- Joined
- Apr 4, 2011
- Posts
- 17,933
- Reaction score
- 31,143
- Points
- 113
ایک وقت تھا کہ ہمارے ہاں اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک فارسی پڑھائی جاتی تھی، لیکن اب فارسی کے حوالے سے صرف یونیورسٹیز میں قائم شعبۂ فارسی سے ہی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
پتہ نہیں یہاں جو فارسی پڑھائی جارہی ہے وہ ایران کی فارسی سے مطابقت رکھتی بھی ہے یا نہیں اس لیے کہ اگر یونیورسٹی کے شعبۂ فارسی کے طلباء و طالبات ہوم ورک کا مترادف جدید فارسی میں دیکھیں تو یقیناً چونک جائیں، ممکن ہے قہقہہ بھی لگاتے ہوں. اس لیے کہ جدید فارسی زبان میں ہوم ورک کوتکلیفِ شب اوّل یا تکلیف شب دوئم کہتے ہیں۔
یہ عام سی بات ہے کہ پاس ہونے والا طالب علم خوش ہوتا ہے اور فیل ہونے والا مغموم. لیکن اگر یہ طالب علم جدید فارسی سیکھ رہا ہو تو یہ کیفیات مزید دوچند ہوسکتی ہیں، اس لیے کہ فارسی زبان میں پاس ہونے کو قبول اور فیل ہونے کو مردود کہتے ہیں۔
جدید فارسی کے مزید دلچسپ لطائف؛
ایران میں اگر کوئی کف کہے تو قمیض یا آستین کا کف نہیں بلکہ جھاگ کی طرف اشارہ کررہا ہے۔ فارسی میں گاہک کو مشتری کہتے ہیں، بحری جہاز کو کشتی…. جبکہ بندرگاہ کو صرف بندر کہتے ہیں، اور شاید بندر کو کچھ نہیں کہتے ہوں، ان کے لیے فقط اتنا کہا جاتا ہو کہ اگر وہ گھر لوٹ آئیں تو انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا.
جدید فارسی میں پارسل کو بستہ، عجائب گھر کو موزہ، کدال کو بیل، چیتے کو پلنگ، سینگ کو شاخ، برقعہ کو چادر، چیونٹی کو مورچہ اور چیونٹے کو مور کہتے ہیں۔
ایران میں اگر کوئی آپ سے درس کے بارے میں دریافت کرے تو آپ کھڑے کھڑے اسے اخلاقیات کادرس دینا نہ شروع کردیں، دراصل وہ آپ سے درانتی طلب کررہا ہے۔
ہمارے بعض اہل علم کو اگر جدید فارسی سیکھنا پڑجائے تو ان کے لیے خاصا جاں سوز بھی ہوسکتاہے، اس لیے کہ فارسی میں اودبلائو کو سگِ لاہور کہتے ہیں، پسو کو کیک، رسید کو قبض، ڈرافٹ کو برأت، بغاوت کو قیام کہا جاتا ہے۔
جدید فارسی زبان میں کھٹمل کے لیے ساس کا لفظ مخصوص ہے، مینا کو شارک کہتے ہیں، مسافر کو غریب، نرس کو پرستار، وھیل مچھلی کو بال اور فٹبال کو توپ، قلی کو باربر اور دکاندار کو بازاری جبکہ ہمارے ہاں اگر کسی دکاندار کو غلطی سے بازاری کہہ دیا جائے تو پھر شاید کہنے والا آئندہ کچھ کہنے کے قابل ہی نہ رہے۔
ایران میں کوئی صاحب کہیں کہ وہ تکلیف دینا چاہتے ہیں تو وہ ناراض ہو جائیں گے، لیکن دراصل وہ اُن موصوف کو کوئی کام یعنی
Job
پیشکش کررہے ہوں گے۔
ایران میں کسی صاحب کے لیے کہا جائے کہ وہ گرفتار ہیں تو بھی پریشان نہیں ہونا چاہیےکہ گرفتار کے جدید فارسی میں معنی ہیں معروف اورکسی کے نام کے ساتھ دستگیر کا لفظ استعمال کیا جائے تو سمجھ جائیں کہ اُسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دو مٹکے فارسی ٹوٹکہ
ہمارے بعض اہل علم وادب اردو زبان میں جس قسم کی فارسی اُنڈیل رہے ہیں، اسے دیکھ کر تو ہمیں کچھ کچھ یقین سا ہونے لگا ہے کہ انہوں نے فارسی زبان ضرور اُسی طرح سیکھی ہوگی جس طرح مغلیہ عہد کے ایک دیہات کے لوگوں نے سیکھی تھی۔
جب ہندوستان میں مغل بادشاہ بادشاہ کھیل رہے تھے تو اس دور میں ہندوستان کی سرکاری زبان فارسی ہوا کرتی تھی اور ہندوستان کے عام شہری اس زبان سے بالکل نابلد تھے، یہ شاید برصغیر کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ سرکاری زبان وہ ہونی چاہیے جو یہاں کے عام باشندے سمجھ نہ سکیں، اگر آج ہمارے ملک کے 80 فیصد باشندے انگریزی سمجھنے لگیں گے تو پھر شاید سرکاری زبان ٹ کی بولی ہوگی، ف کی بولی تو ہم سب ہی ماشاءاللہ بچپن ہی میں سیکھ لیتے ہیں۔
خیر عہد مغلیہ میں تمام دفتری و سرکاری معاملات فارسی زبان میں ہی نمٹائے جاتے تھے۔ ایک گاؤں کے لوگوں کو فارسی زبان سے ناواقفیت کی بناء پر بہت نقصان اُٹھانا پڑرہا تھا، گاؤں کے ایک سیانے نے انہیں سمجھایا کہ تمہارے نقصان کی وجہ دراصل یہ ہے کہ تم فارسی نہیں جانتے، چنانچہ سب نے مل کر فیصلہ کیا ان کے پاس فارسی ہونی چاہیے اور یوں وہ مشترکہ طور پر فارسی کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے۔ گاؤں سے باہر نکل کر یہ قافلہ ابھی کچھ دور ہی پہنچا ہوگا کہ ان لوگوں کو دوٹھگ مل گئے، وہ دونوں کہیں سے دو مٹکے چراکر لے جارہے تھے، ان مٹکوں میں شہد کی مکھی کے چھتے مکھیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ موجود تھے، مٹکوں کا منہ کپڑے سے بند کیا ہوا تھا۔ اتنے سارے لوگوں کو لاٹھیوں ڈنڈوں سے لیس ،پیدل اور سوار ایک جانب جاتے دیکھا تو دونوں ٹھگوں نے ان سے معاملہ دریافت کیا، گاؤں والوں نے ان دونوں کو اپنی روداد سنائی تو ٹھگوں نے آنکھوں آنکھوں میں ایک دوسرے اشارے کیے اور پھر گاؤں والوں سے بولے کہ یہ دونوں مٹکے فارسی سے لبالب بھرے ہوئے ہیں۔
گاؤں والے تو نکلے ہی فارسی کی تلاش میں تھے، ان کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا کہ گاؤں کے باہر ہی فارسی انہیں مل جائے گی۔ وہ تو یہ سوچ کر نکلے تھے کہ نامعلوم کتنی مسافت طے کرنی پڑے اور کتنے مہینے کا سفر ہو، ان کی تو خوشی کا ٹھکانہ نہ تھا، لہٰذا اُنہوں نے یہ فارسی بھرے مٹکے منہ مانگی قیمت پر خرید لیے۔ ٹھگوں نے گاؤں والوں کو بتایاکہ رات کے وقت گاؤں کے تمام مرد ایک بڑے کمرے میں جمع ہو جائیں اور کمرہ بند کرکے اپنے کپڑے اُتار دیں پھر اِن دونوں مٹکوں کا منہ کھول دیں، یوں گاؤں کے تمام مرد راتوں رات فارسی دان ہوجائیں گے۔
گاؤں والوں نے ٹھگوں کی ہدایت پر کماحقہ عمل کیا. نتیجہ کیا نکلا؟ ظاہر ہے گاؤں کے سارے مرد فارسی دان بن گئے، چاہے خود ان کے تشریف دان کہیں رکھنے کے لائق نہ رہے ہوں!
Last edited by a moderator:





