Advertisement

تخت اور مراٹھے - Abdullah Tariq Sohail



عمران خاں نے کہا تھا، 23مارچ کے جلسے سے پتہ چلے گا کہ سونامی رک گیا ہے یا بڑھ گیا ہے چنانچہ جلسہ ہوا اور سونامی کی پوزیشن کا پتہ چل گیا۔ یعنی یہ معلوم ہوگیا کہ سونامی رکا نہیں، موجود ہے، اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بڑھا نہیں، کچھ کم ہوا ہے یعنی سکڑا ہے۔انہوں نے جلسے کو پانی پت کی جنگ کا نام دیا، ایسا محاورہ جو اس جلسے یا کسی بھی جلسے کے لئے نہیں بولا جا سکتا تھا پر انہوں نے بول دیا، ویسے ہی جیسے انہوں نے یہ ’’محاورہ‘‘ ادا کیا تھا کہ ایک بال سے دو وکٹیں اڑاؤں گا۔ ایک بال سے دو وکٹیں اڑانے کا کوئی محاورہ ہے ہی نہیں اور ہو بھی نہیں سکتا اور اب تو خیر گیند ان کے پاس رہی نہیں، بیٹ آگیا ہے جس سے وکٹ اُڑائی نہیں، بچائی جاتی ہے۔اسی طرح جلسے کے لئے بھی پانی پت کی جنگ کا محاورہ نہیں بولاجا سکتا۔ ویسے بھی پانی پت کی جنگ کا پس منظر موجودہ منظر کے الٹ تھا۔ پانی پت کی جنگ تخت دہلی پر قبضے کے لئے مراٹھوں کی یورش سے شروع ہوئی تھی۔ تخت دہلی نے مراٹھوں کی طبیعت ایسی صاف کی کہ وہ بہت لمبا عرصہ کوئی جنگ لڑنے کے قابل نہ رہے۔ تخت دہلی کی جگہ تخت لاہور کو سمجھیں تو یورش کس کی ہوئی اور اسے بچانے والے کون ہوئے ؟۔۔۔عمران کو اپنا محاوراتی علم ضرور بہتر بنانا چاہئے۔ شاید انہیں کسی نے بتایا ہی نہیں کہ مراٹھے بری طرح ہار گئے تھے ۔یہ جنگ پنجاب میں ہوئی تھی کہ اس وقت پانی پت پنجاب کا شہر تھا البتہ آج یہ علاقہ ہریانہ کہلاتا ہے جو مشرقی پنجاب کا ایک تہائی کاٹ کر بنایا گیا ہے۔



پچھلے برس30اکتوبر کا جلسہ جس کے بعد ’’سونامی ‘‘ کی اصطلاح متعارف ہوئی تھی، 23مارچ کے جلسے سے کچھ بڑاتھا۔ یہ بات
عمران نے نوٹ کی ہوگی۔



بارش اور طوفانی ہواؤں سے سونامی اور بھی بپھرتا ہے۔ یہ سیاسی سونامی تھا۔ تندی باد مخالف کی تاب نہ لا سکا ۔۔۔ہوا اور بارش نے وقت
مقررہ سے کئی گھنٹے پہلے جلسے کی بساط لپیٹ دی۔



_________________________________



عمران خان نے یہ بہت اچھی بات کی کہ وہ برسراقتدار آگئے تو18ارکان سے زیادہ کی کابینہ نہیں رکھیں گے۔



کابینہ پہلے اتنی ہی ہوا کرتی تھی۔ مشرف نے گنتی بڑھا دی اور ہر وزیر قوم کو کئی کئی کروڑ میں پڑا۔ پھر این آر او کی حکومت آگئی، اس نے گنتی کو لامحدود حد تک بڑھا دیا اور ہروزیر قوم کو کئی کئی ارب میں پڑا بلکہ اس سے بھی زیادہ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ قوم پانچ برسوں میں ساڑھے 6ہزار ارب روپے سے زیادہ کی مقروض ہوگئی۔ وزراء کی صحیح گنتی گنیز بک سے معلوم کر لیں اور پھر اس کو اس رقم سے تقسیم کریں فی کس رقم کھربوں میں نکلے گی۔




یہ مت کہئے کہ این آر او وزیروں نے یہ رقم لوٹ لی۔ جیالے لوٹ کا لفظ سن کر بہت ناراض ہوتے ہیں۔ خاص طور سے کائرہ صاحب۔ ایک جیالے کے سامنے یہ لفظ استعمال کیا گیا تو غصّے میں آگیا۔ بولنے والے کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ جیالے کا مطالبہ تھا لُوٹ کا لفظ واپس لو۔ آخر بے چارے نے لُوٹ کا لفظ واپس لے لیا اور کہا۔ اتنے کھرب ہتھیائے۔ جیالے کا غصہ دور ہوگیا، بولا، یہ ٹھیک ہے۔ پہلے ہی کہہ دیتے تو تلخی نہ ہوتی۔ برسبیل تذکرہ، ریٹائرڈ جیالے جمشید دستی نے فرمایا (کوٹ ان کوٹ) موجودہ(اب سابق) حکومت میں سارے چور اور لٹیرے تھے(ہتھیارے تھے؟)غریب کے لئے کسی نے کچھ نہیں کیا۔(بحوالہ ایکسپریس22مارچ) یہ گھر کی گواہی ہے یعنی لنکا کے بھیدی نے وار کیا ہے ۔ لنکا ڈھادی اس لئے نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کام تو خود سب سے بھاری نے کر دیا۔ اکانومسٹ نے لکھا، اس حکومت نے کھلے عام مال بٹورا۔ اکانومسٹ کو ایسا نہیں لکھنا چاہئے تھا، کائرہ صاحب ناراض ہو جائیں گے۔ یوں لکھتا، کھلے عام مال ہتھیایا۔کہنے کی بات یہ ہے کہ نواز شریف کو بھی اعلان کر دینا چاہئے کہ وہ بھی18وزیروں سے کام چلائیں گے۔ لیکن فی الحال ایسا لگتا نہیں ہے اس لئے کہ جس طریقے سے دھڑا دھڑ دوسری پارٹیوں کے لوگوں کو اور حتیٰ کہ مشرف کے ساتھیوں کو وہ پارٹی میں لے رہے ہیں، حکومت بنانے کے بعد انہیں مطمئن کرنے کے لئے کیا کریں گے۔ یا تو وزارت دیں گے یا مشیر اور معاون بنائیں گے اور پرنالہ جوں کا توں رہے گا۔



_________________________________



ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ قاف لیگ کی پیپلزپارٹی سے ناراضگی بہت بڑھ گئی ہے۔ پیپلزپارٹی نے سندھ میں قاف لیگ کے تقریباً سارے ارکان کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے اور سندھ میں قاف لیگ کاکاغذی وجود بھی نہیں رہا(مزے کی بات ہے، پیپلزپارٹی کے اپنے لوگ فنکشنل میں جا رہے ہیں)



قاف لیگ اب کیا کرے گی۔ ایک آپشن تو وہی ورنہ والا ہے۔آپ نے دیواروں پر نعرے پڑھے ہوں گے کہ ہمارا مطالبہ پورا کر و ورنہ ۔۔۔یہ خالی جگہ یا ڈیش ڈیش حالات کے مطابق بھرے جاتے ہیں۔ یعنی مطالبہ پورا کرو ورنہ ٹھیک ہے۔ دوسرے لفظوں میں اسی پرانی تنخواہ پر کام کرتے رہیں گے۔ بہرحال، قاف لیگ اتنی مجبور نہیں جیسا کہ لوگ سمجھتے ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ پیپلزپارٹی قاف لیگ کے ساتھ جو مرضی کر لے وہ اسی طرح اس کے پلّو سے لٹکی رہے گی، اس کے پاس کوئی اور راستہ ہی نہیں۔۔۔لیکن نہیں۔



راستہ ہے۔ مشرف لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد۔ دونوں کی مقبولیت عوام میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر ہے۔ متحد ہو جائیں تو غضب کا ’’گریٹر الائنس‘‘ وجود میں آئے گا۔



گریٹر کے لفظ پر مسکرانے کی ضرورت نہیں۔ ایک سے دو بھلے کا مطلب یہ بھی تو ہو سکتا ہے ایک سے دو تگڑے!



