Advertisement

اردن میں ایران کے میزائل حملے میں 2 امریکی فوجی ہلاک

HNhxXMqawAAY-TI


امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اردن میں ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔


سینٹکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 17 جولائی کو اردن میں تعینات امریکی سینٹرل کمانڈ اور اس کے اتحادی دستے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیوں میں مصروف تھے کہ اس دوران 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک امریکی فوجی تاحال لاپتا ہے۔



بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اردن کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا، جبکہ معمولی زخمی دیگر اہلکاروں کا بھی طبی معائنہ کیا گیا اور وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔


سینٹکام کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ان کے اہل خانہ کو باضابطہ اطلاع دیے جانے کے 24 گھنٹے بعد جاری کی جائے گی۔


دوسری جانب گزشتہ روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع امریکی الازرق ایئر بیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں بیس پر موجود 2 فائٹر جیٹس، 3 امریکی طیارے، فائٹر جیٹ شیلٹرز اور پارکنگ ریمپ کو تباہ کر دیا گیا۔


ادھر روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے سے قبل امریکی فوجیوں کا الازرق ایئر بیس سے انخلا نہیں کرایا گیا تھا۔ تاہم امریکی حکام نے ایرانی دعوؤں میں کیے گئے طیاروں اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی آزادانہ تصدیق نہیں کی ہے۔