عدالتوں میں کیسز التوا کا شکار ہوتے ہیں لیکن اتنے کے فریقین دنیا سے ہی چل بسے, سپریم کورٹ میں بارہ سال پہلے دائر کیس کی پہلی سماعت ہوئی۔
جب سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس ملا کہ وہ کیس جو ہمارے والد نے 12 سال پہلے سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا وہ سماعت کے لیے مقرر ہوا ہے تو ہمیں یقین نہ آیا۔ اپنے وکیل سے رابطہ کیا جنھوں نے تصدیق کی اور سماعت کے لیے ساتھ چلنے کو کہا۔ کیس کی سماعت کے لیے کئی گھنٹے کا سفر طے کرکے ایک دن پہلے ہی اسلام آباد پہنچے اور کیس چند منٹوں میں ملتوی ہوگیا۔
یہ کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جائیداد کے مقدمے میں پیش ہونے والے کیلاش ویلی سے تعلق رکھنے والے سبحان الدین کا، جن کے والد نے اپنے بھائی کی جانب سے بنا پوچھے زمین کسی تیسرے فریق کو فروخت کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
معاملہ کچھ یوں ہے کہ وادی کیلاش سے تعلق رکھنے والے کاشکاری کیلاش کے بھائی شیخ مالک، جنھوں نے اپنا آبائی مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کر لیا تھا، نے اپنی آبائی زمین اپنے ایک دور کے رشتہ دار حمدان کیلاش کو بیچ دی,جس کے خلاف کاشکاری کیلاش نے مقامی عدالت میں کیس دائر کیا لیکن مقامی عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ دیا۔ جس کے بعد وہ ہائی کورٹ گئے لیکن وہاں بھی فیصلہ ان کے خلاف ہی آیا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف 2012 میں انھوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
2012 سے 2024 کے دوران یہ کیس سماعت کے لیے مقرر ہی نہ ہو سکا۔ اس دوران کچھ عرصہ قبل درخواست گزار کاشکاری کیلاش اور مدعا علیہ حمدان کیلاش دونوں ہی دنیا سے رخصت ہوگئے۔
اب جب 20 مارچ بروز بدھ اس کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم بینچ نے کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ کیس کے دونوں فریق اب اس دنیا میں نہیں ہیں تاہم درخواست گزار کا بیٹا کمرہ عدالت میں موجود ہے۔
جس پر چیف جسٹس نے درخواست گزار کے بیٹے سے پوچھا کہ ’کیا وہ اس کیس کو چلانا چاہتے ہیں اور اس کی پیروی کرنا چاہتے ہیں؟‘ جس پر انھوں نے جواب دیا کہ ’بالکل میں یہ مقدمہ چلانا چاہتا ہوں کیونکہ میرے والد سمجھتے تھے کہ مقامی عدلیہ نے ان کی بات کو درست طریقے سے نہیں سنا تھا اور ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی۔ اب والد اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن میں ان کے لیے انصاف چاہتا ہوں۔‘
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/qadd.jpg
Advertisement





