وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا اپنی حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) سے متعلق کہنا ہے کہ یہ تو چند اضلاع کی جماعت ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ضرورت ہیں۔
اوورسیز کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی، مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے جنرل الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے یہی نہیں گلگت بلتستان میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے عمران خان کو پاکستان کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد ہماری حکومت کے دوران تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، ہم اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے۔
وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دباؤ کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، یاد رکھیں کہ اپنے ملک کو مضبوط رکھنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ملک میں اندرونی چیلنجرز کا سامنا ہے، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم مل کر کسی بھی بھی مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسدعمر پہلی حکومتی شخصیت نہیں ہیں جنہوں نے مسلم لیگ ق سے متعلق ایسا کہا ہے چند روز قبل وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اپنے بیان میں کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک جماعت جس کی 5 سیٹیں ہیں وہ وزارت اعلیٰ کے لیے بلیک میل کر رہی ہے۔
ان کے اس بیان پر مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یاد رکھیں اپنے زمانہ طالب علمی میں ان کے دادا سے پیسے لیتے رہے ہیں جس پر بعد میں شیخ رشید نے وضاحت بھی کر دی تھی کہ وہ اس بات کا اس تناظر میں ذکر نہیں کر رہے تھے بلکہ یہ بات تو وہ اپنی تصنیف کردہ کتب میں بھی لکھ چکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/asdii1h1h11.jpg
Advertisement





