- Joined
- Feb 4, 2013
- Posts
- 519
- Reaction score
- 528
- Points
- 0
لوگ خوش ہیں کہ جعلی ڈگری والے امیدواروں کو سزا ہو رہی ہے۔ہر روز کوئی نہ کوئی اندر ہو رہا ہے۔
لوگوں کو جعلی ڈگری سے اتنیکد نہیں جتنی انہیں ارکان اسمبلی سے نفرت ہے۔ وہ تو دعا کرتے ہیں کہ جانے والی اسمبلی کے تمام ارکان کو سزا ہو جائے۔سارے کے سارے بندی ہو جائیں۔ پاکستانی تاریخ کی اس سب سے گندی اسمبلی نے پورا ملک گوانتانا موبنادیا۔ لوگوں کی دعا ہے کہ کوئی کرامات ہو جائے، اور جانے والی اسمبلی کے سارے ارکان کو سزا ہو جائے۔ تین تین سال قید کی نہیں، اس سے بڑی، عمر قید۔ بلکہ عمر قید سے بھی بڑی !
لیکن لوگ یہ بھی سوچتے ہیں کہیں یہ سب بھی کسی ڈرامے کا حصہ تو نہیں۔ جب سے ملک بنا ہے، جاگیردار جرنیل عدلیہ گٹھ جوڑنے عوام سے انتقام لیا ہے۔ اب عدلیہ اس گٹھ جوڑ سے باہر ہے لیکن لوگوں کو پور ایقین نہیں آرہا۔ اس لئے کہ اب بھی بڑے مجرموں کو بچایا جا رہا ہے۔ سال ڈیڑھ پہلے کی بات ہے، پنجاب بنک سکینڈل میں ارب ہا ارب روپے کی چوری پر ایک شہزادہ صاحب کو پکڑا گیا۔ اسے عارضی جیل ہوئی لیکن کیسی؟ حکم ہوا کہ اسے ریسٹ ہاؤس میں بند رکھا جائے۔ شہزادہ صاحب صبح سے دن ڈھلے تک ریسٹ ہاؤس میں اپنا دفتر اور دربار لگاتا تھا، شام کو گھر چلا جاتا تھا۔ یہ تھی قید۔ پھر یہ قید بھی ختم ہوئی اور مقدمے کا بھی کچھ پتہ نہیں چلا کہ کیا ہوا۔اب شہزادہ صاحب سنا ہے کہ لندن کے ’’خفیہ ‘‘ جزیرے میں بھی سرمایہ کاری کر چکاہے۔
حاجیوں کی جیب کٹی۔ مولانا کاظمی یا تو چھوٹے مجرم تھے یا صرف ساتھ دینے کے قصور وار، بس قید ہوگئے۔ اصل ملزم ر
ہا ہیں اور بظاہر انہیں کوئی خطرہ بھی نہیں۔
یہ تو سال ڈیڑھ پہلے کی بات ہے۔ تازہ ماجرا ہے کہ آئین سے دوبار اور ملک سے ان گنت غداریوں کا مرتکب پاکستان آیا اور آتے ہی اس کی ضمانتیں ہوگئیں چک شہزاد میں اس کا گھر (جو لوٹ کی کمائی سے بنایا گیا) بحق سرکار ضبط ہو چکا تھا، دھڑلّے سے یہ تاریخ ساز مجرم اسلام آباد ایئرپورٹ اترا اور سیدھا جا کر اس گھر پر قابض ہوگیا۔ کیا ثابت ہوا۔ یہی کہ یہ مجرم خود سرکار ہے، بحق سرکار ضبط ہونے کا مطلب یہی ہوا کہ حق اسی کا تھا۔
