Advertisement

اللّٰہ کی پناہ مانگتا ہوں

11043253_861668183891875_1764388050203376060_n.png


سورہ البقرہ، آیت 73-67
ترجمہ:
​

67- اور(وہ وقت یاد کرو)جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا تھا کہ اللّٰہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ تم ایک گائے ذبح کرو۔ وہ کہنے لگے کہ کیا آپ ہمارا مذاق بناتے ہیں؟ موسیٰ نے کہا: میں اس بات سے اللّٰہ کی پناہ مانگتا ہوں کہ آپ میں (ایسے) نادانوں میں شامل ہوں (جو مذاق میں جھوٹ بولیں)
68- انہوں نے کہاکہ آپ ہماری خاطر اپنے رب سےدرخواست کیجئے کہ ہمیں صاف صاف بتائے کہ وہ گائے کیسی ہو؟ اس نے کہا: اللّٰہ فرماتا ہے کہ وہ ایسی گائے ہو کہ نہ بہت بوڑھی ہو نہ بالکل بچی، (بلکہ) ان دونوں کے بیچ بیچ میں ہو۔ بس اب جو تمہیں حکم دیا گیا ہےاس پر عمل کرلو۔
69- کہنے لگے: آپ ہماری خاطر اپنے ربّ سے درخواست کیجئے کہ ہمیں صاف صاف بتائےکہ اس کا رنگ کیسا ہو؟ موسیٰ نے کہا: اللّٰہ فرماتا ہے کہ وہ ایسے تیز زرد رنگ کی گائے ہو جو دیکھنے والوں کادل خوش کردے۔
70- انہوں نے (پھر) کہا کہ آپ ہماری خاطر اپنے ربّ سے درخواست کیجئے کہ ہمیں صاف صاف بتائے کہ وہ گائے کیسی ہو؟ اس گائے نے ہمیں شبہے میں ڈال دیا ہے۔اور اللّٰہ نے چاہا تو ہم اس کا ضرور پتہ لگالیں گے۔
71- موسیٰ نے کہا: اللّٰہ فرماتا ہے کہ وہ ایسی گائے ہو جو جت کر زمین پر نہ گاہتی ہو، اور نہ کھیتی کو پانی دیتی ہو، پوری طرح صحیح سالم ہو جس میں کوئ داغ نہ ہو۔ انہوں نے کہا: ہاں! اب آپ ٹھیک ٹھیک پتہ لے کر آئے۔ اس کے بعد انہوں نے اُسے ذبح کیا، جبکہ لگتا نہیں تھا کہ وہ کر پائیں گے.
72- اور ( یاد کرو جب ) تم نے ایک شخص کو قتل کردیا تھا،اور اس کے بعد اس کا الزام ایک دوسرے پر ڈال رہے تھے، اور اللّٰہ کو وہ راز نکال باہر کرنا تھا جو تم چھپائے ہوئے تھے۔
73- چنانچہ ہم نے کہاکہ اس (مقتول) کو اس (گائے) کے ایک حصے سے مارو۔ اسی طرح اللّٰہ مردوں کو زندہ کرتا ہے،اور تمہیں (اپنی قدرت کی ) نشانیاں دکھاتا ہے تاکہ تم سمجھ سکو.

تشریح:
67-71:
گائے ذبح کرنے کا حکم ایک مقتول کا قاتل دریافت کرنے کے لئے دیا گیا تھا اس لئے بنی اسرائیل نے اس کو مذاق سمجھا کہ گائے ذبح کرنے سے قاتل کیسے معلوم ہوگا؟ اس واقعے کا ذکر آیت 72 میں آئے گا۔
شروع میں جب انہیں گائے ذبح کرنے کا حکم ہوا تو کسی خاص قسم کی گائے نہیں بتائ گئ تھی، چنانچہ وہ کوئ بھی گائے ذبح کر دیتے تو حکم پورا ہوجاتا۔ لیکن انہوں نے خواہ مخواہ کھود کرید شروع کردی جس کے نتیجے میں اللّٰہ تعالٰی نے بھی نت نئ شرطیں عائد فرمائیں اور ایسی گائے تلاش کرنا مشکل ہوگیا جو ان شرطوں کو پورا کرتی ہو۔ یہاں تک کہ ایک مرحلے پر ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید وہ ایسی گائے تلاش کرکے ذبح کرنے کے قابل نہ ہوں۔ اس واقعے میں سبق دیا گیا ہے کہ بلاوجہ غیرضروری کھوج میں پڑنا ٹھیک نہیں ۔ جو بات جتنی سادہ ہو اس پر اتنی ہی سادگی سے عمل کر لینا چاہیے۔
72-73:
بنی اسرائیل میں ایک لاولد مالدار آدمی تھا جسکا وارث صرف ایک بھتیجا تھا۔ ایک رات اس بھتیجے نے اپنے چچا کو قتل کر کے لاش کسی آدمی کے دروازے پر ڈال دی۔ صبح قاتل کی تلاش میں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے لگے۔ بالآخر بات حضرت موسٰی علیہ السلام تک پہنچی تو انہیں ایک گائے ذبح کرنے کا حکم ہوا۔ گائے کا ایک ٹکڑا مقتول کو مارا گیا جس سے وہ زندہ ہو گیا اور قاتل کی نشاندہی کر کے مر گیا۔ "فتح القدیر
قاتل کی دریافت کے لئے یہ طریقہ اختیار کرنے کاایک فائدہ تو یہ ہوا کہ قاتل کو کوئ بہانہ بنانے کا ہر راستہ بند ہوگیا،اور دوسرا فائدہ یہ کہ مردوں کو زندہ کرنے کی خدائ طاقت کا عملی مظاہرہ کرکے ان لوگوں کی زبانیں بند کردی گئیں جو دوسری زندگی کو ناممکن سمجھتے تھے

ضیا القرآن۔۔ پیر محمد کرم شاہ الازہری صاحب
توضیح القرآن.. مفتی تقی عثمانی صاحب..
احسن البیان.. حافظ صلاح الدین یوسف صاحب..
​
 
Last edited by a moderator: