اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے 2023 کیلئے حج پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کیا ، وزارت خزانہ کی جانب جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور کے درمیان ایک اہم ملاقا ت ہوئی، ملاقات میں حجاج کرام کو سرکاری سطح پر ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
رواں سال 2023 کے لیے شمالی علاقے کے عازمین کو عبوری حج پیکج کیلئے 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقے کے عازمین کو 11 لاکھ 65 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
حکومت کی جانب سے منظور کی گئی حج پالیسی 2023 کےتحت ڈالرز میں حج اخراجات جمع کروانے والوں کو قرعہ اندازی سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ان افراد کیلئے وزارت مذہبی امور نے پہلے ہی 25 فیصد کوٹہ مقرر کردیا ہے۔
حج پالیسی کے تحت حکومت نے پہلے ڈالرز جمع کروانے والے22 ہزار 400 امیدواروں کو قرعہ اندازی سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پہلے ڈالر جمع کروانے والوں کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
حج پالیسی 2023 کے مطابق پاکستانی کرنسی میں حج اخراجات جمع کروانے والوں کو سرکاری قرعہ اندازی کا حصہ بننا ہوگا، فی کس حج اخراجات 12 سے 13لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے، حکومت نے ڈالر ز کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے 40 کے بجائے50 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے پر بھی غور کیا ہے۔
Advertisement





