Advertisement

بھونکنے والوں سے سونگھنے والوں تک

بھونکنے والوں سے سونگھنے والوں تک
تحریر: عمران خان


Hound.jpg

​


سونگھنے کیلئے ناک کا ہونا شرط ہے۔ سازش کی بو سونگھنے کیلئے اچھی ناک درکار ہوتی ہے۔ اچھی ناک کی خوبی یہ ہے کہ وہ دور سے سونگھ لیتی ہے۔ اب اسے خوبی کہیں یا خامی، کیونکہ اچھی ناک کتے کی ہوتی ہے۔ کتا ہر چیز سونگھ کے اپنے مالک کو اشارتاً بتا سکتا ہے کہ کس چیز میں کیا بھرا ہے، بھرا بھی ہے یا خالی ہے۔ کتے کی اسی حس کے پیش نظر سکیورٹی کے خاص خاص مقامات پہ کتے موجود ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی کا چور اور کوتوال دونوں کو نقصان ہی ہوتا ہے۔ ائیر پورٹ پر کتوں کی وجہ سے سمگلروں کا مک مکا نہیں ہو پاتا۔ اہلکار مٹھی گرم ہونے پر آنکھیں بند کر لیتا ہے، مگر کتا، ناک بند کرنے پر قدرت نہیں رکھتا۔ اچھے کتوں کی اچھی تنخواہیں ہوتی ہیں، برے کتوں کی تنخواہیں نہیں ہوتیں۔ وہ ملک کے گلی کوچوں میں اکثر اوقات بھونکنے کا کام کرتے ہیں، پرانے پاکستان میں کتے کی بھونک سے شہری چوکنے ہو جاتے تھے۔ نئے پاکستان میں کتے کے بھونکنے سے شہریوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ وجہ پوچھی تو جواب ملا کہ کتے کا کام ہی بھونکنا ہے، گلی میں بھونکے، شاہراہ پر بھونکے، مجمع میں بھونکے، تنہائی میں بھونکے، لاؤڈ اسپیکر لگا کر بھونکے، ٹی وی پہ بھونکے یا ریڈیو پر، کیا فرق پڑتا ہے۔ عمومی طور پر بھونکنے والے کاٹتے نہیں ہیں۔ بعض اوقات بھونکنے والے بھی کاٹتے ہیں، مگر اسی کے اشارے پر، جس کے اشارے پر بھونکتے ہیں۔ سیانے کہتے ہیں کہ بھونکنے والے بھونکتے رہتے ہیں اور قافلے گزر جاتے ہیں۔

پاکستان میں بھونکنے والوں کی اتنی کمی نہیں ہے، جتنی کمی چین میں ہے۔ چنانچہ بھونکنے والوں سے اگر جان چھڑانی ہے، تو چین سے مدد لی جا سکتی ہے۔ چین کی ڈاگی مارکیٹ میں سب کے سب الٹے لٹکے نظر آتے ہیں، ان میں بھونکنے والے بھی شامل ہوتے ہیں اور کاٹنے والے بھی۔ ملک حالت جنگ میں ہے، اس لیے سکیورٹی کا اہتمام زیادہ ہے۔ لہذا کتوں کا اہتمام بھی زیادہ ہے۔ تنخواہوں کا تو پتہ نہیں مگر وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں سونگنے والے بکثرت موجود ہیں۔ چونکہ یہاں چین کی طرح ڈاگ مارکیٹ موجود نہیں، لہذا اچھی ناک سے محروم کتے عموماً صرف بھونکنے کا کام کرتے ہیں۔ کہیں انہیں بھونکنے پر خوراک ملتی ہے تو کہیں پتھر کھانے پڑتے ہیں۔ بھونکتے ہوئے یہ پرواہ نہیں کرتے کہ کہاں، کس کو، کیسے بھونک رہے ہیں۔ کئی کتے تو معززین شہر کو بھی بھونکنا شروع کر دیتے ہیں۔ گاؤں دیہاتوں میں بھونک کو خیر نہیں شر سمجھا جاتا ہے۔ علیل جبران کو تو شر کی ہر بات بھونک ہی لگتی ہے، چنانچہ اس کلیہ کی روشنی میں شر بولنے والے کو بھونکنے والا کہنا زیادہ مناسب ہے۔ بھونکنے سے پریشان ہونے کے باوجود بھی مالک ان کو پالے، سنبھالے رکھتے ہیں، کیونکہ یہ سونگھنے کا کام بھی کرتے ہیں۔

