Advertisement

بلی کو سمجھانے آئے چوہے کئی ہزار

شبہ ہے کہ حضرت مولانا فضل الرحمٰن نے بھی ہمارے پیر و مرشد حضرت مولانا حافظ حسین احمد کے ہاتھ پر بیعت کر لی ہے۔علامہ اقبالؒ نے فارسی میں ایک قصہ سنایا تھا کہ ایک صبح مرغِ چمن نے خاکِ چمن سے پوچھا:
تجھ میں ایسی شوخ خوشبوکہاں سے آئی؟
خاکِ چمن نے مرغِ چمن کو جواب دیا:
میں نے ایک عمرپھُولوں کی صحبت میں بسر کی ہے۔۔۔
اس کے بعد جو بات کہی اُس کا مزہ فارسی ہی میں ہے۔مٹی کہتی ہے:
جمالِ ہم نشیں در من اثر کرد
وگرنہ من ہمہ خاکم کہ ہستم
میرے ہم نشیں کے جمال نے مجھ میں یہ اثر پیدا کردیا ہے۔ورنہ میں توسراسر مٹی ہی ہوں۔
توگویا حافظ صاحب کی شوخ�ئ جمال نے مولانا صاحب پربھی اثر کردیا ہے، ورنہ وہ تو نرے مولاناکے مولانا ہی ہیں۔پہلے تو اُنھوں نے نوازشریف کی دعوت پر عمرہ جاتی میں ہونے والے حزبِ اختلاف کی بڑی جماعتوں کے اجلاس کے بعد یہ گُل افشان�ئ گفتار دِکھائی کہ:
طاہرالقادری مسلمانوں کے جے سالک ہیں۔
ہم تو خیر پنجرے اور کنٹینرکی رعایت سے بہت محظوظ ہوئے۔ لیکن یار لوگوں نے جھٹ پٹ اِس سے ایک بالعکس (Vice Versa) نتیجہ بھی نکال لیاکہ گویا:جے سالک مسیحیوں کے علامہ طاہر القادری ہیں۔
اِس پر وہ طوفان اُٹھاکہ الحفیظ و الامان۔شہریوں نے۔۔۔ اور بالخصوص اسلام آباد کے شہریوں نے۔۔۔شور مچادیا کہ:
جے سالک سے طاہرالقادری کو تشبیہ دینا درست نہیں۔جے سالک کی تو اپنی برادری کے لیے بڑی خدمات ہیں۔
اوراب علامہ طاہر القادری نے وقت کے چوروں، ڈکیتوں، لٹیروں، خائنوں اور یزیدوں وغیرہ وغیرہ سے ہاتھ اور چھاتی ملاکر جو اُنھیں چت کردیاہے اور تاریخ اقوامِ عالم میں شاندار ترین فتح حاصل کر لی ہے تواس پر بھی مولانا فضل الرحمٰن نے یہ فرمایا ہے کہ:
کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا۔۔۔ وہ بھی مرا ہوا۔
ہم نے مانا کہ آخر آخرمیں شیخ الاسلام کے چہرے پرکچھ مُردنی سی چھا گئی تھی اور ہمیں یہ بھی تسلیم کہ 95گھنٹے تک مسلسل کنٹینر میں بند رہنا پہاڑ کاٹنے ہی کے نہیں، پہاڑ کھودنے کے بھی مترادف ہے۔(ہرچند کہ۔۔۔ سامانِ عیش جملہ مہیا رہے وہاں)مگر یہاں پھر وہی بات آگئی۔ڈاکٹر صاحب کے کنیڈا چلے جانے سے پہلے ہی مولانا صاحب نے فتح کے نتائج (اورغالباً خودڈاکٹر صاحب) کو اﷲ کی جس مخلوق سے تشبیہ دی ہے، اُس پر ہم تن تنہا احتجاج کرتے ہیں۔یہ مخلوق تو نہ صرف بلی کے گلے میں گھنٹی باندھ دیتی ہے، بلکہ اُس سے میوزیکل چیئر بھی کھیلتی ہے۔جسے عُرفِ عام میںچوہے بلی کا کھیل کہاجاتاہے۔ مگرچوں کہ ہمیں موقع بے موقع شعر بکنے کی عادت پڑگئی ہے، چناں چہ اِس موقع پر۔۔۔ یعنی فتح کے موقع پر۔۔۔ ہمارے منہ سے بھی صوفی تبسم کا یہ شعر نکل گیا:
بلی کو سمجھانے آئے چوہے کئی ہزار
بلی نے اِک بات نہ مانی، روئے زار و زار
جب کہ بلی رہی ویسی ہی چوہا مار کی چوہا مار۔۔۔ شیخ الاسلام بھی اپنے دھرنے میں شریکلاکھوں ملین عوام کے دو وقت کے چھیچھڑوں کی رکھوالی انھی بلیوں کو سونپ کر ایک خبر کے مطابق کنیڈا کو رحلت فرمارہے ہیں۔۔۔ رحلۃ سعیدہ!
کرسی پارٹی اور ٹی پارٹی
حکومت سے،علامہ طاہر القادری کے کامیاب مذاکراتسے جل کر۔۔۔ جس کے بعد علامہ نے اپنے سابق یزیدوں، سابق ٹیکس چوروں، سابق لٹیروں اور سابق ڈکیتوں کی جمہوریت پسندی کی شان میں زمین و آسمان کے قلابے ملادیے(اورجس پر آسمان ٹھنڈی آہیں بھر بھر کر خاصی دیر تک روتا رہا)۔۔۔ جل ککڑوں اورحاسدوں نے یہ پراپاگنڈہ شروع کردیا ہے کہ علامہ صاحب حکومتی اتحاد یعنی کرسی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔جب کہ ہم نے کل کے کالم میں اُن کی چائے نوشی کے مناظر اُن کے کنٹینر سے براہِ راست آپ کو دکھائے تھے۔ باہر لوگ سردی سے ٹھٹھر رہے تھے اور وہ اپنے گرماگرم کنٹینر میں بار بار ٹشوپیپر کی مددسے۔۔۔پسینہ پونچھتے اپنی جبیں سے۔۔۔ نیز چائے کے گرما گرم جرعات سے باربار لطف اندوز ہوتے۔یوں سمجھیے کہ وہ چائے پی پی کر حکومت کو کوس رہے تھے۔ہمیں کیا معلوم تھا کہ وہ کرسی پارٹی میں شامل ہیں۔ ہم تو یہ سمجھ رہے تھے کہ وہ ہماری پارٹی یعنی ٹی پارٹیمیں شامل ہیں۔اِسی شمولیت کی خوشی میں، ہمارا کل کا کالم پڑھ کر، ٹی پارٹی کی ایک سرگرم کارکن محترمہ قانتہ رابعہ صدیقی نے، گلستانِ جوہر کراچی سے ، ہمارے اور ہمارے قارئین کے لیے جناب اثرؔ جون پوری کی یہ گرما گرم بھاپ اُڑاتی نظم ارسال کی ہے:
آٹھوں پہر اُسے تو ضرورت ہے چائے کی
چھٹتی نہیں ہے، جس کو بھی عادت ہے چائے کی
سرگرم ہوں جو اپنے مشن میں مَیں ہر نفس
در اصل مخفی اِس میں بھی حدت ہے چائے کی
لگتا ہے بعض وقت دسمبر جو ماہِ جون
اِس میں بھی کار فرما کرامت ہے چائے کی
ہم اِک برس میں پیتے ہیں اربوں روپئے کی چائے
یعنی ہماری قوم کو چاہت ہے چائے کی
اِس کی دوا نہیں ہے مسیحا کے پاس بھی
ناقابلِ علاج یہ علّت ہے چائے کی
چائے نہیں ملے تو سبھی اُونگھتے رہیں
ہم جاگتے ہیں یہ بھی عنایت ہے چائے کی
پیتے ہیں اِس کو اولیا اﷲ بھی اثرؔ
سچ پوچھیے تو یہ بھی سعادت ہے چائے کی​
 
Advertisement
Batain to chor daku bhi achi kartay hain magar un par amal nahi kartay.Hamaray Mazhab Islam main sab achi batain mojood hain magar Musalman
uss per amal nahi kartay. Amal say zindgi banti hay jannat bhi jahanam bhi.