Advertisement

بھارتی لابی پراتھناکرے


حافظ سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیٹھ کر جو لوگ بھارت کی زبان بول رہے ہیں وہ بھارت چلے جائیں اور جنہیں امریکی پالیسیاں پسند ہیں‘ وہ امریکہ کا رخ کریں۔

خدانخواستہ ان لوگوں نے حافظ صاحب کا مشورہ مان لیا تو غضب ہو جائے گا۔ پاکستان کے ٹی وی چینلز ویران ہو جائیں گے۔ آدھے سے زیادہ ٹاک شو بند ہو جائیں گے۔ چینلز پر پھر کیا چلے گا‘ منڈیوں کے بھاؤ؟ اور اخبارات کا کیا بنے گا۔ ان کے آدھے تو نہیں لیکن ایک چوتھائی یا ایک تہائی کالم بند ہو جائیں گے‘ وہاں وہ کیا چھاپیں گے‘ قسمت کا حال‘ ستاروں کی چال؟ اور این جی اوزکا کیا ہوگا۔ ان کی گنتی کا کچھ پتہ نہیں لیکن فرض کیجئے کہ ایک ہزار ہیں تو صرف ایک یہیں رہ جائے گی‘ باقی سب بھارت یا امریکہ چلی جائیں گی۔ بلکہ امریکہ جائیں گی‘ بھارت گئیں تو مودی ان کے کرتوں دھرتوں اور کرتیوں دھرتیوں سے ان کے نام ہی نہیں‘ ولدیت بھی بدلنے کا مطالبہ کرے گا۔ اور یہ مطالبہ ماننے میں ’’اخلاقی خرابی‘‘ تو کوئی نہیں لیکن مال جائیداد بینک اکاؤنٹس وغیرہ کے باب میں پیچیدگی ہو جائے گی۔ او رمحض اتنا ہی نہیں‘ کچھ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی امریکہ یا بھارت جانا پڑے گا۔ وہاں یہ لوگ رہن سہن اورکاروبار تو ضرور کر سکیں گے لیکن اسمبلی کارکن بننے کے لئے انہیں کوئی ٹکٹ بھی دے گا؟

حافظ سعید کا مطالبہ ظلم ہے۔
___________________________
بھارتیہ جتنا پارٹی کے رہنما اور ابھی سے بزعم خود پر دھان منتری نریندر مودی عام آدمی پارٹی کے رہنما کجریوال پر برسے ہیں۔ کہا ہے‘ وہ کشمیر کو آزاد کرانا چاہتے ہیں اور پاکستان کے ایجنٹ ہیں۔

الزام درست ہیںیا نہیں‘ یہ تو الگ کہانی ہے لیکن اس طرح کی سخت الزام تراشی سے لگتا ہے کہ نریندر مودی کو اب اپنی جیت اتنی یقینی نظر نہیں آرہی جتنی کچھ ہفتے پہلے نظر آرہی تھی۔ انہیں ڈر ہے کہ کجریوال ان کی پردھان منتری بننے کی کھیر کو دلیہ کر دے گا۔ اسی لئے انہوں نے ’’پاکستان ‘‘ کارڈ استعمال کیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ پاکستانی ایجنٹ کا ٹھپہ لگ گیا تو کجریوال کو کوئی ووٹ نہیں دے گا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت میں پاکستان سے نفرت کی فضا اتنی زیادہ بنا دی گئی ہے کہ جس کے بارے میں یہ شک ہو جائے کہ وہ پاکستان کے لئے کوئی اچھے جذبات رکھتا ہے تو اس کا جیتنا مشکل ہو جائے گا لیکن مودی کو یہ اندازہ تو ہوگا کہ بھارت میں بہت سے لوگ کجریوال پر ایسا الزام نہ صرف ماننے سے انکار کر دیں گے بلکہ ہو سکتا ہے کہ اس الزام کے بعد ان کی ہمدردی کجریوال سے ہو جائے۔ ابھی دو روز پہلے کسی چھوٹے موٹے مودی نے کجریوال کے چہرے پر سیاہی پھینک دی تھی جس کا الٹا ردّعمل ہوا۔

مودی مہاراج‘ اپنی راج نیتی پر پھر سے وچار کر لیں۔ ہو سکتا ہے کجریوال اپنے آپ تو مودی کی کھیر دلیہ نہ کر سکتے ہوں لیکن کھیر کو بچاتے بچاتے کہیں مودی مہاشے ہی اسے دلیہ نہ کر دیں۔

یہا ں کچھ لوگ نریندر مودی کی کامیابی کے امکانات دکھا کر پاکستانیوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مودی جیت گئے تو پاکستان میں پاکستانیت اور بھی مضبوط ہو جائے گی جیسے حسینہ واجد نے بنگلہ دیش میں جو کچھ کیا‘ اس کا نتیجہ بھی یہ نکلا کہ پاکستان میں بھارت کی لابی کچھ کمزور پڑگئی۔

پاکستانی عوام کو یہ دعا کرنے کی بالکل ضرورت نہیں کہ بھارت میں کون جیتے اور کون نہ جیتے۔ ہاں‘ پاکستان میں موجود بھارت لابی کو یہ پرارتھنا کرنی چاہئے کہ مودی نہ جیتے۔ مودی کی جیت میں انہی مہاشوں کا نقصان ہے جو پاکستانی نام رکھتے ہیں‘ پاکستانی پاسپورٹ بنواتے ہیں‘ پاکستانی چینلز پر پروگرام کرتے ہیں اور پاکستان کے اخبارات سے کالم لکھنے کے پیسہ لیتے ہیں لیکن سارے گن بھارت کے گاتے اور اسی کی بھاشا بولتے ہیں۔
___________________________
ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں وزیراعظم طیب اردگان نے ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کیا۔ یہ جلسہ ان کی طاقت کا مظاہرہ تھا۔ مغربی میڈیا کے مطابق جلسے میں20لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ اس جلسے کی تصویر کئی اخبارات نے چھاپی ہے جسے دیکھ کرحیرت ہوتی ہے۔ پاکستان میں ایسا جلسہ کبھی نہیں ہوا فرض کیجئے‘ طاہر القادری کا جلسہ اتنا بڑا ہوتا تو وہ کیا دعویٰ کرتے ؟۔ یہی کہ جلسے میں چار کھرب‘ پچاس ارب اور ستر کروڑ لوگوں نے شرکت کی۔

اس جلسے سے یہ بات ظاہر ہوگئی کہ سکولوں والے فتح اللہ گلن کے سیکولر پیپلز ری پبلکن پارٹی سے جا ملنے کے باوجود ترکی کی حکمران جماعت آق پارٹی کی مقبولیت بالکل کم نہیں ہوئی۔ ترکی میں بلدیاتی الیکشن ہونے والے ہیں اور ترکی میں ہونے والے رائے عامہ کے جائزے بتا رہے ہیں کہ ان میں اکثریت آق پارٹی ہی کو ملے گی۔

گویا ترکی میں ایسی کسی تبدیلی کا امکان نہیں جس کی آس پاکستان کا ’’ہماری جنگ‘‘ والا کیمپ دل ہی دل میں لگائے بیٹھا ہے۔ وہاں کوئی اونچ نیچ ہوئی تو بس ہوگی کہ وزیراعظم اردگان صدر بن جائیں گے اور صدر عبداللہ گل کو وزیراعظم بنوا دیں گے۔ اس سے زیادہ کی کوئی صورت نہیں۔ سنا ہے کہ آق پارٹی کے ان دونوں رہنماؤں کے درمیان کچھ کھٹ پٹ چل رہی ہے۔ اگر ہے تو یہ معمولی سطح پر ہوگی۔

اور سب سے اہم بات پاکستان کی ’’ہماری جنگ‘‘ پارٹی کو یاد رکھنی چاہئے کہ ترکی میں کمال ازم کو ہمیشہ کے لئے شکست ہو چکی ہے۔ جو مصطفی کمال کا مقبرہ ہے‘ اب وہی کمال ازم کا بھی مقبرہ ہے۔