بڑے اور اہم مقامات پر سکیورٹی کی غرض سے سونگھنے والے باقاعدہ تنخواہ پر رکھے جاتے ہیں، مگر یہ تنخواہ صرف اس وقت تک دی جاتی ہے، جب تک ان کی ناک درست کام کرتی ہے۔ یہی کلیہ بھونکنے پر لاگو ہوتا ہے۔ یعنی جب تک بھونکتے ہیں، کوئی نہ کوئی ہڈی ملتی رہتی ہے۔ اب یہ ضروری نہیں کہ یہ ہڈی اندرونی ہو، بیرونی بھی ہوسکتی ہے۔

اونٹ کو صحرا کا جہاز کہا جاتا ہے، اس لیے صحرائی علاقوں میں بکثرت موجود ہوتا ہے۔ عربوں کی بڑی بڑی ضیافتوں میں اونٹ شوق سے کھایا جاتا ہے، عرب صرف گوشت کھاتے ہیں۔ ہڈیاں ادھر ادھر ڈال دیتے ہیں۔ چونکہ اونٹ کی ہڈی بڑی ہوتی ہے۔ لہذا یہ بڑی ہڈی بھونکنے والے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ ہڈی بڑی ہوتی ہے، لہذا یہ بڑا بھونکتے ہیں۔ پاکستانی اگر بھونک سے زیادہ تنگ ہیں تو اس کا ایک حل یہ بھی ہے کہ عربوں کے اونٹ کھانے پر پابندی عائد کریں، اگر وہ نہ مانیں تو ان سے کم از کم یہ درخواست ضرور کی جاسکتی ہے کہ برائے کرم ہڈیاں یہاں وہاں نہ پھینکیں، کہ ان کی وجہ سے ہمارا سکون خراب ہوتا ہے، ہڈیاں آپ ڈالتے ہو، بھونک ہمیں سننی پڑتی ہے۔ زیادہ تر پاکستانی جیو دیکھتے ہیں، جس پر مرنے کی خبریں زیادہ آتی ہیں۔ بھونک اور اس کے اثرات دیکھنے کیلئے عربوں کو بھی جیو دیکھنا چاہیے۔

سونگھنے کے کام پر معمور کتے جب سونگھنا چھوڑ دیں، تو ان کی تنخواہیں روک لی جاتی ہیں، اور نوکری سے بھی فارغ کر دیا جاتا ہے۔ میریٹ ہوٹل کے گیٹ پر ڈیوٹی دینے والی ٹیری کے ساتھ بھی یہی سلوک ہوا تھا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ کتوں کے ساتھ یہ سلوک صرف جانوروں تک محدود ہے۔ انسانوں پر اس کا اطلاق نہیں کیا جاتا۔ اس کی کیا وجہ ہے، وثوق سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ پچھلے دنوں خبر آئی تھی کہ جس تھانے کی حدود میں دہشتگردوں کی وال چاکنگ ہوئی تو ایس ایچ او کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ یہ الگ بات ہے کہ ٹارگٹ کلنگ تو معمول کے مطابق جاری رہی، اوپر سے شکار پور، پشاور، لاہور، اسلام آباد میں کئی حادثے رونما ہوگئے، مگر کوئی فارغ نہیں ہوا۔ کسی کی تنخواہ نہیں رکی۔ معلوم نہیں کیوں۔؟ سکیورٹی والے کتے غلطی کریں تو نوکری سے فارغ، بندے غلطی کریں تو ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، شائد کہ انہیں باور کرانا مقصود ہوتا ہے، تم سکیورٹی والے کتے نہیں، سکیورٹی والے بندے ہو۔ جس طرح شر کی بھونک صرف کتے کی خصلت نہیں، اسی طرح اچھی یا بری ناک بھی صرف کتوں کیلئے مخصوص نہیں ہے۔ دونوں صفات جناب انسان میں بھی پائی جاتی ہیں، بلکہ ناک کے حوالے سے حضرت انسان تو کچھ زیادہ ہی حساس ہے۔ وضعدار، باعزت لوگ ناک کو بچائے رکھنے کے لئے بہت کچھ قربان کر دیتے ہیں، مگر بے عقل، بدتہذیب اپنی غفلت کے باعث اسی ناک سے محروم ہوجاتے ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں عمومی طور پر ناک کاٹنے والے انتہائی قریبی ہوتے ہیں، مگر جن کے سامنے ناک کٹتی ہے وہ عموماً غیر ہوتے ہیں۔ لہذا بندے کو ان محفلوں میں بندہ بن کر ہی رہنا چاہیے، جس میں اپنے اور غیر دونوں موجود ہوں۔

