Advertisement

بھارت میں کسانوں کا دلی کی طرف مارچ

بھارت میں کسانوں کا دلی کی طرف مارچ



آخری وقت اشاعت: بدھ 3 اکتوبر 2012 ,* 13:51 GMT 18:51 PST


121003081312_india_protest_tribal_rally_march_304x171_none_nocredit.jpg

مارچ میں مزدور، بے زمین کسان اور قبائلی شامل ہیں




بھارت میں ہزاروں کی تعداد میں انتہائی غریب قبائلیوں، مزدوروں اور بے زمین کسانوں نے زمینی اصلاحات کا مطالبہ منوانے کے لیے دارالحکومت دلی کی طرف مارچ کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہ لوگ مدھیہ پردیش کی راجدھانی گوالیار سے روانہ ہوئے ہیں اور اٹھائیس اکتوبر کو دلی پہنچیں گے۔
یہ لوگ غیر سرکاری ادارے ایکتا پریشد کے پرچم تلے مارچ کر رہے ہیں۔ یہ تنظیم تقریباً دو دہائیوں سے ملک کے غریب ترین طبقات کو زمین کےمالکانہ حقوق دلوانے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ اس کا دعوی ہے کہ ان لوگوں کو غریبی کے نرغے سے نکالنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ جس زمین پر وہ رہتے ہیں یا کاشت کرتے ہیں اس کے مالکانہ حقوق انہیں کو دے دیے جائیں۔
پی وی راجہ گوپال اس ایکتا پریشد یا اتحاد کونسل کے سربراہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ’ ندی نالوں اور ریل کے پٹریوں کے کنارے رہنے والے لوگ ہیں۔ ان کے پاس سر چھپانے کے لیے بھی جگہ نہیں ہے۔ہم حکومت سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ زمینی اصلاحات کے پہلے قدم کے طور پر انہیں اس زمین کےمالکانہ حقوق دے دیے جائیں جہاں یہ رہتے ہیں۔۔۔لیکن حکومت اس کے لیے بھی تیار نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ہم نے اپنا مارچ شروع کر دیا ہے۔‘
لیکن زمینی اصلاحات ایک پیچیدہ اور حساس معاملہ ہے اور پی وی راجہ گوپال کے مطابق حکومت کی اس بارے میں کوئی واضح پالیسی نہیں ہے۔ مظاہرین کو دلی آنے سے روکنے کے لیے منگل کو دو وفاقی وزرا نے گوالیار میں ہی راجہ گوپال اور ان کے ساتھیوں سے مذاکرات کیے لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ حکومت چاہتی ہے مظاہرین اپنا مارچ ترک کردیں لیکن مارچ کے قائدین نے یہ مطالبہ مسترد کردیا ہے۔
ایکتا پریشد کے مطابق یہ سماجی انصاف کا تقاضہ ہے کہ غریبوں کو بھی زمین پر مساوی حقوق حاصل ہوں۔ ’ اگر آپ بڑے لوگوں کو زمین دینے کے لیے کسان سے زمین لے سکتے ہیں، کسانوں پر گولی چلا سکتے ہیں تو کیا غریبوں کو زمین دینے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے؟’
حکومت کی کوشش ہے کہ ان لوگوں کو دلی پہنچنے سے روکا جائے اورخود راجہ گوپال بھی کہتے ہیں مارچ کے دوران بھی مذاکرات کے راستے کھلے رہیں گے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف یقین دہانیوں کی بنیاد پر اپنی مارچ ختم نہیں کریں گے۔


​
 
Advertisement
Any person who stands against oppression, stand for his rights, stand to protect his freedom, stand for a just cause. I support him...