- Joined
- Apr 28, 2012
- Posts
- 8,311
- Reaction score
- 15,308
- Points
- 193
سورہ البقرہ، آیت 48۔45
ترجمہ:
(45) اور صبر اور نماز سے مدد حاصل کرو۔ نماز بھاری ضرور معلوم ہوتی ہے،مگر ان لوگوں کو نہیں جو خشوع (یعنی دھیان اور عاجزی) سے پڑھتے ہیں۔
(46) جو اس بات کا خیال رکھتےہیں کہ وہ اپنےپروردگار سے ملنے والے ہیں.
(47) اے بنی اسرائیل! میری وہ نعمت یاد کرو جو میں نے تم کو عطاکی تھی، او یہ (یاد کرو) کہ میں نے تمہیں سارے جہانوں پر فضیلت دی تھی۔
(48)اور اس دن سے ڈرو جس دن کوئ بھی شخص کسی کے بھی کام نہیں آئے گا، نہ کسی سےکوئ سفارش قبول کی جائے گی، نہ کسی سے کسی قسم کا فدیہ لیا جائےگا، اور نہ ان کو کوئ مدد پہنچے گی.
تشریح:
45- صبر اور نماز ہر اللہ والے کے دو بڑے ہتھیار ہیں۔ نماز کے ذریعے سے ایک مومن کا رابطہ اور تعلق اللہ تعالی سے استوار ہوتا ہے، جس سے اسکو اللہ تعلی کی تائید و نصرت حاصل ہوتی ہے۔ صبر کے ذریعے سے کردار کی پختگی اور دین کی استقامت حاصل ہوتی ہے۔ حدیث میں ہے ''نبی صلّی اللهُ علیہِ وسلّم کو جب بھی کوئی اہم معاملہ پیش آتا آپ فوراٴ نماز کا اہتمام فرماتے۔''
46- نماز کی پابندی عام لوگوں کے لئے گراں ہے، لیکن خشوع و خضوع کرنے والواں کے لئے یہ آسان، بلکہ اطمینان اور راحت کا باعث ہے۔ یہ کون لوگ ہیں؟ وہ جو قیامت پرپورا یقین رکھتے ہیں۔ گویا قیامت پر یقین اعمال خیر کو آسان کر دیتا ہے اور آخرت سے بےفکری انسان کو بےعمل بلکہ بدعمل کر دیتی ہے۔
47،48- یہاں سے دوبارہ بنی اسرائیل کووہ انعامات یاد کروائے جا رہے ہیں جو ان پر کئے گئے اور ان کو قیامت کے دن سے ڈرایا جارہا ہے، جس دن نہ کوئی کسی کےکام آئےگا، نہ سفارش قبول ہوگی، نہ معاوضہ دے کر چھٹکارا ہوسکےگا، نہ کوئی مددگار آگے آئے گا۔
ایک انعام یہ بیان فرمایا گیا کہ انکو تمام جہانوں پر فضیلت دی گئی، یعنی امت محمدیہ سے پہلے افضل العالمین ہونے کی فضیلت بنواسرائیل کو حاصل تھی جو انہوں نے اللہ کی نافرمانی کر کے گنوا دی اور امت محمدیہ کو خَیرُ اُمَّة کے لقب سے نوزا گیا۔ اس میں اس امر پر تنبیہ ہے کہ انعامات الٰہی کسی خاص نسل کےساتھ وابستہ نہیں، بلکہ یہ ایمان اور عمل کی بنیاد پر ملتے ہیں، اور ایمان و عمل سے محرومی پر چھین لئے جتے ہیں۔
یہود کو یہ دھوکہ بھی تھا کہ ہم تو اللہ کے محبوب اور چہیتے ہیں، اسلئے مؤاخذۂ آخرت سے محفوظ رہیں گے۔ اللہ تعالی نےفرما دیا کہ اللہ کے نافرمانوں کو کوئی سہارا نہیں دے سکے گا۔ اسی فریب میں امت محمدیہ بھی مبتلا ہے اور مسئلہ شفاعت کو اپنی بدعملی کا جواز بنا رکھا ہے۔
نبی صلّی اللهُ علیہِ وسلّم یقیناٴ شفاعت فرمائیں گے اور اللہ تعالی انکی شفاعت قبول بھی فرمائے گا لیکن یہ بھی احادیث میں آتا ہے کہ اِحداثُُ فی الدّین [بدعات] کے مرتکب اس سےمحروم ہی رہیں گے۔ نیز بہت سے گناہگاروں کو جہنم میں سزا دینے کے بعد آپ صلّی اللهُ علیہِ وسلّم کی شفاعت پر جہنم سے نکالا جائے گا۔ کیا جہنم کی یہ چند روزہ سزا قابل برداشت ہے کہ ہم شفاعت پر تکیہ کر کے اللہ کے حکموں کی نافرمانی کرتے رہیں؟
ضیا القرآن۔۔ پیر محمد کرم شاہ الازہری صاحب
توضیح القرآن.. مفتی تقی عثمانی صاحب..
احسن البیان.. حافظ صلاح الدین یوسف صاحب..