یوں تو زیادہ تر ناک خاندانی وقار کی ضمانت کے طور پر سجی رہتی ہے، مگر بسا اوقات اس پہ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، معاشی، معاشرتی ذمہ داریوں کا اضافی بوجھ بھی آن پڑتا ہے۔ ناک کے اوپر نیوٹن کا قانون حرکت پوری طرح لاگو ہوتا ہے، جس طرح ہر عمل کا ردعمل ہوتا ہے، اسی طرح ناک پہ بوجھ جتنا زیادہ ہوتا ہے، یہ اتنی اوپر کی جانب اٹھتی ہے۔ یعنی اس پر ذمہ داریوں کا بوجھ جتنا زیادہ ہوتا ہے، یہ اتنی اونچی تصور کی جاتی ہے، اگرچہ زیادہ اونچی ناک خوش آئند سمجھی جاتی ہے، مگر ناک جتنی اونچی ہوتی ہے اتنی زیادہ کٹتی ہے۔ بعین اسی طرح انسان جتنی زیادہ بلندی سے گرتا ہے، اتنی زیادہ چوٹ کھاتا ہے۔ خاندانی ناک کی ایک خصوصی علامت یہ بھی ہوتی ہے کہ کٹنے کے بعد جائے وقوعہ پر کبھی دکھائی نہیں دیتی، مگر زمانے کی ترقی کے ساتھ اب یہ تکلف روا نہیں رکھا جاتا۔ آج کل بندے ناک کٹا کے جانے کی اداکاری کرتے ہیں اور پھر جائے وقوعہ پر اسی طرح موجود ہوتے ہیں کہ جیسے ناک کٹنے کی چیز تھی، سو کٹ گئی۔ ناک رکھنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں۔ انجان بچے چونکہ ناک کی اہمیت، حیثیت اور افادیت سے پوری طرح آگاہ نہیں ہوتے، اس لئے جانے انجانے میں کٹوا بیٹھتے ہیں۔ چونکہ بچے بچے ہوتے ہیں، اس لیے ناک ان کی نہیں والدین کی کٹ جاتی ہے۔ سیانے بچے اپنی ناک، والدین کی ناک سمجھتے ہیں اور نادان بچے اپنے ساتھ والدین کی ناک بھی کٹواتے ہیں، چونکہ نادان ہوتے ہیں، اس لیے اس نقصان عظیم کو اپنی غلطی سمجھ کر معافی بھی مانگتے ہیں۔ والدین تو شفقت میں درگزر کر جاتے ہیں ،مگر ناک کٹنے کا غم چونکہ خاندانی ہوتا ہے، لہذا عزیز و اقارب خوب خبر لیتے ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ تمہیں وہاں جانے کی ضرورت کیا تھی، کوئی کہتا ہے کہ جب ایک ناک کٹ گئی تھی تو وہاں سے چلے کیوں نہیں آئے، کوئی کہتا ہے ناک کٹنے میں تمہاری تو کوئی غلطی نہیں تھی، تم کیوں معافی مانگتے ہو۔ وغیرہ وغیرہ۔