بگٹی قتل کیس، لال مسجد قتل کیس وغیرہ تو مقدمے ہیں لیکن عافیہ کو اغوا کرنے اور اسے امریکہ کے ہاتھ بیچنے کا اس پر کوئی مقدمہ نہیں۔ ہزاروں دوسرے پاکستانیوں کو اغوا اور لاپتہ کرنے اس پر کوئی مقدمہ نہیں۔ اس نے اربوں کی کرپشن خود کی، کھربوں کی اس کے ساتھیوں نے کی۔ کہیں کوئی مقدمہ نہیں۔ اس نے ڈرون حملے کروائے، خود بمباریاں کرائیں، پاکستان کے اڈّے اور تنصیبات دشمن ملک کے حوالے کیں۔ کہیں کوئی مقدمہ نہیں۔ اس نے 12مئی کرایا، کوئی مقدمہ نہیں،12مئی پر بھنگڑا کیا اور رقص بدمستی سرعام کیا۔ کہیں کوئی مقدمہ نہیں۔ اربوں کی جائیداد کے مالک ’’فادر آف کرپشن‘‘ نے اقرار کیا کہ اس نے تین سال سے کوئی انکم ٹیکس نہیں دیا، اس کا بھی کوئی مقدمہ نہیں۔لوگ خوش ہیں کہ لسانی نفرتیں پھیلانے والا جعلساز جمشید دستی بھی پکڑا گیا۔ یہ وہی دستی ہے جس کی جیت پر سب سے بھاری نے جلسہ عام میں عدلیہ کا مذاق اڑایا تھا اور جٹ چڑھیا کچہری کا بے تکا گیت بے سرے طریقے سے گایا تھا۔ بہت اچھا ہوا لیکن دستی پر آسانی سے ہاتھ ڈالنے کی وجہ کہیں یہ تو نہیں کہ وہ جاگیردار نہیں۔ کیا وجہ ہے کہ راجہ رینٹل پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالا گیا۔ اس کی کھربوں روپے کی رینٹل جعلسازی جمشید دستی کی جعلسازی سے کروڑوں گنا بڑی اور ظالمانہ جعلسازی ہے۔ اور پھر یہ جو کچھ ہو رہا ہے، کہیں اس کے اندر سے بنگلہ دیش ماڈل برآمد کرنے کی کوشش تو نہیں جارہی؟
_______________________
بھٹو کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے زرداری نے بالواسطہ شکوہ کیا کہ انہیں بہت سی باتوں کا کریڈٹ نہیں دیا جا رہا۔ ان کے الفاظ تھے، ہمیں کسی اور بات پر کریڈٹ بے شک نہ دو لیکن جمہوری تسلسل کا کریڈٹ ضرور دو۔ مطلب یہی نکلا کہ اور باتوں کا کریڈٹ نہیں دیا جا رہا۔
جہاں تک جمہوری تسلسل کا کریڈٹ دینے کی بات ہے، وہ انہیں بالکل نہیں جاتا۔ وہ تو ’’این آر او‘‘ کی دو طرفہ افہام تفہیم کو جاتا ہے۔ ظاہر ہے، این آر او یک طرفہ معاملہ نہیں تھا۔ کچھ لو اور کچھ دو کا سمجھوتہ تھا۔ حکومت کو سب کچھ لوٹ لینے کی کھلی چھوٹ ایسے ہی تو نہیں دے دی گئی تھی سینکڑوں ارب روپے کی کرپشن، قرضوں کی مہیب معافی، ملک پر قرضوں میں تاریخ ساز اضافہ۔ اداروں کی تباہی، ملک کی بربادی، اس سب کی کھلی چھوٹ۔ اس کے بدلے میں آپ نے بھی تو کچھ دیا تھا۔
باقی باتوں کا کریڈٹ البتہ حکومت ہی کو جاتا ہے۔ ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ کسی نے ان کارناموں کا کریڈٹ حکومت کو دینے میں کوئی بخل کیا ہویاکسی او رکو دینے کی گستاخی کی ہو۔
یہ شکوہ سمجھ میں نہیں آسکا۔ کون ہے جو20گھنٹے روزانہ کی لوڈشیڈنگ کا کریڈٹ حکومت کو نہیں دے رہا۔ کون ہے جو ضروریات زندگی کو ضرورت مندوں کی پہنچ سے دور کرنے کے کارنامے کا کریڈٹ حکومت کے بجائے کسی اور کو دے رہا ہے۔ کراچی کو لاشیں بنانے کی فیکٹری کا کریڈٹ حکومت کو دینے سے کس نے انکار کیا ہے۔ پی آئی اے سے لے کر پاکستان سٹیل تک اور ریلوے سے لے کر ہر بڑے ادارے کی تباہی کا کریڈٹ حکومت کے علاوہ کسی اور کو دینے کا ظلم کون کر سکتا ہے ۔اسی طرح بہت ہی ’’نابینا‘‘ شخص ہوگا جو حاجیوں سے کئے گئے سلوک کا کریڈٹ کسی اور سلوک کار کو دے۔ غرض زمینوں پر قبضوں سے لے کر کمیشن والے سودوں تک جتنے بھی کارنامے ہیں، عوام ہو یا میڈیا،ان سب کا کریڈٹ سبھی حکومت کو ہی دے رہے ہیں۔ ذرا بھی تو ناانصافی نہیں کی گئی، پھر بھی یہ شکوہ!
بلاول نے اپنی تقریر میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے پاپا کا طاقت آپ کے سوچ سے بھی زیادہ طاقتور ہیں‘‘۔ یہ بتانے کی چنداں ضرورت نہیں تھی۔ ہر ایک کو پتہ ہے کہ18کروڑ آباد ی والے اور تین لاکھ مربع میل پر پھیلے ہوئے ملک کو تباہ کرنا کسی عام ’’طاقت‘‘ کے بس کی بات نہیں، یہ کارنامہ تو وہی طاقت کر سکتی ہے ’’جس کا طاقت سب کے سوچ سے بھی زیادہ طاقتور ہیں۔‘‘
_______________________
سپریم کورٹ نے کراچی پولیس کی اس رپورٹ پر برہمی ظاہر کی ہے کہ کراچی میں کوئی نوگوایریا نہیں۔
کراچی پولیس کی رپورٹ درست ہے، سپریم کورٹ نے پتہ نہیں برہمی دکھائی۔
غور فرمائیں۔ کراچی نوگو ایریا میں ہے۔ کراچی میں نوگو ایریا نہیں۔ کراچی پولیس نے نکتے کی بات کنائے میں بتا دی۔نوگو ایریا کی پولیس ہے۔ کھل کر کیسے بتاتی!
_______________________
ایک خبر ہے کہ بعض ناگفتی وجوہات کی بناء پر الطاف حسین کے لئے کوئی دشواری پیدا ہوئی تو متحدہ کی قیادت پرویز مشرف کو ملنے کا امکان ہے۔
ہو سکتا ہے، آخر سابق سیکٹر کمانڈر ہے۔ لیکن دیکھا یہی گیا ہے کہ جو ایک بار سابق ہوا، پھر لوٹ کر نہیں آیا۔ مشرف کی ’’سابقیت‘‘ کا مشاہدہ اس کی کراچی آمد پر سب نے کیا۔ متحدہ نے صرف200افراد استقبال کے لئے بھیجے۔ گریڈ میں اتنے درجے کمی کے بعد ایک دم اسے ’’قائد‘‘ بنانا؟ بہت مشکل ہے لیکن کیا پتہ اس لئے کہ قابل احترام مقتدر لوگ جو بھی فیصلہ کریں، ماننا ہی پڑتا ہے۔ چاہے وہ لندن چلے جانے کا حکم دیں چاہے کرسی کسی کے لئے خالی کرنے کو کہہ دیں۔
http://naibaat.pk/?p=44698c
Last edited by a moderator:





