Advertisement

بابا رحمت اور جسٹس قیوم

۔۔۔۔۔** تحریر : سید فرخ عباس **۔۔۔۔۔

1a.gif




گزشتہ جمعہ پاکستان میں عدالتی فیصلوں کے حوالے سے ایک اہم دن تھا، پہلے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے حدیبیہ پیپر ملز کیس پر نیب کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اس مقدمے کو نا قابل سماعت قرار دے دیا گیا اور اس سے کچھ ہی گھنٹوں بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کیخلاف نا اہلی کی درخواستوں پر بھی محفوظ فیصلہ سنادیا گیا، جس میں عمران خان تو محفوظ رہے لیکن جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نا اہل قرار دے دیا، پی آئی لیڈر کی کی نا اہلی کے بعد الیکشن کمشن پاکستان کی
جانب سے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔

1b-8.jpg


حکومتی جماعت نواز لیگ اور تحریک انصاف دونوں ہی اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں، تحریک انصاف کو یہ اعتراض ہے کہ جہانگیر ترین کو کیوں نکالا گیا جبکہ نون لیگ کو یہ اعتراض ہے کہ عمران خان کو کیوں نہیں نکالا گیا، جہانگیر ترین نے فوری طور پر تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفی دے دیا، وہ پاکستان تاریخ کے شاید پہلے جنرل ہوں گے جن کیخلاف کسی عدالت سے کوئی فیصلہ آیا ہے گو کہ یہ جنرل بھی ایک سیاسی جماعت کے سیکریٹری جنرل ٹھہرے۔

ان فیصلوں کے اگلے دن ہی چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی جانب سے ایک خطاب کے دوران پاکستان کی عدلیہ کو گاٴں دیہات کے سیانے بزرگ بابا رحمت سے تشبیہ دی گئی، ان کی
تقریر میں جہاں پاکستان کے نظام انصاف میں موجود خامیوں کا کھلے دل سے اعتراف کیا گیا، وہیں عدلیہ کے دباؤ کے تحت یا توازن کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی تھیوری کو بھی سختی
سے مسترد کردیا گیا۔


1c-5.jpg


ان کی تقریر کے بعد سے عدلیہ اور ججز پر تنقید کی ایک نئی مہم نے زور پکڑ لیا اور اس مہم کا آغاز سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف کی دختر نیک اختر محترمہ مریم نواز کی ٹویٹس سے ہوا، جس میں انہوں نے عدلیہ کو آڑھے ہاتھوں لیا اور عمران خان کو نااہل قرار نہ دینے کے فیصلے کو مسترد کردیا، مریم کی ٹویٹس کے بعد ایک مخصوص لابی کی جانب سے اسی بیانیے کو آگے بڑھاتے ہو معزز عدلیہ اور ججز پر سخت اور ذاتی نوعیت کی تنقید بھی کی گئی، جس میں پوری عدلیہ کو بابا رحمت کے نام سے مخاطب کرکے سستی اور بازاری جگتوں کو راگ درباری میں تمام درباری شعبدہ بازوں نے خوب گایا اور انجمن ستائش باہمی کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے خوب داد سمیٹی۔

عدلیہ کے فیصلوں پر تنقید بھی بالکل جائز ہے بالکل اس طرح جیسے اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیز پر تنقید کی جاسکتی ہے، جیسے جمہوری حکومتوں کے اقدامات کو ہدف تنقید بنایا جاسکتا ہے لیکن اس لابی کی جانب سے محض نواز لیگ کی ایماء پر یہ سب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں مقصد اصول پسندی یا انصاف نہیں بلکہ صرف حکمرانوں کی خوشنودی ہے،

کسے یاد نہیں کہ یہی بابا رحمت جب ملک قیوم کی صورت میں شہباز شریف سے فون پر رابطے کرتا اور مخالفین کی سزاؤں کیلئے جناب چھوٹے حبیب جالب (جالب کی روح اور مداحوں سے معذرت کے ساتھ) سے ہدایات لیتا تھا، تب اس مخصوص لابی کو انصاف کے مروڑ نہیں اٹھتے تھے نہ میاں صاحب نے نظریاتی ہونے کا دعویٰ فرمایا تھا، پھر اسی بابا رحمت نے سجاد علی شاہ کی صورت میں جب
بڑے میاں صاحب کو عدالت بلایا تو میاں صاحب اپنے حواریوں سمیت عدالت پر چڑھ دوڑے اور ججز پر جوتیاں برسا ڈالیں۔

Imran-Khan-Presser-Isb-Pkg-02-10.jpg


میاں صاحبان کو یہ بابا رحمت صرف اس صورت ہی پسند ہوتے ہیں جب تک یہ کسی اداکار کی طرح میاں صاحبان کی ہدایات پر رقص انصاف فرماتے رہیں، جس دن کسی بابا رحمت نے نواز لیگ کے کسی لیڈر کیخلاف فیصلہ دیا اس دن میاں صاحب اس بابا رحمت کو انصاف کا بدترین دشمن ثابت کرنے میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیں فرماتے۔یہی بابا رحمت جب سعید الزمان صدیقی کی شکل میں اسلام آباد سے نوٹوں سے بھرے بریف کیس لے کر کوئیٹہ پہنچے تاکہ اس وقت کے چیف جسٹس کے خلاف ججز کو خریدا جاسکے

تو اس بابا رحمت کو آخری ایام میں گورنر بناکر یہ احسان چکایا جاتا ہے۔
یہی بابا رحمت جب احراری رفیق تارڑ کی شکل میں میاں صاحب کے اشاروں پر انصاف کا تماشہ لگائے تو اسے صدر بناکر یہ بات باقی سب کو بھی باور کرائی جاتی ہے کہ ہمارے ساتھ رہو گے تو عیش کرو گے، یہی بابا رحمت جب افتخار چوہدری کی شکل میں پی سی او پر حلف لیکر بھی میاں صاحبان کے سیاسی
مخالفین پر برستا نظر آئے تو اس سے بڑا مسیحا اور منصف کوئی نہیں، اور اسی بابا رحمت کی عدالت میں میاں صاحب اس وقت کے صدر کو غدار قرار دلوانے دوڑے چلے جاتے ہیں۔

1d-5.jpg


یہی بابا رحمت اگر جسٹس شریف کی شکل میں میاں صاحبان کے سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد ان کے قاتلوں کا وکیل بن جائے تو انصاف پر حرف نہیں آتا بلکہ اس کے بیٹے کو سرکاری عہدے دیکر بلاواسطہ شکریہ کہا جاتا ہے۔بابا رحمت کی غلطیوں پر تنقید درست لیکن محض ان فیصلوں پر تنقید جس سے ''ہم وکیل نہیں جج کرلیتے ہیں'' جیسے جملے ایجاد کرنیوالے شریف خاندان کے مفادات کو زک پہنچے پر تنقید سے یہ لابی انصاف یا نظام انصاف کی کوئی خدمت نہیں کررہی۔

آخر میں بابا رحمت سے بھی دست بستہ درخواست ہے کہ آپ بھی اپنے ماضی کے متنازعہ فیصلوں پر کھلے دل سے معافی مانگتے ہوئے طالع آزماؤں کے حق میں کئے گئے فیصلوں کو از خود
مسترد کردیں تاکہ آپ کے ماتھے پر لگا یہ کلنگ کا داغ مٹایا جاسکے

Source

​