علیل جبران کے مطابق یہ سب جھوٹ ہے کہ ناک کٹتی ہے۔ اس حوالے سے متعدد علیل دلائل دیتے ہیں۔ اول یہ کہ گھریلو محفل میں کٹی ہوئی ناک صرف بیوی کو کیوں دکھائی دیتی ہے۔ شوہر ناک کٹنے کے درد سے ہمیشہ محروم کیوں رہتا ہے، اور ناک کا درد صرف بیگم ہی کیوں محسوس کرتی ہے۔ ہر بندے کی ناک ایک ہوتی ہے، پھر باپ کی ناک بیٹا کیسے کٹوا سکتا ہے، وہ بھی باپ کی غیر موجودگی میں۔ پورے جسم پر چوٹ کہیں بھی لگے، خون نکلتا ہے، ناک تو پوری کٹتی ہے، پھر کیوں لہو ندارد، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اگر ناک کٹتی بھی ہے، اور صاحب ناک محروم ہونے کے بعد بھی اس کا درد محسوس نہیں کرتا، تو دوسروں کو کیا تکلیف ہے، ناک کٹ گئی، ناک کٹ گئی کی رٹ لگانے کی۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ناک کٹنے کیلئے ناک کا ہونا ضروری ہے ۔جہاں ناک سرے سے موجود نہ ہو، یا ایلفی، میجک سے میڈ ان چائینہ ناک چپکی ہو، اس کے ہونے نہ ہونے سے کیا فرق پڑنا ہے۔ ہم بھی اسی سے اتفاق کرتے ہوئے سمجھتے ہیں کہ کسی شادی، بیاہ، ماتم، سالگرہ، کانفرنس، سیمینار میں کسی کی کوئی ناک نہیں کٹی، سب کے ناک سلامت ہے، جس کو یقین نہ ہو، وہ باقاعدہ وڈیو، تصویر یا بالمشافہ ملاقات میں جاکر چیک کرسکتے ہیں۔

حقیقت یہی ہے کہ پاکستان میں ناک کی بڑی اہمیت ہے۔ اگر اداروں کے سربراہ یہ اعلان کریں کہ آئندہ دہشتگردوں کو کارروائی کا موقع نہیں دیا جائے گا، اور اس کے باوجود دہشتگرد مذموم کارروائی کر گزریں، وزیراعظم اعلان کریں کہ اس سال دہشتگردوں کا قلع قمع کرینگے، اور ان کی جماعت کے لوگ ہی دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کریں، خود ہی اعلان کریں کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی اور چوبیس چوبیس گھنٹوں کے بلیک آؤٹ ہوجائیں، خود ہی فرمائیں عوام کی فلاح ترجیح ہے اور بچے بھوک سے مریں، بڑے آلودہ پانی پینے سے، کبھی کہیں کرپشن برداشت نہیں کریں گے اور صرف تیل کی مد میں عوام کو اربوں کا چونا لگایا جائے، حکم کریں کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور انہی کے صوبے میں افسر شاہی کا جادو سر چڑھ کر بولے، اعلان کریں کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا، اور حکومت کی جانب سے تاریخ کے اہم ترین کیس میں وکیل تک پیش نہ ہو، وعدہ کریں کہ شدت پسندی اور منافرت کو ٹھکانے لگائیں اور میڈیا پر تکفیری ملا فتوے سنائے، دہشتگردوں کے حامیوں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے، مگر سرکاری محکموں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیں، ظاہر کرتا ہے کہ کہیں نہ کہیں، کوئی نہ کوئی کمی ضرور ہے۔ سوچنا چاہیے کہ کہیں یہ کمی ناک کی تو نہیں، کیونکہ جرائم کے تعفن زدہ نظام سے حکمرانوں کو بو نہیں آتی، اگر ناک کام نہیں کر رہی اور کٹ چکی ہے تو انہیں بھی فارغ کیا جائے۔

​
Source
 
Advertisement
اچھا مضمون ہے لیکن ناک سے اوپر دماغ اور نیچے دل ہوتا ہے
اگر دماغ میں بھس بھرا ہو تو بھونکنا فطرت بن جاتی ہے
اسی طرح دل بے ایمان ہو تو حجتیں ہزار سوجھتی ہیں اور بلا وجہ بھونکنا تقیہ کلام بن جاتا ہے

یہ وہ رخ ہے جو اس تحریر کو اعتدال میں لا سکتا تھا لیکن لکھنے والا شاید "سیاہ جبران " تھا
جو سبز جبران کو تو یاد کرتا رہا لیکن پڑوس کی " کالکوں " کو شیر مادر برنگ سپید سمجھ کر
ڈکار گیا

ایک ہاتھ سے تھپڑ ہی بنتا ہے ، تالی بجانے یا بجوانے کے لئے دونوں ہاتھوں کا
استعمال ضروری ہی نہیں مجبوری ہے

حاصل گفتگو ہے ، دماغی گند و دلی ضلال سے نجات تمام تر بیماریوں کا تیر بہ ہدف نسخہ ہے
اور اعتدال کا راستہ بھی یہی ہے
:biggthumpup:​
 
آخری پڑا گراف حاصل تحریر ہے غیر ضروری تحریرناک پر ضائع کی پہلے اور آخری پیرا گراف سے کام چل جانا تھا