اسد عمر اور ساتھیوں سے جیل مینول، قانون کے مطابق برتائو ہونا چاہیے، میں اپنے شوہر کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں: صوفیہ فاطمہ
سابق وفاقی وزیر و سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی اہلیہ صوفیہ فاطمہ کی طرف سے اپنے خاوند کی رہائی کیلئے اور نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کرنے کی زیرگردش خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔
اسد عمر کی اہلیہ صوفیہ فاطمہ نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کو بتایا کہ ان کی جیل بھرو تحریک میں رضاکارانہ گرفتاری کے فیصلے کی بطور اہل خانہ مکمل تائید کرتی ہیں۔
صوفیہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی قوم کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے جاری جدوجہد میں اسد عمر ان کے ساتھ ہیں، اسد عمر کی رہائی یا ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں جنہیں مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
رضاکارانہ گرفتاری دینے والے اسد عمر اور ساتھیوں سے جیل مینول، قانون کے مطابق برتائو ہونا چاہیے، میں اپنے شوہر کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں۔
اسد عمر کے اہل خانہ نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے گرفتاری دینے کے بعد ان کے کس مقام پر قید رکھا گیا، بتانے سے گریز کیا جا رہا تھا۔ حکومت کو قانون کے مطابق رضاکارانہ گرفتاری دینے والوں سے مجرموں جیسے برتائو کی اجازت نہیں نہ ہی حبس بے جا میں رکھنے کا کوئی جواز ہے۔
عدالت سے رجوع سیاسی انتقام کی تاریخ رکھنے والی حکومت سے درست معلومات لینے کیلئے کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جیل بھرو تحریک کے آغاز پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے رضا کارانہ طور پر لاہور سے گرفتاری پیش کی تھی جس میں ان کے ساتھ سینیٹر اعظم سواتی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ کارکن بھی شامل تھے۔
جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے والے تحریک انصاف کے تمام اسیر رہنماؤں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے میانوالی اور دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک شروع ہونے کے بعد آج پارٹی رہنمائوں سمیت 90 کارکنوں نے گرفتاریاں دی ہیں۔
Advertisement