_________________________________



دنیا بھر میں ارتھ آور منایا گیا۔ پاکستان میں بھی لیکن پاکستان میں صرف منایا گیا، اس پر ’’عمل‘‘ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔



عمل کا مطلب یہ کہ ایک گھنٹے کے لئے دنیا بھر میں لوگوں نے بجلی بند رکھی۔ پاکستان میں اس لئے عمل نہیں ہوا کہ یہاں ’’ارتھ آور‘‘ یعنی مقررہ وقت پر بجلی پہلے ہی بند تھی۔ عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔ پاکستان دنیا والوں کو فخر کے ساتھ بتا سکتا ہے کہ وہ تو ارتھ آور سال میں ایک دن ایک گھنٹے کے لئے مناتے ہیں ہم پچھلے پانچ برسوں سے ہر دن ہر گھنٹے یہ ’’آور‘‘ منا رہے ہیں۔ یہ ایسا ’’گھنٹہ ‘‘ ہے جو بجتا ہی رہتا ہے، تھمتا کبھی نہیں۔۔۔جے ہو گھنٹے والی سرکار مہابلی راجہ رینٹل کی اور جے جے کار ہومہا مہان بلی سب پر بھاری کی !

_________________________________


الیکشن اب مہینوں نہیں، ہفتوں کی بات رہ گئی۔ تمام سیاستدانوں کو انتخابی مہم کی فکر ہے، ملک کے مسائل اور المیے ایک طرف رہ گئے۔ پہلے بھی ان پر ان کی نظر کبھی کبھی پڑتی تھی، اب اس سے بھی گئے۔



’’ ہماری جنگ‘‘ کے ان تھک اپریشن دن رات جا بجا جاری ہیں۔ ان کے ’’ہیروئک‘‘ ہونے میں کوئی شبہ نہیں اور جواسے ’’ہولی وار‘‘ نہ مانے، بجا طور پر قابل گردن زدنی ہے لیکن قبائلیوں پر جو قیامت ٹوٹ پڑی ہے، اس کا خیال کون کرے گا۔ یہ قبائلی تو وہ راندہ درگاہ قوم ہیں کہ ایمنسٹی بھی ان کے لئے نہیں بولتی۔



جن ’’خوش قسمت ‘‘ علاقوں میں یہ ’’ہولی وار‘‘ چل رہا ہے، ان میں تراہ کا علاقہ بھی ہے۔ ’’ہولی وار‘‘ کی وجہ سے ان گنت آبادی بے گھر ہے اورہزارہا ہزار لوگ سخت سردی میں کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار پڑے ہیں اور مر رہے ہیں۔ دوائیں کہاں سے ملیں گی انہیں تو کوئی روٹی بھی نہیں دیتا۔ بے کسی اور بے بسی کا پورٹریٹ ملاحظہ فرمائیے کہ ’’روٹی نہ دوا‘‘ کے بیک ڈراپ میں ایک خاندان اپنے دو بچوں کو سڑک پر چھوڑ کر پناہ کے لئے آگے بڑھ گیا، ایک گھر والوں نے اپنی اپاہج نوجوان لڑکی اور اس کی دادی کو گولی مار کر غم دہر سے آزاد کردیا۔


نواز شریف ، ڈاکٹر قدیر، عمران خان، فضل الرحمن، منور حسن، اویس نورانی،عاصمہ جہانگیر کہاں کھو گئے یہ سب کے سب ؟
​


http://naibaat.pk/?p=42779c#
​
 
Last edited by a moderator: