Advertisement

بلاگ عرب ثقافت یا چاولوں میں گھری بکرے کی لاش

Status
Not open for further replies.
عرب ثقافت یا چاولوں میں گھری بکرے کی لاش

حسن علی امام

1282784_900.jpg


اللہ تعالیٰ نے بعض کو بعض پر فضیلت دی ہے۔ قوموں کو قوموں پر؛ زبانوں کو زبانوں پر؛ ادوار کو ادوار پر؛ کردار کو کردار پر؛ انسان کو انسان پر، اور پکوان کو پکوان پر۔ اس میں حتی الامکان غیر منطقی تقابل سے گریز کرنا چاہیے۔ یعنی انسان کا موازنہ قوم سے نہیں ہوسکتا اور کردار کا موازنہ ادوار سے ممکن نہیں۔ اگر کسی دور کو فضیلت دی گئی ہے تو یہ مطلب نہیں کہ اس دور کی ہر قوم کو فضیلت ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ جس قوم کی زبان کو فضیلت دی گئی ہے، اس کے پکوان بھی لذیذ ہوں۔ کھانوں کے بارے میں ہمارا عقیدہ تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے برِصغیر کے کھانوں کو باقی دنیا پر فضلیت بخشی ہے۔
بس اتنی سی بات ہمارے دوستوں کی سمجھ نہ آسکی۔ عرب شیوخ سے اپنی بے لوث محبت اور لگاو کے اظہار کے لیے ان کے پکوان دوستوں کو کھلانے پر تلے ہوئے ہیں۔ کل رات بھی انھیں مقاصد کی تکمیل میں ’مندی‘ کی دعوت دی گئی۔
اب قابلِ احترام دوستوں کو یہ کیسے سمجھائیں، کہ قبلہ! یہ مردہ بکرا اور پھیکے چاول، زیتون کے تیل میں بھگو کر کھانے کے تصور ہی سے جھرجھری طاری ہوجاتی ہے۔ اوپر سے اس میں خاص اہتمام کے ساتھ متضاد ذائقوں والی اشیا شامل کردی جاتی ہیں، یعنی تلے ہوئے بادام کے ساتھ کچے کھیرے اور ابلے ہوئے انڈوں کے ساتھ ثابت کشمش۔ تصورکیجیے آپ ایک داڑھ سے کھیرا چبارہے ہیں، اسی لمحے دوسری داڑھ میں کچ سے کشمش پھوٹے اور زیتون کا تیل مَلے تالو پر زبان سے بکرے کی چربی مَسلی جائے۔ اُف میرے خدا! بجائے نگلنے کے اُگلنے کا جی چاہے۔ ایسی بے ہنگم ترتیب تو چھوٹی لڑکیوں کی ہنڈکلیا میں بھی نہیں ہوتی۔
کھانے پینے کی چیزوں میں ایک حسن ترتیب رکھی جاتی ہے، اس لیے بھنڈی بیگن کے ساتھ، آلو ککڑی کے ساتھ، قیمہ مولی کے ساتھ، اور لوکی پالک کے ساتھ کسی سلیم الفطرت گھرانے میں نہیں پکایا جاتا۔
اللہ اس کیفیت سے بچائے جس میں انسان آنتوں کی محبت میں، زبان پر ظلم کرنے پر آمادہ ہوجاتا ہے۔ یہ ’مندی‘ آنتوں سے زیادہ زبان اور اس سے بھی زیادہ طبعیت پر بوجھ محسوس ہوتی ہے۔ ہمیں یہ تو معلوم ہے کہ عربی زبان میں اردو کی طرح حفظِ مراتب نہیں ہوتے۔ اب معلوم ہوا کہ عربوں کے کھانوں میں بھی نہیں ہوتے۔ مولائی (مولانہ صہیب نسیم) اور قبلہ عالم (علامہ منیب احمد) جس طرح اس بے ہنگم پکوان کی تعریف میں رطب السان تھے، چند لمحوں کے لیے ہمیں ان دو حضرات سے اپنی عقیدت و مودت پر تشویش ہونے لگی، مگر پھر ’خطائے بزرگاں گرفتن خطا است‘ کے مطابق یہ تصور کرلیا کہ یا تو ان دونوں بزرگانِ دین کے حواس پر ’مندی‘ کے اثراتِ بد مرتب ہوئے ہیں، یا یہ فقط اس لیے تعریف کررہے ہیں، کہ یہ ایک عربی کھانا ہے۔


10410104_644021272342530_7905572441300300502_n.jpg

ہمارا دل کہتا ہے کہ اگر تحقیق کی جائے تو یقیناَ یہ کھانا بعثتِ نبویﷺ سے پہلے کا ہوگا اور عربوں نے دورِ جہالت میں اس کھانے کا آغاز کیا ہوگا۔ یہ بھی بعید نہیں کہ ’عمر بن لحی‘ کہ جس نے عربوں میں بت پرستی کا آغاز کیا تھا، یہ کھانا بھی اسی کے دور میں ایجاد کیا گیا ہو۔
ہر چند اللہ تعالیٰ نے ہم پر بکرے حلال کیے ہیں، تاہم محض ’مندی‘ کے لیے ایک زندہ بکرے کا قتل کردینا سمجھ میں نہ آنے والا معما ہے۔ پھر اس بکرے کی لاش کا مثلہ کرکے اس میں اناج بھرنا، اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ عرب دورِ جہالت میں، اس طرح بکرے کی ’بَلی‘ چڑھا کر دیوی دیوتاؤں کے آگے رکھتے ہوں گے۔
بہرحال مولائی و قبلہ کی کل رات کی تعریف نے ہمیں مجبور کیا، کہ یا تو ہم معصوم بکرے کے بے مصرف قتل پر صدائے احتجاج بلند کریں، یا قبلتین سے اپنی مودت پر نظرِ ثانی کریں۔ کیوں کہ آپ تو عرب شیوخ کی محبت میں کھانا کھا کِھلا رہے ہیں مگر ہمارے ساتھ معاملہ یہ ہے کہ:
تمھیں چاہوں، تمھارے چاہنے والوں کو بھی چاہوں
مرا دل پھیر دو مجھ سے یہ جھگڑا ہو نہیں سکتا

ہم نے فیصلہ کیا کہ قتلِ ناحق اور بربادیِ اجناس کے خلاف آواز اُٹھائیں گے اور علمائے حق سے درخواست کریں گے کہ آپ علمائے عرب کی محبت میں ہمیں عربی سکھا دیں، قران پڑھا دیں یعنی جن چیزوں میں عرب کو ہم پر فضیلت ہے، مگر خدارا ’مندی‘ کی خاطر بکروں کا قتل عام اور دوستوں پر غذائی تشدد سے اجتناب کیجیے۔ اپنے دل سے فیصلہ کیجیے کہ نفاست سے بنی بریانی اسلام کی پاکیزہ تعلیمات سے زیادہ نزدیک ہے یا چاولوں میں گھری بکرے کی لاش؟



​
 
Last edited:
Advertisement
ہمارے برِصغیر میں احساسِ کمتری کے تحت برتری جتانے کی عجیب و غریب صورتیں سامنے آتی رہتی ہیں۔ جس کی چند مثالیں قانون شکنی اور بے اصولی کو بہادری، بے قائدگی اور بے ہنری کو مردانگی، ہڈحرامی کو چودراہٹ اور محنت کش کو کمین کہنا ہے، یہ ہمارے قومی مزاج کا حصہ ہے انہی میں ایک اپنے کھانوں کو دنیا بھر کے کھانوں سے بہتر سمجھنا بھی ہے، حالانکہ ہمارے کھانوں میں مرچ مصالحوں کا ذائقہ پکوان پر اس طرح غالب ہوتا ہے، کہ اصل خوراک کا ذائقہ کہیں گم ہو جاتا ہے۔ صاحبِ مضمون نے شاید کسی اور ملک کے کھانے نہیں کھائے اس لئے وہ عقیدے کی حد تک اپنے کھانوں کی فوقیت کے قائل ہیں۔ حالانکہ عربی، لبنانی، ایرانی، ترکی، اطالوی، یونانی اور دیگر ملکوں کے بعض کھانے اس قدرلذیذ ہیں کہ بے اختیار منہ سے واہ نکل جاتا ہے۔ اب افغانی پلاؤ ہی کو لیں، تو اچھا پکا ہوا افغانی پلاؤ ہمارے پلاؤ اور بریانی سے بدرجہا بہتر ہے۔ اسی طرح افغانی گوشت، جو بہت سادہ طریقہ سے پکایا جاتا ہے لذت میں بے مثال ہے۔ عربی چاول اور گوشت جو مضمون نگار کا موضوع ہے، یقیناً ایک بہت لذیذ کھانا ہے، اس کی داد وہی دے سکتے ہیں جنہوں نے یہ کھانا کھایا ہے۔ جہاں تک ذبحہ کا تعلق ہے تو وہ اللہ کا نام لے کر جانور کا خون بہانا ہے جو مروجہ ذبیحہ یا نحر کے طریقہ سے کیا جا سکتا ہے، اونٹوں کو عام طور پر نحر ہی کیا جاتا ہے، لیکن دوسرے جانوروں کو بھی نحر کرنے پر کوئی پابندی تو نہیں، یاد رہے کہ نحر میں جانور کی گردن پر چھری نہیں پھیری جاتی۔
 
Advertisement
desi food is good but it is overrated... other cuisines are very nice too... a lot of it has to do with what kind of food you are used to eating and are willing to try
 
خلق خدا کے عبرت پکڑنے کے واسطے ایسے میچ یہاں چلتے رہیں گے انشاللہ۔
ننانوے داؤ اگر شاگرد کو سکھا دئیے تو ایک داو بہرحال استاد اپنے پاس ہی رکھتا ہے جس سے شاگرد کو چت کیا جاسکے(thumbsdown)۔(thumbsdown)
 
برصغیر کا خطہ زمانہ وسطیٰ سے ہی اپنے رنگا رنگ مصالحوں اور ان مہکتے مصالحوں میں بنے ذائقہ دار کھانوں کی وجہ سے مشہور و معروف ہے. جبکہ دوسری طرف یورپ میں صرف لیٹس اور آلو ہی اگتا تھا، زیادہ سے زیادہ جزیرہ نما اسپین اور اٹلی سسلی وغیرہ میں کھانوں میں کچھ مصالحے استعمال کیے جاتے تھے. یورپ کی سرد اور ناموزوں آب و ہوا کی طرح صحرائی آب و ہوا اور مصالحے نہ ہونے کی وجہ جزیرہ نما عرب میں بھی زیادہ تر پھیکے، نمکین کھانوں کا رواج تھا، اور یورپ کی طرح ہی گوشت کا زیادہ استعمال. پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے افغانیوں کا حال بھی کچھ الگ نہ تھا

اب ان علاقے کے لوگ پھیکے، نمکین، بے ذائقہ ، اکثریتی گوشت پر مشتمل کھانوں کے نسل در نسل عادی ہو چکے ہیں بالکل یورپ کی طرح. لیکن یورپ اور عرب میں مصالحوں کے پیدا نہ ہونے اور انکے پھیکے کھانوں کا عادی ہونے میں اہل برصغیر کا قصور نکا لنا سمجھ سے باہر ہے . اسی طرح اس کرۂ ارض کے سب سے مزیدار کھانے "بریانی" کی توہین کرنا اس سے بھی زیادہ مضحکہ خیز ہے

ایک مثال ہے کہ گدھے کو گل قند کے ذائقے کا کیا ادراک یا پھر بندر کیا جانے ادرک کا سواد؛ عربوں، گوروں اور افغانوں کا ہمارے کھانوں سے مقابلہ کرتے ہوے یہی حال ہے
 
Status
Not open for further replies.