Advertisement

اسلام میں خواتین کا مقام اور پردہ 02

اسلام میں خواتین کا مقام اور پردہ 02


حافظ محمداسحاق زاہد


ماں کا درجہ


عورت اگر ماں ہو تو اسلام نے اس کے ساتھ حسنِ سلوک کی ترغیب دی ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حق کے بعد سب سے پہلے ماں باپ کا حق بیان کیا ہے پھر دوسروں کے حقوق کا تذکرہ کیا ہے۔اور بار بار ان سے اچھا سلوک کرنے کی تلقین کی ہے اور انھیں جھڑکنے حتیٰ کہ اف تک کہنے سے منع فرمایا ہے۔ اورر سول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جب ایک شخص نے سوال کیا کہ لوگوں میں سب سے زیادہ کون اچھے سلوک کا مستحق ہے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

تمھاری ماں۔اس نے کہا : پھر کون ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تمھاری ماں! اس نے کہا : پھر کون ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تمھاری ماں! اس نے کہا : پھر کون ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تمھارا باپ۔
[ بخاری : الأدب باب من أحق الناس بحسن الصحبۃ : 5971، مسلم : 2548 ]

اس کے علاوہ اور کئی احادیث کتبِ حدیث میں موجود ہیں جن میں خصوصاً ماں کا حق نمایاں کر کے بیان کیا گیا ہے۔



بیوی کے حقوق


اور عورت اگر بیوی ہو تو اسلام نے اس کے حقوق کی بھی پاسداری کی ہے اور اس کے چند حقوق درجِ ذیل ہیں :

1: نکاح کے لئے اجازت طلبی

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :
لاَ تُنْکَحُ الْأَیِّمُ حَتّٰی تُسْتَأْمَرَ،وَلَا تُنْکَحُ الْبِکْرُ حَتّٰی تُسْتَأْذَنَ

کسی بیوہ کا نکاح اس وقت تک نہ کیا جائے جب تک اس سے مشورہ نہ کر لیا جائے اور کسی کنواری لڑکی کا نکاح اس وقت تک نہ کیا جائے جب تک اس سے اجازت نہ لے لی جائے۔

صحابہ کرامؓ نے عرض کی : اے اللہ کے رسول ؐ! کنواری لڑکی کی اجازت کیسے ہو گی ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اس کی خاموشی اس کی اجازت سمجھی جائے گی۔

[ بخاری : النکاح باب لا ینکح الأب وغیرہ، 5136]


2: مہر کی ادائیگی

فرمانِ الٰہی ہے :

**وَآتُوْا النِّسَائَ صَدُقَاتِہِنَّ نِحْلَۃً ** [ النساء :4 ]

اور عورتوں کو ان کے مہر راضی خوشی دو۔


3:نان و نفقہ

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقعہ پر میدانِ عرفات میں صحابہ کرامؓ کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا :

فَاتَّقُوْا اﷲَ فِیْ النِّسَاءِ فَإِنَّکُمْ أَخَذْتُمُوْہُنَّ بِأَمَانِ اﷲِ وَاسْتَحْلَلْتُمْ فُرُوْجَہُنَّ بِکَلِمَۃِ اﷲِ، وَلَکُمْ عَلَیْہِنَّ أَنْ لَّا یُوْطِئْنَ فُرُشَکُمْ أَحَدًا تَکْرَہُوْنَہُ۔۔۔وَلَہُنَّ عَلَیْکُمْ رِزْقُہُنَّ وَکِسْوَتُہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ

تم عورتوں کے متعلق اللہ سے ڈرو کیونکہ تم نے انھیں اللہ کی امان کے ساتھ لیا ہے اور انھیں اللہ کے کلمہ کے ساتھ اپنے لئے حلال کیا ہے۔اور تمھارا ان پر حق یہ ہے کہ وہ تمھارے بستروں پر کسی ایسے شخص کو نہ آنے دیں جنھیں تم نا پسند کرتے ہو۔۔۔۔۔۔اور ان کا تم پر حق یہ ہے کہ تم انھیں معروف طریقے کے مطابق کھانا اور لباس مہیا کرو۔

[مسلم :الحج باب حجۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم : ۱۲۱۸، ابن حبان : 1457 ]


4: معروف طریقے کے مطابق بود و باش

فرمان الٰہی ہے :
** وَعَاشِرُوْہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ فَإِنْ کَرِہْتُمُوْہُنَّ فَعَسٰی أَنْ تَکْرَہُوْا شَیْئًا وَیَجْعَلَ اﷲُ فِیْہِ خَیْرًا کَثِیْرًا ** [ النساء : 19]

اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے بود و باش رکھو، گو تم انھیں نا پسند کرو لیکن عین ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو برا جانو اور اللہ تعالیٰ اس میں بہت سی بھلائی کر دے۔

اور رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :

خَیْرُکُمْ خَیْرُکُمْ لِأَہْلِہٖ، وَأَنَا خَیْرُکُمْ لِأَہْلِیْ

تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنے اہل کے لئے بہتر ہو اور میں تم سب کی نسبت اپنے اہل کے لئے زیادہ بہتر ہوں۔

[ ترمذی : المناقب باب فضل أزواج النبی صلی اللہ علیہ وسلم، 3895، ابن ماجہ : 1977، ابن حبان، 4177 وہو فی صحیح الجامع۔ 3314 والصحیحۃ۔ 285 ]


5: بیوی کا حق بھی خاوند کے حق کی طرح ہے

فرمان الٰہی ہے :
**وَلَہُنَّ مِثْلُ الَّذِیْ عَلَیْہِنَّ بِالْمَعْرُوْفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَیْہِنَّ دَرَجَۃٌ**

اور معروف طریقے کے مطابق عورتوں کے بھی ویسے ہی حق ہیں جیسے ان پر مردوں کے ہیں،ہاں مردوں کو عورتوں پر فضیلت ہے۔ البقرۃ: 228


6: بیویوں میں عدل و انصاف

فرمان الٰہی ہے :

** فَإِنْ خِفْتُمْ أَلاَّ تَعْدِلُوْا فَوَاحِدَۃً أَوْ مَا مَلَکَتْ أَیْمَانُکُمْ ذٰلِکَ أَدْنٰی أَلاَّ تَعُوْلُوْا ** [ النساء : 3]

لیکن اگر تمھیں یہ خوف ہو کہ تم ان میں عدل وانصاف نہ کر سکو گے تو ایک ہی کافی ہے، یا تمھاری ملکیت کی لونڈی۔یہ اس اعتبار سے زیادہ مناسب ہے کہ تم بے انصافی کے مرتکب نہیں ہو گے۔

اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :
مَنْ کاَنَتْ لَہُ امْرَأَتَانِ فَمَالَ إِلیٰ أَحَدِہِمَا،جَاءَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ وَشِقُّہُ مَائِلٌ

[ ابوداؤد: النکاح باب فی القسم بین النسائ،2133، الترمذی: النکاح باب ما جاء فی التسویۃ بین الضرائر،1141، صححہ الألبانی فی صحیح ابی داؤد ج ۲ ص 400 ]

جس شخص کی دو بیویاں ہوں اور وہ ان میں سے ایک ہی کی طرف مائل ہوا (اور دوسری کو نظر انداز کر دیا ) تو قیامت کے دن وہ اس حالت میں آئے گا کہ اس کے جسم کا ایک حصہ ایک پہلو پر جھکا ہو گا۔


7: موت کے بعد بھی بیوی سے وفا

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ :

مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں میں سے کسی پر کبھی اتنی غیرت نہیں آئی جتنی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پر آتی تھی حالانکہ میں نے انھیں نہیں دیکھا تھا۔ لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر و بیشتر اس کا تذکرہ کرتے رہتے تھے۔اور بعض اوقات بکری ذبح کرتے تو اس کے گوشت کے کچھ ٹکڑے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی سہیلیوں کو بھی بھیجا کرتے۔اس پر میں کبھی کبھی یہ بھی کہہ دیتی کہ شاید دنیا میں اور کوئی عورت ہے ہی نہیں سوائے خدیجہؓ کے ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے: اس کے یہ یہ فضائل تھے اور میری اولاد بھی اسی سے ہوئی۔
[ بخاری: مناقب الأنصار باب تزویج النبی ؐ خدیجۃ وفضلہا 3818، مسلم : 2437 ]




بیٹی، ماں اور بیوی کے حقوق کے متعلق قرآن و حدیث کی جو نصوص ہم نے ذکر کی ہیں ایک طرف انھیں سامنے رکھیں اور دوسری جانب زمانۂ جاہلیت کی عورت کی حالت بھی مد نظر رکھیں۔اس سے آپ کو بخوبی اندازہ ہو جائے گا کہ اسلام نے عورت کو معاشرے میں کتنا بڑا مقام دیا ہے اور اس کی کس طرح سے تکریم اور عزت افزائی کی ہے۔

زمانۂ جاہلیت کی عورت وراثت سے محروم تھی


باقی آیندہ
​
 
Last edited by a moderator: