- Joined
- Feb 16, 2010
- Posts
- 766
- Reaction score
- 463
- Points
- 0
ابھی تک امن ہے لیکن ان سطروں کے چھپنے تک رہتا ہے یا نہیں، کچھ پتہ نہیں۔ جس وقت یہ تحریر رقم ہو رہی ہے، وزیراعظم عمران خان ریڈ زون میں جانے کا اعلان کر چکے ہیں اور جب یہ تحریر چھپے گی وہ ریڈ زون فتح کر چکے ہوں گے اور اس وقت ٹی وی پر چوہدری کلاں (چوہدری خورد کے بڑے بھائی) کا انٹرویو بھی نشر ہو رہا ہے جس میں خونریزی ہونے کی امیّد جھلک رہی ہے۔ یہ امیّد تھی یا دھمکی، اس کا فیصلہ انٹرویو دیکھنے والے کر سکتے ہیں۔ چوہدری صاحب کے الفاظ تھے، نواز شریف خونریزی سے پہلے استعفیٰ دیدیں۔ یعنی گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلا تو لاشیں بچھا کر نکالا جائے گا۔ اور اس یعنی کی مزید تشریح یہ ہے کہ لاشیں بچھانے کا فیصلہ ہو چکا ہے لیکن کوشش ہے کہ نواز شریف پہلے ہی ہار مان لیں۔ چوہدری صاحب بار بار فوج کی حمایت کا تاثر بھی دیتے رہے۔ فوج کی ایک مجبوری یہ ہے کہ وہ محض تاثر کی تردید جاری نہیں کر سکتی۔ ورنہ کیا مولوی، کیا کپتان اور کیا چوہدری اور کیا نالے کا بغلول، سبھی کئی مہینوں سے یہ تاثر دے رہے ہیں۔ بغلول تو بار بار ٹی وی پر ایک ڈرامائی ڈائیلاگ کہتا ہے۔ فوج آکر رہے گی اینکر پرسن پوچھتا ہے کہ آپ اطلاع دے رہے ہیں تو بغلول تردید کی گنجائش یہ کہہ کر ختم کر دیتا ہے کہ یہ میرا خیال ہے ۔
فوج نہیں،لیکن انہیں کچھ عناصر کی حمایت حاصل ہے۔ اور ان عناصر کے بارے میں تازہ رپورٹ یہ ہے کہ ان کے اجلاس میں بڑے مزے مزے کے ڈائیلاگ ہو رہے ہیں۔ یہ کرو، پھر خونریزی ضرور ہوگی۔ اچھا، یہ کرکے بھی دیکھ لیا ہے، حیرت ہے لاشیں ابھی تک نہیں گریں کمال ہے، یہ ہو کیا رہاہے، ابھی تک کوئی لاش نہیں گری۔ یہ مولوی اتنا نالائق ہوگیا ہے، یہ کپتان ڈرتا کس بات سے ہے، اچھا، اب یہ کرکے دیکھو۔
اور یہ مایوسی وہاں بھی ہے جسے کسی نے عالمِ مشرق کا جنیوا بنانے کا سوچا تھا۔ پاکستان کو شام اور عراق سے کہیں بڑا شام اور عراق بنانے کی سازش کھل کر نظر آرہی ہے۔ اس سچ میں تو کوئی شبہ نہیں کہ موجودہ حکومت نالائق ہے، مغرور بھی ہے، بادشاہت پسند بھی ہے، عوام کو کوئی ریلیف دینے کا بھی ارادہ نہیں رکھتی لیکن سازش کا اس ساری نالائقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کو شام اور عراق بنانا ہے تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ نواز حکومت اچھا کر رہی ہے یا برا کر رہی ہے۔ دائیں بائیں کے دو پڑوسی ملکوں سے بے اندازہ دولت برسائی جا رہی ہے۔ اداروں کو بھی معلوم ہے اور خاموشی ہے۔ کلام گایا جا رہا ہے اللہ ہو اللہ ہو۔ ورد کیا جا رہا ہے نیتن یاہو، نیتن یاہو!!!
________________________
کپتان خاں کا کہنا ہے کہ وہ اس دور کا گاندھی ہے۔ پتہ نہیں گاندھی اچھا لیڈر تھا یا برا۔ اس کے کیا شغل تھے، کیا نہیں لیکن اتنا پتہ ہے کہ غروب آفتاب کے بعد بھی وہ ہوش و حواس میں ہوتا تھا، بات کر بھی لیتا تھا ، بات سمجھ بھی لیتا تھا، بات سمجھا بھی لیتا تھا۔ کپتان اگر گاندھی ہے تو پرویز اس کا نہرو۔ کبھی کوئی ایسی ویڈیویا تصویر نہیں دیکھی جس میں نہرو ٹھمکے لگاتے دیکھا گیا ہو۔ بے چارہ لگا بھی کہاں سکتا تھا کہ اوّل آخر سیاستدان تھا، مہاراج پرویز کتھک نہیں تھا۔ یہ پرویز نام بھی خوب ہے، جس کا بھی یہ نام ہوتا ہے، بس تحفہ ہوتا ہے۔
کپتان اپنی تقریر میں کہہ رہا تھا جہاد اللہ نے فرض کیا ان لوگوں کی ڈکشنری میں جہاد شاید رقص کو کہتے ہیں۔ ان کے کیمپ کی جب بھی لائیو کوریج چلی، ہر کوئی فریضۂ رقص نبھاتے ہی نظر آیا۔ ادھر مولوی کے دھرنے میں بھی رقص کا بول بالا ہے لیکن کپتان کے دھرنے سے کچھ کم۔ کپتان کے انقلاب کا تو تھیم سانگ ہی یہ ہے: اِج میر انچنے نوں جی کردا اے
کپتان کا تحفہ اس روز دیر تک سٹیج پر ٹھمکے لگاتا رہا جب پشاور میں طوفان نے درجنوں لاشیں بچھا دی تھیں۔ کپتان کا مرشد اوّل پرویز مشرف بھی لاشوں پر ٹھمکے لگانے میں ماہر تھا۔ مہارت بھی ورثے میں ملتی ہے۔
________________________
کپتان خان گاندھی ہیں تو مولوی صاحب نے خود کو سب سے بڑا کارل مارکس اور لینن قرار دیا ہے۔ یعنی وہ کارل مارکس جو جرمنی میں پیدا ہوا اور جس نے داس کیپیتال لکھی اور امریکہ سے بیدادپائی وہ چھوٹاتھا، بڑا کارل مارکس یہ ہے جس نے فتویٰ لکھا اور امریکہ سے داد پائی۔ جس لینن نے مارکس کے فلسفے کی بنیاد پر انقلاب برپا کیا، وہ چھوٹا تھا، بڑا لینن یہ ہے جس نے مشرف کے فلسفے پر تحریک کھڑی کی اور کنٹینر برپا کیا۔
بڑے کارل مارکس اور بڑے لینن کا انقلاب بھی بڑا ہی ہوگا۔ یہ اندازہ ہے اور اندازہ درست ہونے کی دلیل چوہدری خورد(چوہدری کلاں کے چھوٹے بھائی) کا بیان ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ (یعنی چوہدری خورد و کلاں دونوں) انقلابی ہیں۔ جس انقلاب کے انقلابی چوہدری خورد و کلاں ہوں، اس کے بڑے ہونے میں کیا شک رہ جاتا ہے۔
مولوی صاحب نے کہا ہے کہ وہ ماڈریٹ بھی ہیں اور لبرل ہیں۔ کوئی محض لبرل ہو تو وہ لبرل ہی ہوتا ہے، ماڈریٹ بھی ہو تو فوراً پتہ چل جاتا ہے کہ موصوف مشرف بہ پرویز ہیں۔ چنانچہ مشرف بر پرویز مولوی صاحب نے محض یہی دعوے نہیں کئے، یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسلام کی ایک ہزار سالہ تاریخ میں ان سے بڑا عالم کوئی پیدا نہیں ہوا۔ اب کسی لائبریری میں جائیے، کسی حافظہ رکھنے والے فاضل سے رجوع کیجئے تاکہ آپ یہ جان سکیں کہ پچھلے ایک ہزار سال میں پیدا ہونے والے بڑے عالموں کی فہرست میں کتنے ان گنت نام ہیں اور پھر ان سارے ناموں پر غور کرنے کے بعد فیصلہ کیجئے کہ وہ کتنا بڑا ہوگا جو ان سب سے بڑا ہے اور پھر مولوی صاحب کو خطاب کرتے ہوئے دیکھئے اور اس حق الیقین پر پہنچ جائیے کہ اچھا تو یہ ہے وہ جو سب سے بڑا ہے۔
اور اندازے کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ یہ اتنا بڑا ہے تو اس کا مرشد اعلیٰ یعنی جنرل پرویز مشرف کتنا بڑا ہوگا۔
سچ ہے، مشرف کی عظمتوں کے کیا کہنے، مشرف بہت بڑا ہے، مولوی صاحب سے بھی بڑا، چوہدری خورد و کلاں سے بھی بڑا، نالے کے بغلول سے بھی بڑا ،حتیٰ کہ احمد رضا قصوری سے بھی بڑا۔
________________________
ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی پر راشٹریہ سیوک سنگ(Sang) کا غلبہ ہوگیا ہے۔ غلبہ کیا، نریندر مودی بذات خود راشٹر یہ سیوک سنگ ہے، غلبہ نہیں یہ تو قبضہ ہے۔ باقی بی جے پی میں کچھ نام نہاد اعتدال پسند ہندو ضروررہے ہوں گے لیکن یہ پارٹی شروع ہی سے ہندو توا، ہندو راشٹر اور آر ایس ایس کی پارٹی تھی۔ اس کے سا بق رہنما اٹل بہاری واجپائی میں باقی سے صرف یہ فرق تھا کہ وہ سمجھدار تھا، جانتا تھا کہ مسلمانوں کوکب کاٹنا ہے، کب نہیں۔ اس کا ساتھی کے ایل ایڈوانی نا سمجھ تھا، موقع بے موقع مسلمانوں کو کاٹے بغیر نہیں رہتا تھا۔ اس پالیسی کا نقصان ہوا۔ اب بی جے پی کے بھاگ جاگے ہیں اور ایسا رہنما مل گیا ہے جو مسلمانوں کو بے موقع کاٹنے کا بھی ایسا طریقہ جانتا ہے کہ بے موقع بھی برموقع لگے!
بی جے پی کو نئے سرے سے جو عروج ملا، اس کی وجہ چند سال پہلے ممبئی میں ہونے والے بم دھماکے تھے۔ان سے بھارت میں یہ احساس عام ہوا (یا کیا گیا )کہ کانگریس کے دور میں بھارتی آبادی خطروں سے غیر محفوظ ہے اور ساتھ ہی یہ سوچ بھی پیدا ہوئی کہ سیکولرزم سے مسلمان ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، اسے اب ہٹا پھینکنا چاہئے۔
بی جے پی اور بھارت نے الزام لگایا کہ یہ دھماکے پاکستان نے کرائے لیکن اس کا کوئی ثبوت اس کے پاس ہے نہ امریکہ کے پاس۔ جس سے لگتا ہے کہ بی جے پی کو پھر سے عروج دلوانے کے لئے یہ سازش خود آر ایس ایس نے کی۔ اسی لئے دھماکے ہوتے ہی پاکستان لشکر طیبہ اور آئی ایس آئی کا نام لے دیا گیا۔ پروپیگنڈے کی ساری مہم پہلے سے تیار تھی چنانچہبلا تاخیر طوفان مچانے میں کوئی مشکل نہیں ہوئی۔
جب تک بھارتی اسٹیبلشمنٹ میں آر ایس ایس سوچ کا غلبہ ہے، پاکستان کی طرف سے دوستی کی پیشکش اور کوشش کا فائدہ ہونے کا امکان نہیں۔ بھارت سے بعید نہیں کہ وہ جلد ہی پاکستان کے خلاف نہ صرف اپنی پراکسی وار بڑھادے بلکہ کوئی براہ راست وار بھی کر دے۔ ہماری تیاری اس کے جواب میں مولوی اور کپتان کی لاشیں گراؤ، ملک مکاؤ، شام بناؤ مہم کے سپرد کر دی گئی ہے۔ خدا کی شان