___________________________
متحدہ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے جس پر پیپلزپارٹی کی قیادت میں کچھ لوگ ناراض ہیں۔ ان میں خورشید شاہ‘ نثار کھوڑو اور منظور وسان زیادہ آگے آگے ہیں اور خورشید شاہ سب سے آگے ہیں۔ انہوں نے تو متحدہ کی شمولیت کے خلاف زور دار بیانات بھی دیئے۔متحدہ کو یہ دعوت پارٹی کے کھپے گروپ (زرداری‘ٹیپی اور عبدالرحمن ملک) نے دی تھی۔

متحدہ نے حال ہی میں دو بار فوج سے مارشل لاء نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خورشید شاہ نے سب سے زیادہ اعتراض اسی مطالبے کے حوالے سے کیا ہے اور کہا ہے کہ متحدہ کو سندھ حکومت میں لینا اس مطالبے کی تائید کرنا ہے۔

ایک سیاستدان اور جمہوریت کے حامی ہونے کے طور پر خورشید شاہ کا موقف قابل تعریف ہے لیکن انہیں مشورہ ہے کہ وہ کھپے گروپ کی مخالفت نہ کریں۔ کیونکہ یہی گروپ پارٹی پالیسی کی صحیح ترجمانی کر رہا ہے۔ مارشل لاء کے حوالے سے خورشید شاہ کی ذاتی رائے بہت اچھی لیکن پارٹی پالیسی کے بالکل برعکس ہے۔ پارٹی کا پورا ریکارڈ ’’مارشل لائی ‘‘ہے۔ بھٹو فیلڈ مارشل ایوب خاں کے عقیدت مند اور ان کی جماعت کنونشن مسلم لیگ کے دوسرے اہم ترین رہنما تھے (بعض لوگ تو کہتے ہیں‘ پیپلزپارٹی1967ء میں نہیں‘1962ء میں بنی‘ تب اس کا نام کنونشن لیگ تھا‘1967ء میں توکنونشن لیگ نے اپنا نام بدلی کیا تھا)۔ دوسرے تقریباً فیلڈ مارشل یحییٰ خاں کے ساتھ بھٹو کا جو ’’اتحاد‘‘ تھا‘ وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے اور یہ بھی کہ یحییٰ خاں کی کابینہ میں بھٹو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ تھے۔ یحییٰ خاں کے وزیر خارجہ ہونے ہی کی حیثیت میں انہوں نے جنرل اسمبلی میں پولینڈ کی وہ قرار داد پھاڑ دی تھی جو منظور ہو جاتی تو16دسمبر نہ ہوتا۔ ضیاء الحق سے ان کی دشمنی رہی (یا اُن کی اِن سے) لیکن پھر جنرل اسلم بیگ سے پیپلزپارٹی کی خوب نبھی۔ انہیں تمغہ جمہوریت بھی دیا۔ جنرل آصف نواز نے پیپلزپارٹی سے لانگ مارچ کرایا لیکن نتیجہ آنے سے پہلے خود لانگ مارچ بلکہ ہائی مارچ کر گئے۔ پھر جنرل عبدالوحید کاکڑ نے بھی پیپلزپارٹی سے وفاداری نبھائی اور ڈیڑھ سو افراد کے لانگ مارچ کو بنیاد بنا کر نواز شریف سے استعفیٰ لے لیا(اس کھیل میں گولم آئز ک کھان نامی پٹواری تو محض کٹھ پتلی تھا)۔ جنرل مشرف نے پیپلزپارٹی کو این آر او دیا اور جنرل کیانی (توسیع پسند)نے اس این آر او کو نافذ بھی کرایا اور اس کا احترام بھی کرایا۔ ایک دو نہیں‘ فیلڈ مارشلوں کی پوری کہکشاں سٹیج کے پس منظر میں چمک رہی ہے۔ متحدہ نے مطالبہ کر دیا تو عجوبہ کیا ہے۔

​
 
Last edited by a moderator: