہ آتا، خرید وفروخت یا نکاح یا جائیداد سے متعلق احکامات آتے توآپ انہیں یہ کہہ کر لوٹا دیتے کہ یہ ایک غلام کے احکامات ہیں۔ وہ کوئی بڑے سے بڑا امیر کبیر اور وزیر کیوں نہ ہو آپ اس کے احکامات مسترد کردیتے۔ پوچھنے پر واضح کرتے: اس غلام کو بیچا جائے گا۔ پھر آزاد کیا جائے گا اس کے بعد اس کے معاملات از قسم خرید وفروخت اور اس کے جاری کردہ احکامات وتصرفات معتبر ہوں گے۔ اس وقت البتہ یہ غلام ہی ہے جو آزادانہ خرید و فروخت نہیں کر سکتا۔
ممالیک جو اقتدار کے نشے میں چور تھے، یہ سن کر بے حد سیخ پا ہوئے۔ ان کے لوگ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پاس آئے اور کہنے گے: یہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ نے جواب دیا: ہم نے تمہارے تصرفات کالعدم قرار دیے ہیں۔ اس پر وہ اور بھی بگڑے اور مسئلہ سلطان کے پاس لے کر پہنچے جس پر سلطان کہہ بیٹھا کہ یہ مسئلہ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ سے متعلقہ نہیں۔ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ نے سلطان کی یہ بات سنی تو اعلان کیا: میںآج سے اپنے آپ کو عہدہء قضاء سے معزول کرتا ہوں۔
عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کی قوت کا ایک بڑا راز یہ تھا کہ آپ سرکاری عہدوں سے بلند تھے عہدے اور القاب ان کا کچھ گھٹا سکتے تھے اور نہ بڑھا سکتے تھے۔ عہدہ آپ کی ذات سے جڑ کر مضبوط ہوتا تھا آپ عہدے سے جڑ کر بڑے نہ ہوتے تھے۔ آپ کی قوت کا راز آپ کا اللہ پر ایمان تھا اور آپ کا امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا فریضہ سرانجام دینا اور بے باکی سے معاشرے کے اندر حق بیان کرنا۔ مزید برآں آپ کی قوت کا راز اُمت تھی جس کا اعتماد آپ کو حاصل ہو گیا تھا اور جو آپ کی حق گوئی کے عمل میں آپ کی مددگار بن جاتی تھی۔
عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ لوگوں کے دِلوں میں رہتے تھے اور نفوس پر حکومت کرتے تھے۔ اس بات نے آپ کو معاشرے کے اندر ایک منفرد ترین حیثیت دے ڈالی تھی اور آپ اپنے دور میں عالم اسلام کے عظیم ترین داعی، امام اور عالم کے طور پر دیکھے جاتے تھے۔ چنانچہ وہ آپ ہی اپنے آپ کو قضا سے معزول کرلیتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ نے ایک اور اقدام بھی کیا اور وہ یہ کہ اپنا سب مال اسباب جمع کیا اور دو گدھے خریدے۔ ایک پر آپ کا سب سامان لادا گیا۔ دوسرے پر آپ کی زوجہ اور بچہ سوار کرایا گیا۔ یہ چھوٹا سا قافلہ مصر سے روانہ ہو گیا۔ آپ اپنے اصل وطن شام واپس جا رہے تھے۔
مگر ہوا یوں کہ جس جس کو پتہ چلتا گیا کہ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ نے مصر چھوڑ دیا ہے وہ آپ کے ساتھ ہو لیا۔ پوری اُمت آپ کے ساتھ اُٹھ کھڑی ہوئی۔ مؤرخین نے بیان کیا ہے کہ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے وہاں کے علماء ہو لئے۔ وہاں کے صالحین، عبادت گزار، مرد، عورتیں، بچے سب آپ کے ساتھ اُٹھ کھڑے ہوئے۔ یہاں تک کہ نچلے طبقے پیچھے نہ رہے۔ روایت کے لفظ ہیں: مصر کے بڑھئی، رنگ ساز، خاکروب، سب عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ ہو لئے۔ ہر طبقے اور ہر پیشے کے لوگ قاہرہ سے کوچ کر جانے لگے۔ یوں عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے ایک بڑی دُنیا مصر سے کوچ کر کے جا رہی تھی۔
تب کچھ لوگ سلطان کے پاس گئے اور اس سے کہا: یہاں آپ کی حکمرانی کیلئے بچے گا کون ؟ دیکھیے تو سہی سب دُنیا تو عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ ہی مصر کی مملکت چھوڑ ے جارہی ہے۔
تب مصر کا بادشاہ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پیچھے آیا۔ انبوہ عظیم کو چیرتا ہوا عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پاس پہنچا اور آپ کو راضی کرنے لگا: ''حضرت قاہرہ واپس تشریف لے آئیے۔ آپ جو کہیں گے ہو جائے گا''۔ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ فرمانے لگے: میں تب تک واپس آنے کا نہیں جب تک تمہارے ان مملوک حکمرانوں کی بولی نہیں لگتی۔ بادشاہ کہنے لگا: آپ جو فرمائیں گے ویسا ہی ہوگا۔
عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ قاہرہ واپس آگئے۔ اب ممالیک نے اپنے طور پر کوشش کی کہ کسی طرح حضرت کو راضی کرلیں اور وہ اپنے ارادے سے باز رہیں۔ آخر یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اتنے بڑے بڑے امراء اور عہدیدار ہوتے ہوئے وہ کھلی بولی میں فروخت ہوں۔ نائب سلطان نے جو کہ خود ایک غیر آزاد مملوک تھا آپ کو ایک نہایت نرم وگداز پیغام بھیجا مگر آپ اپنے ارادے پر قائم رہے۔ اب انہیں تدبیر سوجھی کہ حضرت کو قتل ہی کردیا جائے اس کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں رہ گیا۔ نائب سلطان خود اپنے حاشیہ برداروں کے ساتھ آیا اور آپ کے دروازے پر دستک دلوائی۔ حاشیہ برداروں نے ننگی تلواریں تھام رکھی تھیں۔ دروازے پر عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند آئے جن کا نام عبداللطیف تھا، اس نے یہ خوفناک منظر دیکھا تو الٹے پیروں واپس ہوا اور والد بزرگ وارسے کہنے لگا: ابا جان موت ! نکلنے کی کوئی صورت ہو تو بچ نکلئے۔ اوراِس کے ساتھ ہی سارا معاملہ بیان کردیا۔ عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بیٹا تمہارا باپ اس سے کہیں کمتر اور حقیر ہے کہ وہ اللہ کے راستے میں قتل کردیا جائے۔ یہ کہہ کر آپ باہر آئے اور نائب سلطان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیں۔ نائب سلطان پر کچھ ایسا رعب پڑا کہ وہ وہیں کا وہیں کھڑا رہ گیا۔ ہاتھ پیر ساتھ نہ دے رہے تھے۔ خود اپنی تلوار اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر گر پڑی۔ چہرے کا رنگ فق ہو گیا تھا کچھ دیر وہ یونہی خاموش رہا پھر بڑی لجاجت سے بولا: میرے آقا آخر آپ کرنا کیا چاہتے ہیں؟ فرمایا: میں تمہاری بولی لگواؤں گا اور تمہیں فروخت کروں گا۔ کہنے لگا: اس کی قیمت آپ وصول کریں گے ؟ فرمایا: ہاں۔ کہا اس کا کیا کریں گے ؟ فرمایا: بیت المال میں جمع کرائی جائے گی اور مسلمانوں کے مصالح میں برتی جائے گی۔ نائب سلطان کی آنکھیں بھر آئیں۔ آپ سے دُعا کی درخواست کی اور رخصت ہو گیا۔
تب واقعتا یوں ہوا کہ مملکت کے بڑے بڑے سرکش افسر اور وزیر اور کرّوفرّ کے مالک حکمران ایک ایک کرکے عز بن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ کے پاس لائے جا رہے تھے۔ آپ ایک ایک کی بولی لگواتے۔ آپ نے اسے محض کوئی قسم توڑنے کی کارروائی بھی نہ رہنے دیا۔ بار بار منادی کراتے اور خوب خوب قیمت بڑھواتے۔ جب تک قیمت بہت اوپر نہ چلی جاتی بولی نہ رکواتے۔ یہ سب آپ اس لئے کر رہے تھے کہ ان کا گھمنڈ خاک میں مل جائے اور ان کی تنی ہوئی گردنیں ذرا تواضع سیکھ لیں۔ یوں مصر کے بازار میں حکمرانوں کی ایک بڑی تعداد نیلام کر دی گئی۔
علماء اور حکمرانوں کی ایک بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ ایسا واقعہ انسانی تاریخ میں کبھی ہوا ہی نہیں۔ یہ ہیں ہمارے ائمہ۔ اقوام عالم اپنے فخر کیلئے جو کچھ بھی ان کے پاس ہے لے آئیں ہم اپنے ائمہ اور ان بزرگان دین کو لے آئیں گے اور فیصلہ انہی پر چھوڑ دیں گے۔ ابن عبدالسلام رحمۃ اللہ علیہ جیسی شخصیت کسی قوم کے پاس ہو تو ذرا سامنے لائے۔
اس عظیم ترین واقعہ کو کئی ایک نے بڑی خوبصورتی سے رقم کیا ہے۔ عربی ادب کے عظیم نابغہ مصطفی صادق الرافعی نے اپنی تالیف ''وحی القلم'' میں ''اُمَراءٌ لِلْبَیْعِ''۔ ( امراء برائے نیلام عام) کے عنوان کے تحت بیان کرتے ہوئے اس حقیقی واقعہ کو ادب کا ایک شہ پارہ بنا دیا ہے۔مصطفی صادق الرافعی کی یہ تخلیق پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
Last edited by a moderator:





