ایک بار پھر سیاست کا بیوپار!
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جا چکی۔ آج یکم اگست کو سینیٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس موقع پر ان کا جہاز حاضر ہے۔ پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین نے کہا ہے کہ سینیٹرز جہانگیر ترین سے پیسے لیں لیکن ووٹ اپوزیشن کو دیں۔ ان حالات میں میرے ذہن میں چھبیس اکتوبر انیس سو نواسی سے یکم نومبر انیس سو نواسی کے چند دنوں کے مناظر گھوم رہے ہیں۔
جب بینظیر بھٹو کی پہلی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی۔ ارکان اسمبلی کو وفاداری بدلنے سے روکنے کے لیے ان کی جماعتوں نے اسلام آباد ، مری اور سوات میں یرغمال رکھا۔۔ حزب اختلاف کے ارکان کو یا تو اکبر بگٹی کی نگرانی میں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں رکھا گیا یا پھر مری لے جایا گیا جو کہ اسلام آباد کے نزدیک بھی تھا اور اس صوبے کا حصہ بھی جس میں حکومت پیپلز پارٹی کی نہیں تھی۔پیپلز پارٹی نے اپنے ایم این ایز کو سوات کے مقام منگورہ منتقل کیا تھا جہاں اس وقت صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور وزیر اعلی آفتاب احمد خان شیرپاؤ تھے۔یکم نومبر کے ووٹ سے پہلے کی صورتحال ایک جنگ کی شکل اختیار کر گئی تھی اور ارکان پارلیمان کو جس طرح سے خریدا گیا اس کی شاید ہی کوئی مثال ملے۔ پاکستانی سیاست میں ہارس ٹریڈنگ کی اصطلاح اس موقع پر ہی متعارف ہوئی۔ اس پورے ڈرامے کا ایک اور حیران کن باب آپریشن مڈنائٹ جیکلز نامی خفیہ آپریشن کے انکشاف کا تھا۔
آپریشن مڈ نائٹ جیکلز کے تحت حکومت کے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ حکومت کے ایک ایم این اے محمد عارف اعوان نے حزب اختلاف اور خفیہ ادارے کے افراد کے ساتھ اپنی کئی ملاقاتوں کے دوران ہونے والی بات چیت کو ٹیپ کیا تھا۔ ان ٹیپوں پر ان کو اور ان کے دو ساتھیوں کو حکومت کے خلاف ووٹ دینے کے لیے پچاس لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔
حکومت کے خلاف یہ تحریک کامیاب نہ ہو سکی اور صرف بارہ ووٹ سے بے نظیر بھٹو کی حکومت بچ گئی۔بے نظیر بھٹو کابینہ کے وزیر داخلہ جنرل نصیر اللہ خان بابر نے کا کہنا تھا کہ اس موقع پر آڈیو اور ویڈیو ٹیپ دونوں بنائی گئی اور انہوں نے پھر فوجی قیادت سے اس پر بات کی اور انہیں کہا کہ وہ ان فوجی افسروں کے بارے میں فیصلہ کریں۔ فوج نے ان بریگیڈیئر امتیاز اور میجر عامر کو جبری ریٹائر کر دیا۔بریگیڈئر امتیاز احمد بعد میں نواز شریف کی حکومت میں آئی بی کے سربراہ رہے۔ طویل عرصے کی خاموشی کے بعد دو ہزار نو میں آپریشن مڈ نائٹ جیکلز کے معاملے پر خاموشی توڑ دی۔ انہوں نے اخبارات اور ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیئے اور دعویٰ کیا کہ مڈنائٹ جیکال سے بھی بڑا آپریشن ڈے وولف تھا جس میں نواز سٹیڈیم سے ساٹھ ارکان قومی اسمبلی کو سوات لے جایا گیا اور ان کے قرضے معاف کئے گئے۔
بریگیڈیئر امتیاز نے دعویٰ کیا کہ مڈنائٹ جیکال کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کہا جاتا ہے مڈنائٹ جیکال میں کسی کو کوئی پیسہ نہیں دیاگیا اس ٹائم فریم میں ڈے وولف آ پریشن ہوا جو مڈنائٹ جیکال سے بھی بڑا تھا۔ اسے مسعود شریف اور نصیر اللہ بابر نے ہینڈل کیا۔ مجھ پر بے نظیر بھٹو کا تختہ الٹنے کی سازش کا الزام بالکل جھوٹ ہے۔ضیا آمریت کے بعد جمہوریت بحال ہوئے چند ماہ ہی گزرے تھے جب حکومت گرانے کے لیے ارکلان اسمبلی کی منڈی لگی۔ یہ عمل جمہوریت کے لیے بہت افسوسناک تھا۔ اس سے پہلے سیاستدانوں کا بیوپار اتنے بڑے پیمانے پر نہیں ہوا تھا۔
آج ایک بار پھر منڈی لگی ہے۔ اپوزیشن کے امیدوار حاصل بزنجو کا یہ کہنا کہ انہیں اسلام آباد میں جہانگیر خان ترین کی سرگرمیوں سے ڈر لگ رہا ہے، یہ بیان اس منڈی کی طرف صاف اشارہ ہے۔ یہ حالات بتاتے ہیں کہ ملک عزیز میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط نہیں ہو پائیں اور ہم اب بھی سیاسی اعتبار سے نوے کی دہائی میں جی رہے ہیں۔اگر سینیٹ کے اراکین کی تعداد پر نظر دوڑائی جائے تو حکومت کے پاس سینیٹ میں صرف چھتیس ووٹ ہیں جبکہ حزب اختلاف کے ارکان کی تعداد چھیاسٹھ ہے۔تحریک انصاف اگر ایک سال صبر کرے تو دو ہزار اکیس میں پچاس فیصد سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے اور نئے انتخابات ہوں گے۔ تحریک انصاف اس وقت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اپنی اکثریت استعمال کر کے نیا چیئرمین سینیٹ لا سکتی ہے۔
حکومت اور چیئرمین سینیٹ قواعد کی آڑ لینے کی کوشش کر سکتے ہیں کہ ریکوزیشن اجلاس میں عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی کیونکہ اس طرح کی بیٹھک یا نشست صرف اہم قومی معاملات پر بحث کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ قواعد کی آڑ لینے پر سینیٹ اجلاس میں ہنگامہ ہو سکتا ہے۔ اس ہنگامے کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمنٹ میں تعلقات کار کو بڑا دھچکا لگے گا اور اس کشمکش کا نتیجہ یہ ہو گا کہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے سال میں جس طرح کوئی قانون نہیں بنا پائی ، دو ہزار اکیس تک سینیٹ میں اکثریت ملنے تک کوئی قانون نہیں بن پائے گا۔
سیاسی ہنگاموں کا ایک نیا دور شروع ہوگا جو شاید ہمیں ایک بار پھر نوے کی دہائی کی سیاست کی کچھ مزید جھلکیاں دکھائے۔نوے کی دہائی کی سیاست کو زندہ کرنے کا الزا م کسی ایک فریق کے سر نہیں جائے گا بلکہ تبدیلی کی دعویدار تحریک انصاف اور جمہوری طور پر بلوغت کی سیڑھیاں چڑھ جانے کا دعویٰ کرنے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز سب ذمہ دار قرار پائیں گے۔ سب سے زیادہ نقصان سیاست دانوں کا ہی ہو گا جن پر نااہل اور مفاد پرست ہونے کے لیبل چسپاں کئے جاتے رہے ہیں۔ سیاست دانوں کے ڈس کریڈٹ ہونے سے ملک میں جمہوریت بھی ڈس کریڈٹ ہو جائے گی۔
Last edited by a moderator:





