- Joined
- Apr 28, 2012
- Posts
- 8,311
- Reaction score
- 15,308
- Points
- 193
استغفار اللہ تعالیٰ کی رضا کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
استغفارِ سلیمان
ایک دفعہ حضرت سلیمان علیہ السلام کے پاس دریائی نسل کے عمدہ گھوڑے لائے گئے۔ آپ ان کی دیکھ بھال میں اس قدر مصروف رہے کہ نمازِ عصر پڑھنا بھول گئے۔ جب سورج غروب ہو گیا تو نماز یاد آئی۔ اب کیا تھا انہوں نے گھوڑوں کو جن کی دیکھ بھال میں نمازِ عصر یاد نہ رہی اور فوت ہوگئی، اپنے ہاتھوں سے ذبح کیا اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی۔
رَبِّ اغفِرلى وَهَب لى مُلكًا لا يَنبَغى لِأَحَدٍ مِن بَعدى...٣٥. سورة ص
''اے میرے پروردگار! مجھے معافی دیجئے اور مجھے ایسی سلطنت عطا کیجئے جو میرے بعد کسی کو نصیب نہ ہو۔''
استغفارِ موسیٰ
ایک قبطی اور ایک اسرائیلی کسی بات سے آپس میں جھگڑتے ہیں۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اسرائیلی کی حمایت کرتے ہوئے قبطی کو ایک مکہ مارتے ہیں جس سے وہ ہلاک ہو جاتا ہے۔ فوراً اپنی کوتاہی اور غلطی کا احساس پیدا ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں استغفار کرتے ہیں۔
رَبِّ إِنّى ظَلَمتُ نَفسى فَاغفِرلى فَغَفَرَلَهُ... ١٦. سورة القصص
''اے میرے پروردگار! (قبطی کا مار کر) میں نے اپنی جان پر ظلم کیا۔ مجھے معافی دیجئے۔'' اللہ تعالیٰ نے اسے معافی عنایت فرمائی۔
استغفارِ یونس
حضرت یونس علیہ السلام اپنی قوم کو وعظ و نصیحت کرتے ہیں۔ آخر قوم کی سرکشی اور طغیانی کو دیکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں اور اذنِ الٰہی کے بغیر شہر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں اور قوم کے لئے عذاب کی دعا کرتے ہیں۔ حضرت یونس علیہ السلام کی قوم عذاب کی خبر سن کر خوفزدہ ہو جاتی ہے۔ چنانچہ تمام مل کر بارگاہِ الٰہی میں توبہ تائب ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی دعا قبول فرماتے ہیں اور عذابِ الٰہی ان سے ٹل جاتا ہے۔
جیسا کہ فرمایا
كَشَفنا عَنهُم عَذابَ الخِزىِ فِى الحَيو*ٰةِ الدُّنيا وَمَتَّعنـٰهُم إِلىٰ حينٍ ٩٨. سورة يونس
ادھر حضرت یونس علیہ السلام اپنی غلطی کی بدولت لقمۂ حوت بن جاتے ہیں اور اس کے پیٹ میں اللہ رب العزت کی بارگاہِ عالی میں ان کے ساتھ معافی مانگتے ہیں۔
لا إِلـٰهَ إِلّا أَنتَ سُبحـٰنَكَ إِنّى كُنتُ مِنَ الظّـٰلِمينَ ٨٧. سورة الانبياء
تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، تو پاک ہے۔ بیشک میں ہی ظالموں میں سے ہوں۔
چالیس روز تک انہیں الفاظ سے اپنے مالک حقیقی سے معافی مانگتے رہے پھر کہیں جا کر انہیں معافی ہوئی۔
استغفارِ سید المرسلین
آنحضرت ﷺ کی ذاتِ گرامی وہ ہستی ہے جس کے متعلق امت محمدیہ کا یہ عقیدہ ہے کہ آپ ﷺ معصوم عن الخطا ہیں۔ آپ ﷺ نے اپنی حیاتِ مبارکہ کا ایک ایک لمحہ اطاعت اور عبادتِ الٰہی میں گزارا۔ گناہ کرنا تو کجا آپ ﷺ کے دل و دماغ میں گناہ کا کبھی تصور بھی پیدا نہیں ہوا۔ با ایں ہمہ آنحضرت ﷺ کثرت سے استغفار کیا کرتے تھے۔ چنانچہ ایک حدیث شریف میں ذکر ہے کہ آنحضرت ﷺ نے لوگوں سے مخاطب ہو کر فرمایا۔
یأیھا الناس توبوا إلی اللہ فإني أتوب إلیه في الیوم مائة مرة
(بخاری)
کہ لوگو! اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرو۔ میں ایک دن میں سو مرتبہ اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہوں اور توبہ کرتا ہوں۔
آپ ﷺ مندرجہ ذیل استغفار کثرت سے پڑھا کرتے تھے۔
أسْتَغْفِرُ اللہَ الَّذِیْ لَا إلٰهَ إلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَأتُوْبُ إلَیْهِ
(ابو داؤد)
میں اللہ سے بخشش کی دعا کرتا ہوں، وہ اللہ جس کے بغیر کوئی عبادت کے لائق نہیں اور وہ اللہ جو ہمیشہ زندہ اور قائم ہے اور میں اس کی طرف توبہ کرتا ہوں۔
غرضیکہ تمام انبیاء علیہم السلام حتیٰ کہ حضرت محمد ﷺ نے توبہ و استغفار کو اپنا اوڑھنا اور بچھونا بنایا ہوا تھا اور ہر وقت ان کی زبانِ مبارک سے استغفار کے کلمات ہی سنائی دیتے تھے۔ اس سے معلوم ہوا کہ استغفار اللہ تعالیٰ کی رضا کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انسان خواہ گناہوں میں ڈوبا ہوا ہو جب بارگاہِ ایزدی میں سر جھکا کر رب رب کے الفاظ سے اپنے خالقِ حقیقی سے معافی مانگتا ہے تو اس کی رحمت کا بحرِ بیکراں جوش میں آکر اس کے گناہوں کے تمام خس و خاشاک کو بہا کر لے جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ ایسے شخص سے بے حد خوش ہوتے ہیں۔ چنانچہ ایک حدیث شریف میں آتا ہے کہ
''اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ سے اس شخص سے بھی زیادہ خوش ہوتے ہیں جو ایک بے آب و گیاہ چٹیل میدان میں اترتا ہے۔ اس کے پاس سواری ہوتی ہے جس پر اس کا خورد و نوش کا سامان بندھا ہوا ہوتا ہے۔ وہ وہاں چند منٹ سستانے کی غرض سے لیٹ جاتا ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد جب بیدار ہوتا ہے تو کیا دیکھتا ہے کہ اس کی اونٹنی بمعہ سامان خورد و نوش غائب ہے۔ اس کی تلاش میں جنگل کا کونہ کونہ چھانتا ہے لیکن کہیں سے سراغ نہیں ملتا۔ حتیٰ کہ گرمی و تشنگی سے مغلوب ہو کر اسی جگہ پر واپس آجاتا ہے جہاں پہلے لیٹا ہوا تھا۔ وہاں پر مرنے کا فیصلہ کر لیتا ہے اور اپنا بازو سر کے نیچے رکھ کر لیٹ جاتا ہے تاکہ وہ موت کے ذریعے اس مصیبت اور پریشانی سے نجات پائے۔ تھوڑی دیر کے بعد بیدار ہوتا ہے۔ کیا دیکھتا ہے اس کی اونٹنی بمعہ سامان خورد و نوش اس کے سر پر کھڑی ہے۔ یہ ماجرہ دیکھ کر خوشی سے پھولا نہیں سماتا۔ فرحت و انبساط کا اس قدر غلبہ ہوتا ہے کہ اس کے دماغی توازن درست نہیں رہتا۔ خوشی میں آکر کہتا ہے۔
اللھم أنت عبدي وأنا ربّك
(مسلم)
یا الٰہی! تو میرا بندہ ہے اور میں تیرا رب ہے۔
وقتِ استغفار
ویسے تو جس لمحہ اور جس ساعت انسان اللہ تعالیٰ کو یاد کرتا ہے اور پکارتا ہے تو وہ سنتا ہے اور مجیب الدعوات ہے۔ لیکن رات کا آخری ثلث اس کام کے لئے زیادہ مخصوص ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کا ذِکر کرتے ہوئے فرمایا۔
وَالمُستَغفِرينَ بِالأَسحارِ ١٧. سورة آل عمران
ایک او مقام پر فرمایا
وَبِالأَسحارِ هُم يَستَغفِرونَ١٨. سورة الذاريات
کہ اللہ کے بندے ہنگامِ سحر اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔
حضرت یعقوب علیہ السلام سے جب ان کی اولاد نے اپنی غلطی کی معافی چاہی تو جواب دیا کہ
سَوفَ أَستَغفِرُ لَكُم رَبّى...٩٨. سورة يوسف"
میں جلد ہی اپنے پروردگار سے تمہاری معافی کی درخواست کرونگا۔
چنانچہ مفسرین نے بیان کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اولاد کی کوتاہی کی معافی کی درخواست ہنگام سحر بارگاہِ ایزدی میں پیش کی تھی۔
ایک روایت میں ہے کہ اللہ رب العزت رات کو دنیا والے آسمان پر تشریف فرما ہوتے ہیں اور جب رات کا تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے تو آواز دیتے ہیں۔
ھل من سائل فأعطیته ھل من داع فاستجبت له ھل من مستغفر فأغفرله ابن کثیر
ہے کوئی سوال کرنے والا! اسے میں دوں۔ ہے کوئی پکارنے والا۔ میں اس کی دعا منظور کروں۔ ہے کوئی معافی مانگنے والا۔ میں اسے معاف کروں۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رات کو نماز پڑھتے۔ جب رات کا آخری حصہ ہوتا تو دعا اور استغفار میں مشغول ہو جاتے۔
حضرت انس بن مالک فرماتے ہیں کہ
ہمیں یہ حکم تھا کہ جب رات کو نماز پڑھیں تو صبح تک استغفار میں مشغول رہیں۔
(ابن کثیر)
Last edited:





