سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو ایک تفصیلی اور غیر معمولی خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے اعلیٰ عدلیہ کے اندر پائے جانے والے ’’اہم ادارہ جاتی خدشات‘‘ کا اظہار کرتے ہوئے چھ کلیدی سوالات اٹھائے ہیں اور ان کے عوامی سطح پر جواب کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، جسٹس منصور علی شاہ نے یہ خط جوڈیشل سال کے آغاز اور مجوزہ عدالتی کانفرنس سے قبل تحریر کیا ہے، جسے انہوں نے ایک ’’ناگزیر ادارہ جاتی فریضہ‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس خط کے ذریعے چیف جسٹس کی طرف سے بارہا خطوط اور پیغامات کو نظر انداز کرنے کے رویے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
جسٹس شاہ نے شکایت کی کہ ان کے سابقہ تمام خطوط اور پیغامات کا نہ کوئی تحریری جواب دیا گیا، نہ زبانی ردعمل آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف بدتمیزی ہے بلکہ عدالت کی باہمی روایات اور ادارہ جاتی آداب کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے بغیر آئینی عدالت مؤثر طور پر کام نہیں کر سکتی۔
انہوں نے تجویز دی کہ چیف جسٹس ان سوالات پر عدالتی کانفرنس کے موقع پر براہِ راست بات کریں تاکہ باہمی مشاورت، شفافیت اور آئین سے وفاداری کی تصدیق ہو سکے۔
جسٹس منصور علی شاہ کے سوالات:
- پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی کو اس کی قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کبھی کیوں نہیں بلایا گیا؟
- سپریم کورٹ رولز 1980 میں ترمیم کو مکمل کورٹ میٹنگ میں بحث کے بجائے سرکولیشن کے ذریعے کیوں منظور کیا گیا؟
- اختلافی آراء (Dissenting Opinions) جاری کرنے کی پالیسی کو فل کورٹ میں مباحثے کے بجائے ججوں کی انفرادی آراء لے کر کیوں اپنایا گیا، جب کہ یہ عمل ’ناقابلِ فہم‘ ہے؟
- چھٹی کے حوالے سے ایک عمومی اسٹینڈنگ آرڈر کیوں جاری کیا گیا جس سے ججوں پر ایسے کنٹرول عائد ہوتے ہیں جو عدالتی آزادی اور 1997 کے صدارتی آرڈر سے متصادم ہیں؟
- 26ویں ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواستیں اوریجنل فل بینچ کے سامنے کیوں مقرر نہیں کی گئیں؟
- کیا چیف جسٹس ججوں میں آزادی پروان چڑھا رہے ہیں یا ’تعمیل نافذ کر کے اس عدالت کو آزاد اور مساوی ججوں کی آئینی عدالت کے بجائے ایک باقاعدہ فوجی دستہ‘ بنا رہے ہیں؟
جسٹس شاہ نے وضاحت کی کہ یہ خط کسی ذاتی شکایت پر مبنی نہیں بلکہ ایک ذمہ دار جج کی طرف سے سنجیدہ ادارہ جاتی خدشات کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اندر فیصلہ سازی کا طریقہ کار یکطرفہ ہوتا جا رہا ہے، اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنچوں کی تشکیل میں شفافیت ختم ہو چکی ہے، جونیئر ججوں کو اہم بینچز میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ سینئر ججوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عدالتی وسعت کا مقصد زیر التوا مقدمات کم کرنا نہیں بلکہ ادارہ جاتی طاقت کے توازن کو بدلنا ہے۔
جسٹس شاہ نے کہا کہ اگر چیف جسٹس نے اس صورتحال کا ادراک نہ کیا تو نہ صرف عدلیہ کی آزادی متاثر ہو گی بلکہ عدالت کا اندرونی اتحاد بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔
انہوں نے آخر میں امید ظاہر کی کہ چیف جسٹس اس خط کو سنجیدگی سے لیں گے، عدالتی کانفرنس کو ادارہ جاتی تجدید کا موقع بنائیں گے اور ان سوالات کے جواب دے کر قوم کو شفاف اور آئینی قیادت فراہم کریں گے۔
جسٹس منصور نے کہا 26ویں ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواستیں تقریباً ایک سال سے زیر التوا ہیں۔ یہ براہِ راست عدالت کی آزادی سے متعلق ہیں،ان درخواستوں کی سماعت اصل فل کورٹ کے ذریعے ہونی چاہیے، اور ان ججوں کو اس میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے جو اس ترمیم کے بعد تعینات ہوئے۔ جب تک ایسا نہیں ہوتا، آپ کی قیادت میں اٹھایا گیا کوئی بھی قدم ادارہ جاتی طور پر کمزور اور آئینی بنیادوں پر مشکوک سمجھا جائے گا۔
Loading X post…
Open original post on XLoading X post…
Open original post on XLoading X post…
Open original post on XLoading X post…
Open original post on X
Last edited by a moderator:
Advertisement





