Advertisement

ترکمانستان میں پیٹرول کی مفت فراہمی بند

ترکمانستان میں پیٹرول کی مفت فراہمی بند



ترکمانستان میں حکام کے مطابق گاڑیوں کے مالکان کو پیٹرول کی مفت سپلائی بند کر دی جائے گی تاہم شہریوں کو گیس، بجلی، پانی اور نمک کی مفت فراہمی جاری رہے گی۔

ترکمانستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یکم جولائی سے شہریوں کو 120 لیٹرمفت ماہانہ پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔
140501105233_turkmenistan_petrol_304-.jpg

ترکمانستان میں 2008 میں شہریوں کو مفت پیٹرول فراہم کرنے کا سسٹم متعارف کروایا گیا تھا

سینٹرل ایشین ربپلک کے رہنما قربان قلی بردی محمدوف کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد ملک کی معیشت کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

خیال رہے کہ ترکمانستان میں سنہ 2008 میں شہریوں کو مفت پیٹرول فراہم کرنے کا سسٹم متعارف کروایا گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی پیٹرول زیادہ مہنگا نہیں تھا اور اس کی قیمت 0.02 ڈالر (تقریباً دو پاکستانی روپے) فی لیٹر تھی۔

ترکمانستان کی ویب سائٹ خرونیکا ترکمنستانہ کے مطابق جب حکام نے گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کو مفت پیٹرول فراہم کرنا شروع کیا تو انھوں نے پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی قیمت بڑھا کر 0.22 ڈالر (تقریباً 22 روپے) فی لیٹر کر دی۔

ترکمانستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس کے اندازے کے مطابق ترکمانستان میں پوری دنیا کے 20 فیصد قدرتی گیس کے ذخائر موجود ہیں، جب کہ وہاں تیل کے بھی خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔

تاہم اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ان ذخائر کا پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا سکی کیونکہ اس کے پاس ان ذخائر کو برآمد کرنے کے راستے نہیں ہیں۔


http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2014/05/140501_turkmenistan_petrol_supplies_rwa.shtml
​