Advertisement

اسٹیل ملز: حق تو یہ کہ حق ادا نہ ہوا

ہمارے یہاں آجکل اسٹیل ملز سے ملازمین کی برطرفیوں کو لے کر اک عجب سما بندھا ہوا ہے۔ موجودہ حکومت غریبوں کی سفّاک قاتل کے طور پر دکھائی جا رہی ہے، جو ان ملازمین کو برطرف کر رہی ہے جن کو پچھلے پانچ سال سے بغیر کام کیئے تنخواہ اور مراعات مل رہے تھے۔

ان کے نزدیک یہ بڑا ظلم ہے۔

لیکن ان کے نزدیک یہ کوئی ظلم نہیں تھا کہ جو لوگ اسٹیل ملز میں محنت کرتے رہے، ان کو ان کے ریٹائرمنٹ پر ملنے والے واجبات سے ہی محروم رکھا گیا۔

ان کے نزدیک یہ ظلم ہے کہ ان ملازمین کو جو کہ ابھی عمر کے اس حصّے میں ہیں کہ کہیں اور بھی کام تلاش کر سکتے ہیں، ان کو ان کے تمام واجبات کی ادائیگی کے بعد با عزت طور پر رخصت کیا جا رہا ہے۔

ان کے نزدیک یہ ظلم نہ تھا کہ ان لوگوں کو جو ریٹائرمنٹ کے بعد کہیں اور نوکری حاصل کرنے کے قابل بھی نہیں، جن کے بچے یونیورسٹی کی تعلیم کے لیئے بیٹھے تھے، جن کی بچیوں کی شادیاں ہونی تھیں، جن کے پاس کوئی مکان نہیں تھا، ان سب لوگوں کی تمام عمر کا آسرا یہی ریٹائرمنٹ پر ملنے والے واجبات تھے، ان کو اس سے محروم رکھا گیا۔ آٹھ برس تک یہ لوگ عدالتوں کے دھکّے کھاتے رہے، اور یہاں ان کے سیاسی لٹیرے ان سیاسی پارٹیوں کے لیئے دن دگنی اور رات چوگنی چوربازاریاں کرتے رہے، اور مفت کی تنخواہ علٰیحدہ سے، بونس میں چلتی رہی۔

حکومت وقت کا یہ فیصلہ قابل ستائش ہے کہ ان محروم ملازمین کی آہ و فغاں کو سنا جارہا ہے اور یہ رقوم ان کو اب اس دورِ حکومت میں ادا کی جا رہی ہیں، جبکہ پاکستان کی معیشت زرداری اور نواز دور کی حکومت کے لیئے قرضوں میں بال بال بھیگی ہوئی ہے۔ لیکن اب کم از کم حقدار کو اسکا حق مل رہا ہے۔

اس وقت جہاں تحریک انصاف کی حکومت یہ واجبات ادا کر رہی ہے، وہاں اگر کسی گزشتہ حکومت میں اگر احساسِ انسانیت کی کوئی ایک رمق بھی باقی ہے تو انھیں چاہیئے کہ خود اب اسٹیل ملز جا کر ان ریٹائرڈ ملازمین سے پہلے معافی مانگیں


پھر یہ کسی مزدور کے حقوق کی بات کرتے اچھے بھی لگتے ہیں۔​